۲۸۔ سورۃ القصص

تفسیر صغیر, حصہ 5

پس جب ان کے پاس ہماری طرف سے حق آگیا تو انہوں نے کہا کیوں اس (یعنی محمد رسول اللہ) کو ویسی تعلیم نہیں ملی جیسی کہ موسیٰ کو ملی تھی۔ کیا انہوں نے موسیٰ کی تعلیم کا اس سے پہلے انکار نہیں کیا تھا؟ انہوں نے تو کہہ دیا تھا کہ یہ دو بڑے جادو گر ہیں جو ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں اور کہہ دیا تھا کہ ہم ان میں سے ہر ایک کے دعویٰ کے منکر ہیں۔

تو کہہ دے کہ (اگر موسیٰ اور ہارون اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سب کی باتیں جھوٹی ہیں تو) اگر تم سچے ہو تو اللہ کے پاس سے ایک ایسی کتاب لاؤ جو ان دونوں کتابوں سے زیادہ ہدایت دیتی ہو تا کہ میں اس کی اتباع کروں۔

پھر اگر وہ کوئی جواب نہ دیں، تو جان لے کہ وہ صرف اپنی خواہشوں کی پیروی کر رہے ہیں اور اس سے زیادہ کون گمراہ ہے جو اللہ کی ہدایت کو نظر انداز کرکے اپنی خواہش کے پیچھے چلتا ہے اللہ یقیناً ظالم قوم کو کامیابی کا راستہ نہیں دکھاتا۔

اور ہم ان کے لئے پے در پے وحی اتارتے رہے تاکہ وہ نصیحت حاصل کریں۔

وہ لوگ جن کو ہم نے اس (قرآن) سے پہلے کتاب دی تھی وہ اس (قرآن) پر (دل میں) ایمان رکھتے ہیں۔[1]

[1] یعنی وہ لوگ جو اپنی کتاب کی پیشگوئیوں کی معرفت رکھتے اور انہیں سچا سمجھتے ہیں۔

اور جب وہ (قرآن) ان کے سامنے پڑھا جاتا ہے تو وہ کہتے ہیں ہم اس پر ایمان لاتے ہیں۔ یہ ہمارے رب کی طرف سے برحق کلام ہے ہم تو اس دن سے پہلے ہی مسلمان تھے۔

ان لوگوں کو ان کا بدلہ ان کے صبر[2] کی وجہ سے دو [3]دفعہ ملے گا اور وہ نیکی سے بدی کا مقابلہ کرتے ہیں اور جو کچھ ہم نے ان کو دیا ہے اس کو خرچ کرتے ہیں۔

[2] صَبَرُوْا یعنی وہ پہلی تعلیم یعنی تورات پر بھی قائم رہے اور قرآن مجید پر بھی ایمان لائے۔

[3] یعنی اس دنیا میں بھی اور اگلے جہان میں بھی۔

اور (یہودیوں میں سے مسلمان ہونے والے جب) کوئی لغو[4] بات سنتے ہیں تو اُس سے اعراض کرتے ہیں اور کہتے ہیں اے کافرو ہمارے عمل ہمارے لئے ہیں اور تمہارے عمل تمہارے لئے ہیں۔ تم پر سلامتی نازل ہو (یعنی خدا تمہیں ایمان نصیب کرے) ہم جاہلوں سے تعلق رکھنا پسند نہیں کرتے۔

[4] یعنی مشرکین وغیرہ سے جب خدائی باتوں کے متعلق ہنسی ٹھٹھے کی بات سنتے ہیں۔

تو جس کو پسند کرے ہدایت[5] نہیں دے سکتا۔ لیکن اللہ جسے چاہے ہدایت دیتا ہے اور وہ ہدایت پانے والوں کو خوب جانتا ہے۔

[5] یعنی ہدایت زبردستی نہیں ٹھونسی جاتی۔ جو ہدایت قبول کرتا ہے اسے ہی ہدایت ملتی ہے۔ اس لئے اللہ نے جو دلوں کی باتوں کو جانتا ہے۔ ہدایت کا دینا اپنے ہاتھ میں رکھا ہے۔

اور وہ کہتے ہیں کہ اگر ہم اس ہدایت کی جو تجھ پر نازل ہوتی ہے اتباع کریں تو اپنے ملک سے اُچک[1] لیے جائیں گے (تو کہہ دے) کیا ہم نے ان کو محفوظ اور امن والے مقام میں جگہ نہیں دی۔ جس کی طرف ہر قسم کے پھل لائے جاتے ہیں۔ یہ ہماری طرف سے عطیہ ہے۔ مگر ان میں سے اکثر جانتے نہیں۔

[1] یعنی لوگ ہم کو ہلاک کر دیں گے۔

اور بہت سے بستیاں ہیں جن کو ہم نے ہلاک کیا جو اپنی معیشت (کے افراط) کی وجہ سے متکبر ہو گئی تھیں۔ پس (دیکھ) یہ ان کی بستیاں ہیں جن میں ان کے بعد کوئی نہیں[2] رہا اور ہم ہی ان کے وارث بنے۔

[2] یہاں قرآن مجید میں اِلَّا قَلِیْلًا کے لفظ ہیں مگر بتایا جا چکا ہے کہ لَا قَلِیْلًا وَّ لَا کَثِیْرًا کے معنے ہیں ’’بالکل نہیں۔‘‘

اور تیرا رب جب تک کسی مرکزی بستی میں ایسا رسول نہ بھیج دے جو ان کے سامنے ہماری آیتیں پڑھ کر سنائے ان بستیوں کے مجموعہ[3] (یعنی ملک) کو ہلاک کرنے کا ارتکاب نہیں کر سکتا تھا (کیونکہ یہ انصاف کے خلاف ہے) اور ہم بستیوں کو کبھی ہلاک نہیں کرتے سوائے اس کے کہ ان کے رہنے والے ظالم ہو جائیں۔

[3] اردو میں بستی کی جمع بستیاں بغیر خاص ضرورت کے نہیں آتی اور عربی میں بستیوں سے مراد ملک ہوتا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی