۲۶۔ سورۃ الشعراء

تفسیر صغیر, حصہ 16

اور میں اس کام پر تم سے کوئی اجر نہیں مانگتا، میرا اجر صرف رب العالمین (خدا) کے ذمہ ہے۔

(اے لوگو) پیمانہ پورا (بھر کر) دیا کرو اور (دوسروں کو) نقصان پہنچانے والے مت بنو۔

اور سیدھی ڈنڈی سے تولا کرو۔

اور لوگوں کو ان کی چیزیں (ان کے حق سے) کم نہ دیا کرو، اور ملک میں ہرگز[1] فساد نہ کیا کرو۔

[1] عربی زبان کا قاعدہ ہے کہ جب کسی فعل کے بعد اس کے مطابق معنی حال کو لایا جائے تو اس کے معنے زور دینے کے ہوتے ہیں اور اردو میں اس کا ترجمہ ’’ہرگز‘‘ یا ’’بالکل‘‘ سے کیا جائے گا۔ کیونکہ لفظی ترجمہ بے معنے ہو جاتا ہے۔ چنانچہ اس آیت کا لفظی ترجمہ یہ ہوگا کہ زمین میں فساد کرتے ہوئے سخت فساد نہ کیا کرو۔ اور ظاہر ہے کہ یہ معنے درست نہیں لیکن جب ’’ہرگز اور بالکل‘‘ سے اس کا ترجمہ کیا جائے تو صحیح ترجمہ ہو جائے گا اور یوں بنے گا کہ ملک میں بالکل یا ہرگز فساد نہ کیا کرو۔

اور جس نے تم کو اور تم سے پہلی مخلوقات کو پیدا کیا ہے اس کا تقویٰ اختیار کرو۔

(اس پر اس کی قوم نے) کہا تو تو ایسا (شخص) ہے جسے غذا [2]دی جاتی ہے۔

[2] یعنی حضرت شعیب علیہ السلام پر بھی اور حضرت موسیٰ علیہ السلام پر بھی جیسا کہ دوسری آیتوں سے ثابت ہے اور اسی طرح کئی دوسرے انبیاء پر وہی الزام لگایا گیا جو حضرت مرزا صاحب کے دشمنوں نے آپ پر لگایا تھا کہ آپ کو انگریز روپیہ دے کر کام کرواتے تھے ورنہ دل سے وہ اپنے عقائد کے قائل نہ تھے۔ حضرت شعیب علیہ السلام کو ان کے دشمنوں نے یہی کہا ہے کہ تجھ کو کوئی شخص یا جماعت روپیہ دے دے کر ان باتوں پر اکسا رہی ہے ورنہ تو دل سے ان باتوں کو نہیں مانتا۔

اور تو صرف ہماری طرح کا ایک انسان ہے اور ہم یقیناً تجھے کاذب سمجھتے ہیں۔

پس اگر تو سچا ہے تو ہم پر کوئی بادل[3] کا ٹکڑا گرا۔

[3] سَمَآءٌ کے معنے عربی زبان میں بادل کے بھی ہیں اور آسمان کے بھی۔ آج کل ہندو پاکستان میں اس قسم کے عذاب کثرت سے آرہے ہیں اور بارشیں ہیں کہ تھمتی ہی نہیں۔

(اس پر شعیب نے) کہا، میرا رب تمہارے اعمال کو خوب جانتا ہے۔

مگر (اس کے سمجھانے کے باوجود) انہوں نے اس کو جھٹلایا پس ان کو سایہ کے دن والے عذاب نے آپکڑا (یعنی گھنے اور دیرپا بادلوں کے عذاب نے) وہ یقیناً ایک بڑے بھاری دن کا عذاب تھا۔

اس واقعہ میں ایک بڑا نشان تھا اور (اسے دیکھ کر بھی) ان کافروں میں سے اکثر مومنوں میں شامل نہ ہوئے۔

اور تیرا رب یقیناً غالب (اور) باربار کرم کرنے والا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی