۲۷۔ سورۃ النمل

تفسیر صغیر, حصہ 6

(بتاؤ تو) آسمانوں اور زمین کو کس نے پیدا کیا ہے؟ اور (کس نے) تمہارے لئے بادل[3] سے پانی اتارا ہے پھر اس (پانی) کے ذریعہ سے ہم نے خوبصورت باغ نکالے ہیں تم ان باغوں کے درخت نہیں اگا سکتے تھے۔ کیا اللہ کے ساتھ اور بھی معبود ہے؟ (جو سب کائنات عالم کا انتظام کر رہا ہے) لیکن یہ (کافر) ایسی قوم ہیں جو اس کے شریک[4] بنا رہے ہیں۔

[3] سَمَآءٌ کے معنے آسمان کے علاوہ بادل کے بھی ہوتے ہیں (اقرب)

[4] عَدَلَ بِرَبِّہٖ کے معنے ہوتے ہیں اَشْرَکَ (اقرب) یعنی شریک قرار دیا۔

(بتاؤ تو) کس نے زمین کو ٹھہرنے کی جگہ بنایا ہے؟ اور اس کے بیچ میں دریا چلائے ہیں اور اس کے (فائدہ کے) لئے پہاڑ بنائے ہیں اور دو سمندروں[1] کے درمیان (جن میں سے ایک میٹھا اور ایک کھاری ہوتا ہے) ایک روک بنائی ہے۔ کیا اللہ کے سوا کوئی اور معبود ہے؟ لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان میں سے اکثر جانتے نہیں۔

[1] تفصیل کے لئے دیکھئے نوٹ سورۂ فرقان آیت۵۴۔

(نیز بتاؤ تو) کون کسی بے کس کی دعا سنتا ہے۔ جب وہ اس (خدا) سے دعا کرتا ہے اور (اس کی) تکلیف کو دور کر دیتا ہے اور وہ تم (دعا کرنے والے انسانوں) کو (ایک دن) ساری زمین کا وارث بنا دے گا۔ کیا (اس قادر مطلق) اللہ کے سوا کوئی معبود ہے؟ تم بالکل[2] نصیحت حاصل نہیں کرتے۔

[2] قَلِیْل کا لفظ عربی زبان کے محاورہ میں کلی نفی کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے۔ اردو میں بھی کہتے ہیں ’’تم مانتے تھوڑا ہی ہو‘‘؟ جس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ تم بالکل نہیں مانتے۔

(بتاؤ تو) خشکیوں اور سمندروں کی مصیبتوں میں کون تم کو نجات کی راہ دکھاتا ہے اور کون اپنی رحمت (یعنی بارش) سے پہلے خوش خبری کے طور پر ہواؤں کو بھیجتا ہے کیا اللہ کے سوا کوئی اور معبود ہے؟ اللہ تمہاری شرک کی باتوں سے بہت بلند ہے۔

(بتاؤ تو کہ) وہ جو پہلی دفعہ پیدا کرتا ہے اور پھر (پیدائش کے) سلسلہ کو جاری کرتا ہے اور جو بادلوں اور زمین سے تمہیں رزق دیتا ہے۔ کیا (اس قادر مطلق) اللہ کے سوا کوئی اور معبود بھی ہے؟ تو کہہ دے کہ اگر تم سچے ہو تو اپنی دلیل پیش کرو (کہ اس کے ثانی اور بھی ہیں)

(پھر تو) کہہ دے کہ آسمانوں اور زمین میں جو مخلوق بھی ہے خدا کے سوا (ان میں سے کوئی) غیب کو نہیں جانتی اور ان میں سے کوئی یہ بھی نہیں سمجھتا کہ ان کو کب زندہ کرکے اٹھایا جائے گا۔

بلکہ حقیقت یہ ہے کہ اخروی زندگی کے بارہ میں ان کا علم بالکل ختم ہو گیا ہے بلکہ وہ اس کے بارہ میں شک میں پڑے ہوئے ہیں۔ بلکہ وہ اس کے بارہ میں بالکل اندھے ہیں۔

اور کافر کہتے ہیں کہ کیا جب ہم اور ہمارے باپ دادے مٹی ہو جائیں گے تو کیا ہم پھر (زمین سے) زندہ کرکے نکالے جائیں گے۔

ہم اور ہمارے باپ دادوں سے اس سے پہلے بھی ایسا ہی وعدہ کیا گیا تھا۔ مگر یہ صرف پہلے لوگوں کی باتیں ہیں (جو کبھی پوری نہیں ہوتیں)

تو کہہ دے کہ زمین میں پھرو اور دیکھو کہ مجرموں کا انجام کیسا ہوا تھا۔

اور تو اُن پر غم نہ کھا۔ اور اُن کی تدبیروں کی وجہ سے تنگی محسوس نہ کر۔

اور وہ کہتے ہیں اگر تم سچے ہو تو یہ (عذاب کا) وعدہ کب پورا ہوگا؟

·

آج 10 میں سے 10 باقی