۲۷۔ سورۃ النمل

تفسیر صغیر, حصہ 3

اور میں نے اس کو اور اس کی قوم کو اللہ کے سوا سورج کے آگے سجدہ کرتے دیکھا اور شیطان نے ان کے عمل ان کو خوبصورت کرکے دکھائے ہیں اور ان کے سچے راستہ سے روک دیا ہے جس کی وجہ سے وہ ہدایت[1] نہیں پاتے۔

[1] اس کے یہ معنے نہیں کہ شیطان لوگوں کو زبردستی ہدایت سے روکتا ہے۔ بلکہ جیسا کہ ہم کئی بار پہلے لکھ چکے ہیں شیطان کے معنے عربی زبان میں حق سے دور رہنے والے اور دور کرنے والے کے بھی ہیں اور اس جگہ یہی مراد ہے کہ حق سے دور رہنے والوں اور دور کرنے والے لوگوں نے ان کی نظر میں وہ خلاف شریعت اور خلاف عقل امور جن سے فطرت صحیحہ متنفّر ہوتی ہے اچھے کرکے دکھائے۔

(اور مصر ہیں) کہ اللہ کو سجدہ نہ کریں جو کہ آسمانوں اور زمین کی ہر پوشیدہ تقدیر کو ظاہر کرتا ہے اور جو کچھ تم چھپاتے اور ظاہر کرتے ہو ان (تدبیروں) کو بھی جانتا ہے۔

(حالانکہ) اللہ وہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں (وہ) ایک بڑے تخت کا مالک ہے۔

(اس پر سلیمان نے) کہا کہ ہم دیکھیں گے کہ تو نے سچ بولا ہے یا تو جھوٹوں میں سے ہے۔

تو میرا یہ خط لے جا اور اسے ان کے (یعنی سبا کی قوم کے) سامنے پھینک دے پھر (ادب سے) پیچھے ہٹ (کر کھڑا ہو) جا اور دیکھ کہ وہ کیا جواب دیتے ہیں۔

(جب اس نے ایسا کیا) تو وہ (ملکہ) بولی۔ اے میرے درباریو! میرے سامنے ایک معزز خط رکھا گیا ہے۔

(جس کا مضمون یہ ہے کہ) یہ خط سلیمان کی طرف سے ہے اور اس میں بتایا گیا ہے کہ اللہ جو بے انتہا رحم کرنے والا (اور) باربار کرم کرنے والا ہے، اس کے نام سے ہم شروع کرتے ہیں۔

(اور کہتے ہیں) کہ ہم پر زیادتی نہ کرو اور ہمارے حضور میں فرمانبردار بن کر حاضر ہو جاؤ۔

پھر اس (ملکہ) نے کہا۔ اے سردارو! میرے معاملہ میں اپنی پختہ رائے دو۔ کیونکہ میں کبھی کوئی فیصلہ نہیں کرتی۔ جب تک کہ تم میرے پاس حاضر نہ ہو (اور مشورہ نہ دے لو)

(درباریوں نے) کہا ہم بڑی طاقت والے ہیں اور بڑے جنگجو ہیں اور (آخری) معاملہ آپ کے ہاتھ میں ہے پس غور کر لیں کہ آپ کیا حکم دینا چاہتی ہیں (ہم اس کی اتباع کریں گے)

اس نے کہا کہ جب بادشاہ کسی ملک میں داخل ہوتے ہیں تو اسے تباہ کردیتے ہیں اور اس کے باشندوں میں سے معزز لوگوں کو ذلیل کر دیا کرتے ہیں اور وہ اسی طرح کرتے چلے آئے ہیں۔

اور (میں نے فیصلہ کیا ہے کہ) میں ان کی طرف ایک تحفہ[1] بھیجوں گی۔ پھر دیکھوں گی کہ میرے ایلچی کیا جواب لے کر واپس آتے ہیں۔

[1] پرانے زمانے میں بادشاہوں کا قاعدہ تھا کہ وہ زیادہ زبردست بادشاہوں کا منہ رشوت سے بند کیا کرتے تھے جب بلقیس کے تحفے حضرت سلیمان علیہ السلام کو پہنچے تو انہوں نے سمجھا کہ اس نے مجھے ایسا ہی بداخلاق قرار دیا ہے اور اس کے اس فعل پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی