۲۸۔ سورۃ القصص
تفسیر صغیر, حصہ 3
پس اس نے ان دونوں کی خاطر (جانوروں کو) پانی پلایا۔ پھر ایک سایہ کی طرف ہٹ گیا۔ پھر کہا اے میرے رب! اپنی بھلائی میں سے جو کچھ تو مجھ پر نازل کرے میں اس کا محتاج ہوں۔
اس کے بعد ان دونوں لڑکیوں میں سے ایک چلتی ہوئی آئی اور وہ شرما رہی تھی اور اس نے کہا میرا باپ تجھے بلاتا ہے تا کہ تجھے ہماری جگہ پر (جانوروں کو) پانی پلانے کا اجر عطا کرے۔ پس جب وہ اس (یعنی لڑکیوں کے باپ) کے پاس آیا اور اس کے آگے (اپنا) سارا واقعہ بیان کیا تو اس نے کہا ڈر نہیں، تو اب ظالم قوم کے پنجہ سے نجات پا گیا ہے۔
اس پر ان (دونوں لڑکیوں) میں سے ایک نے کہا، اے میرے باپ! اس کو تو ملازم رکھ لے کیونکہ جن کو تو ملازم رکھے ان میں سے بہتر شخص وہی ہوگا جو مضبوط[1] بھی ہو اور امانت دار بھی۔
[1] وہ لڑکیاں اجنبی تھیں پھر یہ تعریف موسیٰ کی انہوں نے کیوں کی۔ اس کا جواب یہ ہے کہ بہت سے چرواہوں کو ہٹا کر چشمہ سے جانوروں کو پہلے پانی پلا دینا مضبوط لوگوں کا کام ہے۔ پھر پانی پلانے کے بعد ایک طرف سائے میں جا بیٹھنا اور لڑکیوں سے کسی شکریہ کی امیدنہ رکھنا ایک امانت دار آدمی کا کام ہے۔ یہ دونوں باتیں دیکھ کر لڑکی نے صحیح نتیجہ نکالا۔
تب وہ شخص بولا (اے موسیٰ) میں چاہتا ہوں کہ اس شرط پر اپنی ان دو بیٹیوں میں سے ایک کا تجھ سے نکاح کر دوں کہ تو آٹھ سال تک میری خدمت کرے پس اگر تو (آٹھ کے عدد کی جگہ پر) دس کے عدد سے اپنے وعدہ کو مکمل کر دے تو یہ تیرا احسان ہوگا اور میں تجھ پر کوئی بوجھ ڈالنا نہیں چاہتا۔ اگر اللہ نے چاہا تو تو مجھے نیک معاملہ کرنے والوں میں سے پائے گا۔
(اس پر موسیٰ نے) کہا، یہ بات میرے اور تیرے درمیان پختہ ہوگئی۔ ان دونوں مدتوں میں سے جو بھی میں پوری کروں مجھ پر کوئی الزام نہیں ہوگا اور جو کچھ ہم کہتے ہیں، اللہ اس پر گواہ ہے۔
جب موسیٰ نے وقت مقررہ کو پورا کر لیا اور اپنے گھر والوں کو لے کے چلا تو اس نے طور کی طرف سے ایک آگ دیکھی (اور) اپنے گھر والوں سے کہا تم یہاں ٹھہرو، میں نے ایک آگ[2] دیکھی ہے، شاید میں وہاں سے تمہارے لئے کوئی (ضروری) خبر لاؤں یا کوئی آگ کا انگارہ لاؤں تاکہ تم سینکو۔
[2] دیکھئے نوٹ سورۂ نمل آیت۸۔
پھر جب وہ اس (آگ) کے پاس پہنچا، تو مبارک مقام کے ایک مبارک [1]حصہ کی طرف سے ایک درخت کے پاس سے اسے پکارا گیا کہ اے موسیٰ میں اللہ ہوں سب جہانوں کا رب۔
[1] اَ یْمَنْ کے معنے بھی مبارک کے ہیں۔ مراد یہ ہے کہ وہ وادی بھی مبارک تھی اور درخت کے قریب کی زمین جہاں سے آواز آئی وہ بھی مبارک تھی کیونکہ اس جگہ خداتعالیٰ کی پیدا کردہ تجلی موسیٰ علیہ السلام نے دیکھی۔
اور یہ کہ تو اپنا عصا پھینک دے۔ پس جب اس نے اُس (عصا) کو حرکت کرتے ہوئے دیکھا گویا کہ وہ ایک چھوٹا سانپ[2] ہے، وہ پیٹھ پھیر کر بھاگا اور پیچھے مڑ کر نہ دیکھا (تب اسے کہا گیا) اے موسیٰ! آگے بڑھ اور ڈر نہیں تو سلامتی پانے والے لوگوں میں سے ہے۔
[2] دیکھئے نوٹ سورۂ نمل آیت۱۱
(اور) اپنے ہاتھ کو اپنے گریبان میں ڈال، وہ بغیر کسی بیماری کے سفید نکلے گا اور اپنے بازو کو خوف کی وجہ سے (زور سے) کھینچ کر (اپنے جسم سے) ملالے یہ دو دلیلیں (علاوہ دوسری دلیلوں کے) ہیں جو فرعون اور اس کے درباریوں کی طرف تیرے رب کی طرف سے بھیجی گئی ہیں کیونکہ وہ اطاعت سے نکلنے والے لوگ ہیں۔
(موسیٰ نے) کہا، اے میرے رب! میں نے فرعون کی قوم میں سے ایک شخص کو قتل کیا تھا۔ پس میں ڈرتا ہوں کہ وہ مجھے قتل نہ کر دیں (اور تیرا پیغام [3]نہ پہنچ سکے)۔
[3] یعنی ڈر کی وجہ جان کا خوف نہیں، بلکہ پیغام نہ پہنچ سکنے کا خوف ہے۔
اور میرا بھائی ہارون بات کرنے میں مجھ سے زیادہ فصیح ہے۔ پس اس کو میرے ساتھ مددگار کے طور پر بھیج۔ تا کہ وہ میری تصدیق کرے۔ میں ڈرتا ہوں کہ وہ میری تکذیب نہ کریں۔
فرمایا، ہم تیرے بھائی کے ساتھ تیرے بازو کو مضبوط کریں گے اور تم دونوں کے لئے غلبہ کے سامان پیدا کریں گے۔ پس وہ تم تک نہیں پہنچ سکیں گے تم دونوں اور جو تم دونوں کے متبع ہوں گے ہماری آیات کے ذریعہ سے غالب ہونگے۔