۲۶۔ سورۃ الشعراء

تفسیر صغیر, حصہ 4

انہوں نے کہا، اس کو اور اس کے بھائی کو (کچھ دن) ڈھیل دے اور مختلف شہروں[1] کی طرف آدمی بھجوا جو (قابل آدمیوں کو) جمع کر سکیں۔

[1] فِی الْمدَآئِنِ میں فِیْ بمعنے اِلٰی ہے۔ چنانچہ لغت میں لکھا ہے مُرَادِفَۃُ اِلٰی نَحْوَ فَرَدُّوْا اَیْدِیَـھُمْ فِیْ اَفْوَاھِھِمْ اَیْ اِلَیْھَا یعنی فِیْ بعض اوقات اِلٰی کے معنوں میں بھی آجاتا ہے جیسے آیت فَرَدُّوْا اَیْدِیَھُمْ فِیْ اَفْوَاھِھِمْ میں ہے۔

(اور) ہر بڑے جادو گر اور بڑے جاننے والے کو تیرے پاس لے آئیں۔

اس پر سب جادوگر ایک معلوم دن پر جمع کیے گئے۔

اور لوگوں سے کہا گیا۔ کیا تم سب (ایک مقصد پر) اکٹھے ہونے کے لئے تیار ہو (کہ نہیں)۔

تا اگر جادو گر غالب ہو جائیں تو ہم ان کے کہنے پر چلیں۔

پس جب جادوگر آگئے، تو انہوں نے فرعون سے کہا کہ اگر ہم غالب ہوئے تو کیا ہمیں کوئی انعام بھی ملے گا؟

(فرعون نے) کہا ہاں! بلکہ اس صورت میں تم (دربار میں) مقربین میں جگہ پاؤ گے۔

اس پر موسیٰ نے ان سے کہا جو تدبیر[2] تم نے کرنی ہے کرلو۔

[2] اِلْقَآء کے معنے اس طرح پھینکنے کے ہوتے ہیں کہ دوسرے اسے دیکھنے لگ جائیں۔ پھر عام استعمال میں صرف پھینکنے کے معنے رہ گئے (دیکھئے مفردات) پس اِلْقَآء کے معنے اصل میں یہی ہیں کہ جو کچھ دل میں ہے اسے سامنے لے آؤ تا کہ سب دیکھیں۔

اس پر انہوں نے اپنی رسیاں اور اپنے سونٹے (میدان میں نکال کر) رکھ دیے اور کہا، فرعون کے اقبال کی قسم، ہم ضرور غالب آئیں گے۔

تب موسیٰ نے بھی اپنا عصا دے مارا۔ تو اچانک وہ ان کے جھوٹوں کو ملیا میٹ کرنے لگا۔[1]

[1] دیکھئے نوٹ سورۂ اعراف آیت۱۱۸۔ نیز سورۂ اعراف میں ہم نے اس آیت کا اور ترجمہ کیا ہے اس جگہ اور۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ دونوں معنے حقیقتاً ایک ہی ہیں۔

تب جادوگر (خدا کے سامنے) سجدہ میں گرا دیئے گئے۔

(اور) انہوں نے کہا، ہم رب العالمین پر ایمان لاتے ہیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی