۲۷۔ سورۃ النمل

تفسیر صغیر, حصہ 4

پھر جب وہ تحفہ سلیمان کے سامنے لاکر رکھا گیا تو اس نے کہا کیا تم مال کے ذریعہ سے میری مدد کرنا چاہتے ہو (اگر یہ بات ہے تو یاد رکھو کہ) اللہ نے جو کچھ مجھے دیا ہے وہ اس سے بہت بہتر ہے جو تم کو دیا ہے اور (معلوم ہوتا ہے کہ) تم اپنے تحفہ پر بڑے نازاں ہو۔

(اے ہدہد)! تو ان کی طرف لوٹ جا اور (ان سے کہدے کہ) میں ایک بڑے لشکر کے ساتھ ان کے پاس آؤں گا ایسا لشکر کہ اس کے مقابلہ کی ان کو طاقت نہ ہوگی اور میں ان کو اس (ملک) سے (مفتوح ہونے کے بعد) ایسی حالت میں نکال دوں گا کہ (وہ بادشاہت کی)[1] عزت کھوچکے ہوں گے۔

[1] ھُمْ صَاغِرُوْنَ یعنی جب وہ بادشاہت کی عزت کو کھو بیٹھیں گے۔

(اس کے بعد) اس نے (اپنے درباریوں سے مخاطب ہو کر) کہا۔ اے درباریو! تم میں سے کون اس کے تخت کو میرے پاس لے آئے گا پیشتر اس کے کہ وہ (لوگ) فرمانبردار ہو کر میری خدمت میں حاضر ہوں۔

(پہاڑی قوموں میں سے) ایک سرکش سردار[2] نے کہا۔ آپ کے (اس) مقام سے جانے سے پہلے میں وہ (عرش) لے آؤں گا اور میں اس بات پر بڑی قدرت رکھنے والا (اور) امانت دار ہوں۔

[2] قَالَ عِفْرِیْتٌ مِّنَ الْجِنِّ کے الفاظ قرآن مجید میں ہیں اور اس سے مراد پہاڑی قوموں کے افراد میں سے ایک سردار ہے۔

(اس پر) اس شخص [3]نے جس کو (الٰہی) کتاب کا علم حاصل تھا کہا کہ میں تیرے پاس اس (تخت) کو تیرے آنکھ جھپکنے سے پہلے لے آؤں گا۔ پس جب (سلیمان نے) اس کو پاس رکھا ہوا دیکھا تو اس نے کہا۔ یہ میرے رب کے فضل کی وجہ سے ہوا ہے تا کہ وہ مجھے آزمائے کہ میں شکر کرتا ہوں یا ناشکری کرتا ہوں اور جو شکر کرے وہ اپنی جان کے فائدہ کے لئے ایسا کرتا ہے اور جو ناشکری کرے تو یقیناً میرا رب بے نیاز (اور) بڑی سخاوت کرنے والا ہے۔

[3] چونکہ ملک یہود کا تھا اس لئے عبرانی عالم کو یقین تھا کہ یہودی میرے لئے بہت جلد کام کریں گے پس اس نے عفریت سے پہلے عرش لانے کا وعدہ کیا اور کہا کہ میں تخت کو فوراً حاضر کردوں گا۔ مختلف زبانوں میں آنکھ جھپکنے کا محاورہ جلدی پر دلالت کرتا ہے اور اسے لفظی نہیں قرار دیا جاتا۔ یہاں بھی انہیں معنوں میں استعمال ہوا ہے۔

(پھر) اس نے کہا اس (ملکہ) کے لئے اس کا عرش حقیر[1] کرکے دکھاؤ (ہم دیکھیں گے کہ) کیا وہ ہدایت پاتی ہے یا ان لوگوں میں سے بنتی ہے جو ہدایت نہیں پاتے۔

[1] یعنی ایسا تخت بناؤ جو اس کے تخت سے بھی اعلیٰ ہو۔ الفاظ قرآنی نَکِّرُوْا کے ہیں جس کے معنے نکرہ کر دینے کے ہیں۔ یعنی وہ چیز خاص نظر نہ آئے عام ہو جائے۔ یعنی ایسا تخت بناؤ کہ ملکہ کا تخت اس کے مقابلہ پر اسے ایک عام چیز نظر آئے۔ (دیکھئے اقرب)

پس جب وہ آگئی تو کہا گیا، کیا تیرا تخت ایسا ہی ہے؟ اس پر اس نے کہا۔ کہ یوں معلوم ہوتا ہے یہ وہی ہے اور ہم کو اس سے پہلے ہی علم حاصل ہو چکا تھا اور ہم (تیرے) فرمانبردار بن چکے تھے۔

اور سلیمان نے ملکہ کو اللہ کے سوا پرستش کرنے سے روکا۔ وہ یقیناً کافر قوم میں سے تھی۔

اور اسے کہا گیا کہ محل میں داخل ہو جاؤ۔ پس جب اس نے اس (محل) کو دیکھا تو اس کو گہرا پانی سمجھا اور گھبرا گئی۔ تب سلیمان نے کہا یہ تو محل ہے جس میں شیشہ کے ٹکڑے لگائے گئے ہیں۔ تب وہ (ملکہ) بولی۔ اے میرے رب! میں نے اپنی جان پر ظلم کیا اور میں سلیمان کے ساتھ رب العالمین خدا پر ایمان لاتی ہوں۔[2]

[2] یعنی سلیمان علیہ السلام کی اس تدبیر سے کہ پانی پر شیشے کی سلیں لگا دی گئی تھیں۔ وہ اپنی غلطی سمجھ گئی۔ کہ جس طرح شیشے کے نیچے پانی نظر آتا ہے اسی طرح سورج کا نور خدا سے ہے۔ اس لئے سورج کو پوجنا غلطی ہے اور خداتعالیٰ ایک ہی ہے۔

اور ہم نے ثمود کی طرف ان کے بھائی صالح کو ضرور رسول بنا کر بھیجا تھا، (یہ کہتے ہوئے) کہ اللہ کی عبادت کرو۔ پس وہ (سنتے ہی) دو گروہ ہو گئے جو آپس میں جھگڑنے لگے۔

اس (صالح) نے کہا، اے میری قوم! تم خوشحالی کے آنے سے پہلے خراب حالی کے لئے کیوں جلدی کرتے ہو کیا تم خدا سے اپنے گناہوں پر استغفار نہیں کرتے تا کہ تم پر رحم کیا جائے۔

انہوں نے کہا (اے صالح) ہم نے (جتنا سوچا ہے) تجھے اور تیرے ساتھیوں کو منحوس ہی پایا[1] ہے۔ صالح نے کہا تمہاری نحوست کا سبب تو اللہ کے پاس ہے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ تم ایک ایسی قوم ہو جس کو آزمائش میں ڈالا گیا ہے۔

[1] یعنی تم لوگ اپنی قوم کے لئے کسی ترقی کا نہیں بلکہ تباہی کا موجب ہوگے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی