۲۸۔ سورۃ القصص

تفسیر صغیر, حصہ 4

پس جب موسیٰ ہماری کھلی کھلی آیتیں لے کر آیا تو فرعون کے لوگوں نے کہا، یہ تو ایک فریب ہے جو بنا لیا گیا ہے۔ ہم نے اپنے باپ دادوں سے ایسی بات کبھی نہیں سنی۔

اور موسیٰ نے کہا، میرا رب اس کو جو اس کی طرف سے ہدایت لائے خوب جانتا ہے اور اس کو بھی جس کا انجام اچھا ہو۔ حق یہ ہے کہ ظالم کبھی کامیاب نہیں ہوتے۔

اور فرعون نے کہا۔ اے درباریو! مجھے اپنے سوا تمہارا کوئی معبود معلوم نہیں۔ پس اے ہامان! میرے لئے گیلی مٹی پر آگ جلا (یعنی اینٹیں بنوا) پھر میرے لئے ایک قلعہ[1] تیار کر۔ شاید اس پر چڑھ کر میں موسیٰ کے خدا کو معلوم کرلوں۔ اور میں تو اس کو جھوٹوں میں سے سمجھتا ہوں۔

[1] اہل مصر کا عقیدہ تھا کہ آسمانی روحیں اونچے مقامات پر اُترتی ہیں۔ اس لئے وہ روحانی کسب کمال کے لئے اونچی عمارتیں بناتے تھے۔ اہرام مصر اسی عقیدہ کی یادگار ہیں۔

اور اس نے بھی اور اس کے لشکروں نے بھی ملک میں بغیر کسی حق کے تکبر سے کام لیا اور خیال کیا کہ وہ ہماری طرف لوٹا کر نہیں لائے جائیں گے۔

پس ہم نے اس کو بھی اور اس کے لشکروں کو بھی پکڑ لیا اور ان کو سمندر[2] میں پھینک دیا۔ پس دیکھ کہ ظالموں کا انجام کیسا ہوا؟

[2] یَمّ کے معنے عام طور پر لوگ دریا کے کرتے ہیں۔ مگر تاریخوں سے پتہ لگتا ہے کہ موسیٰ علیہ السلام اور فرعون بحیرہ احمر جہاں وادیٔ سینا سے ملتا ہے وہاں سے گذرے تھے۔ پس ہم نے یَمّ کے معنے سمندر کے کیے ہیں اور لغت میں بھی اس کے معنے سمندر کے لکھے ہیں۔ (دیکھئے اقرب)

اور ہم نے ان (فرعونیوں) کو سردار بنایا تھا جو (اپنی سرداری کے غرور میں) لوگوں کو دوزخ کی طرف بلاتے تھے اور قیامت کے دن ان کی کوئی مدد نہیں کی جائے گی۔

اور اس دنیا میں بھی ہم نے ان پر لعنت بھیجی اور قیامت کے دن بھی وہ بدحال لوگوں میں سے ہوں گے۔

اور ہم نے موسیٰ کے بعد اس کے کہ ہم نے پہلی قوموں کو ہلاک کر دیا تھا، کتاب بخشتی۔ اس کی تعلیم لوگوں کو روحانی بینائی بخشتی تھی۔ اور وہ ہدایت اور رحمت کا موجب تھی (اور) اس غرض سے (دی گئی تھی) کہ وہ نصیحت حاصل کریں۔

اور تو (طور کے) مغربی جانب نہیں تھا جب ہم نے موسیٰ کے سپرد (رسالت کا) کام کیا تھا[1] اور نہ تو (اس وقت) گواہوں میں سے ایک گواہ تھا۔

[1] اس موقعہ پر وہ مشہور پیشگوئی موسیٰ علیہ السلام کو بتائی گئی تھی جس میں محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر ہے۔ اسی کی طرف اشارہ ہے کہ تو اس وقت نہیں تھا تو پھر تو نے موسیٰ علیہ السلام سے پیشگوئی کس طرح کروائی؟

لیکن ہم نے بہت سی قوموں کو پیدا کیا۔ پس ان پر [2]عمر لمبی ہو گئی (اور وہ اپنی پیشگوئیوں کو بھول گئے) اور تو اہل مدین[3] کے ساتھ بھی نہیں رہتا تھا کہ ان کے سامنے ہمارے نشانات پڑھ کر سناتا۔ لیکن ہم ہی رسول[4] بھیجنے والے ہیں۔

[2] یعنی موسٰیؑ کی پیشگوئیوں کے باوجود یہودیوں کا انکار اس وجہ سے ہے کہ ان کی عمر لمبی ہو گئی۔ یعنی حضرت موسیٰ علیہ السلام کے بعد بڑی لمبی مدت گزر گئی ہے اور یہ لوگ ان پیشگوئیوں کو بھول گئے ہیں۔

[3] مدین کی طرف دوبارہ جاتے ہوئے موسیٰ علیہ السلام نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشگوئی کی تھی اس لئے دوبارہ مدین کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

[4] یعنی موسٰیؑ کی کتاب میں تیری پیشگوئیاں ہیں جو اس وجہ سے کہ تو موسٰیؑ کے بہت بعد پیدا ہوا ہے ایک بیّن ثبوت ہے کہ وہ خدا کی طرف سے ہیں تیرے کہنے پر موسٰیؑ نے ایسی پیشگوئیاں نہیں کیں اور نہ جب موسٰیؑ مدین گیا تو ُتو اس وقت اس کے پاس تھا۔ پس اب جو تجھے نبوت ملی ہے کسی سمجھوتہ کی وجہ سے نہیں ملی بلکہ خدا کی طرف سے ملی ہے اور خدا ہی رسول بھیجا کرتا ہے۔

اور تو طور کی جانب نہیں تھا۔ جب کہ ہم نے (موسیٰ کو) پکارا لیکن یہ سب کچھ تیرے رب کی طرف سے رحمت ہے تا کہ تو اس قوم کو ہوشیار کرے جن کے پاس تجھ سے پہلے کوئی ہوشیار کرنے والا نہیں آیا تھا تا کہ وہ نصیحت حاصل کریں۔[1]

[1] یعنی کفار مکہ کہ گو ابراہیمؑ کی نسل سے تھے مگر ابراہیمؑ ان سے صدیوں پہلے گذرے تھے۔ پس ضروری تھا کہ کوئی نیا نبی آکر ان کو خدا کی طرف توجہ دلائے۔

اور اگر یہ خیال نہ ہوتا کہ وہ اپنے اعمال کی وجہ سے کسی مصیبت کے آنے پر کہیں گے اے ہمارے رب! تو نے ہماری طرف کوئی رسول نہ بھیجا، تا کہ ہم تیری آیتوں کے پیچھے چلتے اور مومنوں میں سے بن جاتے (تو شاید ہم تجھے رسول بنا کر نہ بھیجتے مگر کفار پر حجت قائم کرنا ضروری تھا)

·

آج 10 میں سے 10 باقی