۲۶۔ سورۃ الشعراء
تفسیر صغیر, حصہ 5
جو موسیٰ اور ہارون کا رب ہے۔
اس پر فرعون (جھنجھلا کر) بولا کہ کیا میرے حکم دینے سے پہلے تم ایمان لے آئے ہو؟ یہ (شخص) یقیناً تمہارا کوئی سردار ہے جس نے تمہیں جادو سکھایا ہے پس عنقریب تم (اپنا انجام) معلوم کر لو گے میں تمہارے ہاتھوں اور پیروں کو (اپنی) خلاف ورزی کی وجہ سے کاٹ دوں گا اور تم سب کو صلیب پر لٹکا دوں گا۔
انہوں نے کہا (اس میں) کوئی حرج نہیں آخر کار ہم اپنے رب کی طرف ہی لوٹ کر جانے والے ہیں۔
ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارا رب ہمارے گناہ اس وجہ سے معاف کر دے گا کہ ہم سب سے پہلے ایمان لانے والوں میں سے بن گئے۔
اور ہم نے موسیٰ کی طرف وحی کی کہ میرے بندوں کو راتوں رات لے جا تمہارا پیچھا کیا جائے گا۔
اس پر فرعون نے شہروں کی طرف جمع کرنے والے آدمی بھجوائے۔
(یہ کہتے ہوئے) کہ یہ لوگ (یعنی بنی اسرائیل) تو ایک تھوڑی سی جماعت ہیں۔
باوجود اس کے وہ ہم کو غصہ دلا رہے ہیں۔
اور ہم ایک (بڑی) جماعت ہیں جو بہت محتاط ہیں (پس ہمیں ان کا مقابلہ کرنا چاہیئے)۔
تب ہم نے ان (یعنی فرعون اور اس کی جماعت) کو باغوں اور چشموں سے نکال دیا (یعنی محروم کر دیا)
اور چشموں اور خزانوں اور عزت والے ملک سے (بھی)
ایسا ہی ہوا۔ اور ہم نے ان (چیزوں) کا وارث[1] بنی اسرائیل کو کر دیا۔
[1] مطلب یہ ہے کہ بنی اسرائیل کو اس جگہ لے گئے جہاں یہ سب چیزیں میسر تھیں۔ باغ، چشمے، خزانے اور اعلیٰ درجہ کا ملک (یعنی فلسطین) ورنہ بنی اسرائیل واقعۂ فرعون کے بعد مصر کے حاکم نہیں ہوئے۔