۲۶۔ سورۃ الشعراء
تفسیر صغیر, حصہ 3
(موسیٰ نے) کہا، آسمان اور زمین اور جو کچھ ان دونوں کے درمیان ہے ان کا رب۔ اگر تم میں یقین کرنے کی خواہش ہے۔
(اس پر) فرعون نے اپنے ارد گرد کے لوگوں سے کہا۔ کیا تم سنتے نہیں (کہ موسیٰ کیا کہتا ہے)۔
(موسیٰ نے اپنے پہلے بیان کی تشریح کرتے ہوئے) جواب دیا۔ وہی جو تمہارا بھی رب ہے اور تمہارے پہلے باپ دادوں کا بھی رب تھا۔
(اس پر فرعون) بولا (اے لوگو)! تمہارا وہ رسول جو تمہاری طرف بھیجا گیا ہے ضرور پاگل[1] ہے۔
[1] یہ مطلب نہیں کہ میں سوال اور کرتا ہوں اور وہ جواب اور دیتا ہے۔ بلکہ مطلب یہ ہے کہ موسیٰ (علیہ السلام) اس بات کے کہنے سے نہیں ڈرتا جس کے خلاف میں اظہار کر چکا ہوں اور یہ جنون کی علامت ہے۔
(موسیٰ نے سمجھ لیا کہ وہ بات ٹلانا چاہتا ہے اور) کہا (رب العالمین) وہی ہے جو مشرق کا بھی رب ہے اور مغرب کا بھی (رب ہے) اور جو کچھ ان کے درمیان ہے (ان کا بھی رب ہے) بشرطیکہ تم عقل سے کام لو۔
(اس پر) فرعون نے (طیش میں آکر) کہا[2]، اگر میرے سوا تو نے کوئی اور معبود بنایا تو میں تجھے قید کر دوں گا۔
[2] کیونکہ اگر فرعون اس موقعہ پر یہ کہتا کہ میں بھی ایسا ہی ہوں تو خود اس کی قوم جو ستارہ پرست تھی اس سے بگڑ جاتی۔
اس (یعنی موسیٰ) نے کہا، کیا اس صورت میں بھی کہ میں کوئی (حقیقت حال کو) کھول دینے والی چیز تیرے پاس لے آؤں (یعنی معجزہ)۔
(اس پر) فرعون نے کہا۔ اگر تو سچا ہے تو لے بھی آ۔
پس اس (یعنی موسیٰ) نے اپنا عصا زمین پر دھر دیا تو اچانک (اہل فرعون نے دیکھا کہ) وہ ایک صاف صاف نظر آنے والا ازدھا ہے۔
اور اس نے اپنا ہاتھ (اپنی بغل سے) نکالا تو سب دیکھنے والوں نے اچانک دیکھا کہ وہ بالکل سفید ہے۔
اس پر فرعون نے اپنے اردگرد کے سرداروں سے کہا یہ تو کوئی بڑا واقف کار جادوگر ہے۔
یہ چاہتا ہے کہ اپنے جادو کے ذریعہ سے تم کو تمہارے ملک سے نکال دے۔ پس بتاؤ تم کیا مشورہ دیتے ہو۔