۲۶۔ سورۃ الشعراء
تفسیر صغیر, حصہ 6
پھر صبح کے وقت وہ (یعنی فرعون اور اس کی قوم کے لوگ بنی اسرائیل کو روکنے کے لئے) ان کے پیچھے چل پڑے۔
پھر جب دونوں گروہ ایک دوسرے کے سامنے ہوئے تو موسیٰ کے ساتھیوں نے کہا، ہم تو پکڑے گئے۔
(موسیٰ نے) جواب دیا، ہرگز ایسا نہیں ہوگا میرا رب میرے ساتھ ہے اور وہ مجھے کامیابی کا رستہ دکھائے گا۔
تب ہم نے موسیٰ کی طرف وحی کی کہ اپنے سونٹے کو سمندر پر مار، جس پر (سمندر) پھٹ گیا اور اس کا ہر ٹکڑا ایک بڑے ٹیلے کی طرح نظر آنے لگا۔
اور اس وقت ہم دوسرے گروہ (یعنی فرعون کے گروہ) کو قریب لے آئے۔
اور موسیٰ اور اس کے ساتھیوں کو نجات دی۔
اور دوسرے گروہ کو ہم نے غرق کر دیا۔
اس (واقعہ) میں ایک بڑا نشان ہے لیکن ان (منکروں) میں سے اکثر مانتے نہیں۔
اور تیرا رب یقیناً غالب (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
اور ان کو ابراہیم کا واقعہ پڑھ کر سنا۔
جبکہ اس نے اپنے باپ اور اپنی قوم سے کہا تم کس چیز کی عبادت کرتے ہو؟
انہوں نے کہا ہم بتوں کی پرستش کرتے ہیں اور ان کے آگے بیٹھے رہتے ہیں۔