۲۷۔ سورۃ النمل

تفسیر صغیر, حصہ 5

اور شہر میں نو آدمی[2] تھے جو ملک میں فساد کرتے تھے۔ اور اصلاح نہیں کرتے تھے۔

[2] رَھْطٌ کے معنے قبیلہ یا عدد کے ہوتے ہیں۔ اس جگہ چونکہ قبیلہ کے معنے نہیں ہو سکتے ہیں اس لئے عدد کے معنے لگیں گے۔

انہوں نے کہا تم سب اس پر اللہ کی قسم کھاؤ کہ ہم اس کے اور اس کے گھر والوں پر رات کے وقت حملہ کریں گے پھر جو بھی اس کے خون کا مطالبہ[3] کرنے آئے گا ہم اس سے کہیں گے کہ ہم نے اس کے اہل کی ہلاکت (کے واقعہ) کو نہیں دیکھا اور ہم سچے ہیں۔

[3] قرآن مجید میں وَلِیٌّ کا لفظ ہے اور وَلِیٌّ کے معنے ایسے شخص کے ہوتے ہیں جو کسی کے کاموں ں کا ذمہ وار اور اس کا مددگار ہوتا ہے۔ اسی طرح جو شخص کسی کی موت کے بعد اس کے قتل کے بدلہ کا مطالبہ کرے اس کو بھی عربی میں وَلِیٌّ کہتے ہیں۔ کیونکہ ایسا شخص اس کا مددگار ہوتا ہے۔

اور انہوں نے ایک تدبیر کی اور ہم نے بھی ایک تدبیر کی اور وہ جانتے نہیں تھے۔

پھر دیکھ کہ ان کی تدبیر کا نتیجہ کیا نکلا۔ ہم نے ان کو اور ان کی قوم کو سب کو تباہ کرکے رکھ دیا۔

پس (دیکھ) یہ ان کے گھر ہیں جو ان کے ظلموں کی وجہ سے گرے ہوئے ہیں۔ اس میں علم والی قوم کے لئے بڑا نشان ہے۔

اور ہم نے ان لوگوں کو جو ایمان لائے اور تقویٰ کرتے تھے نجات دی۔

اور (ہم نے) لوط کو (بھی رسول بنا کر بھیجا) جبکہ اس نے اپنی قوم سے کہا کیا تم بدیاں کرتے ہوں اور تم دیکھ رہے ہوتے ہو۔

کیا تم عورتوں کو چھوڑ کر مردوں کے پاس شہوت کی نیت سے آتے ہو حقیقت یہ ہے کہ تم ایک جاہل قوم ہو۔

پس اس قوم کا جواب صرف یہ تھا کہ (اے لوگو) لوط کے خاندان کو اپنے شہر سے نکال دو۔ وہ ایسے لوگ ہیں جو بڑا نیک بننا چاہتے ہیں۔

نتیجہ[1] یہ ہوا کہ ہم نے اس (لوط) کو اور اس کے خاندان کے لوگوں کو سوائے اس کی بیوی کے نجات دی۔ ہم نے اس (بیوی) کو پیچھے [2]رہنے والوں میں گن چھوڑا تھا۔

[1] فـاء کے معنے ’’اور‘‘ کے بھی ہیں، پس کے بھی، اور ’’نتیجہ‘‘ کے بھی ہوتے ہیں۔

[2] یعنی وہ اپنے اعمال کی وجہ سے نظر آتی تھی کہ پیچھے رہ جائے گی۔

اور ہم نے ان پر ایک بارش برسائی اور جن کو عذاب کا پیغام پہنچ چکا ہو، ان کی بارش بہت بری ہوتی ہے۔

تو کہہ دے ہر تعریف کا اللہ (ہی) مستحق ہے اور اس کے وہ بندے جن کو اس نے چن لیا ہو ان پر ہمیشہ سلامتی نازل ہوتی ہے۔ کیا اللہ بہتر ہے یا وہ چیزیں جن کو وہ (اس کا) شریک قرار دیتے ہیں؟

·

آج 10 میں سے 10 باقی