۲۸۔ سورۃ القصص

تفسیر صغیر, حصہ 6

اور جو کچھ تمہیں دیا جاتا ہے وہ تو صرف ورلی زندگی کا سامان ہے اور اس کی زینت ہے اور جو اللہ کے پاس ہے وہ بہتر اور باقی رہنے والا ہے۔ کیا تم عقل نہیں کرتے۔

کیا وہ شخص جس سے ہم نے اچھا (یعنی اُخروی زندگی کی کامیابی کا) وعدہ کیا ہو اور وہ اسے (یقیناً) پا لینے والا ہو اس شخص کی طرح ہو سکتا ہے جس کو ہم نے صرف دنیوی زندگی کا کچھ سامان دیا ہو۔ پھر وہ قیامت کے دن (خدا کے رُوبرو جواب دہی کے لئے) پیش کیا جانے والا ہو۔

اور (یاد کرو) جس دن وہ (اللہ) ان کو بلائے گا پھر پوچھے گا میرے وہ شرکاء کہاں ہیں جو تمہارے تصور نے بنا رکھے تھے جن کو تم میرے مقابل پر معبود قرار دیتے تھے۔

(تب) جن پر ہمارے عذاب کی خبر پوری ہو چکی[1] ہوگی کہیں گے اے ہمارے رب! یہ وہ لوگ ہیں جن کو ہم نے بہکایا تھا۔ ہم نے ان کو اسی طرح بہکایا تھا جس طرح ہم خود بہک گئے تھے۔ آج ہم تیرے پاس اپنی گمراہی سے برأت ظاہر کرتے ہیں۔ وہ لوگ ہمارے عبادت گزار نہیں تھے (بلکہ اپنے خیالوں کے پیچھے چلتے تھے)۔

[1] یعنی یا تو وہ موت کے بعد دوزخ میں جا چکے ہوں گے یا اس دنیا میں ان پر عذاب نازل ہو چکا ہوگا۔

اور کہا جائے گا، تم اپنے شریکوں کو بلاؤ، پس وہ ان کو بلائیں گے مگر وہ ان کا جواب نہ دیں گے اور (مشرک) مقررہ عذاب دیکھ لیں گے۔ کاش کہ وہ ہدایت پاجاتے۔

اور اس دن کو بھی یاد کرو جب خدا ان کو پکارے گا اور کہے گا تم نے رسولوں (کے وعظ) کا کیا جواب دیا تھا؟

پس اس دن ساری دلیلیں انہیں بھول جائیں گی اور وہ ایک دوسرے سے کوئی سوال نہ کر سکیں گے۔

پس جو کوئی توبہ کرے گا اور ایمان لائے گا اور مناسب حال عمل کرے گا قریب ہوگا کہ وہ بامراد لوگوں میں شامل ہوجائے۔

اور تیرا رب جو چاہتا ہے پیدا کرتا ہے اور جس کو چاہتا ہے چن لیتا ہے۔ ان کو اس بارہ میں کوئی اختیار حاصل نہیں۔ اللہ پاک ہے اور ان کی مشرکانہ باتوں سے بلند ہے۔

اور تیرا رب اس کو بھی جانتا ہے جس کو وہ سینہ میں چھپاتے ہیں اور اسے بھی جسے وہ ظاہر کرتے ہیں۔

اور حقیقت یہ ہے کہ اللہ کی ذات ایسی ہے کہ اس کے سوا کوئی معبود نہیں ابتدائے آفرینش میں بھی وہ تعریف کا مستحق تھا۔ اور آخرت میں بھی وہی تعریف کا مستحق ہوگا۔ سب بادشاہت اسی کے قبضہ میں ہے اور تم سب کو اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہوگا۔

تو (ان سے) کہہ، مجھے بتاؤ[1] تو سہی اگر اللہ تمہارے لئے قیامت کے دن تک رات کو لمبا کر دے تو اللہ کے سوا اور کون ہے جو تمہارے پاس روشنی لائے گا؟ کیا تم سنتے نہیں۔

[1] اَرَءَ یْتُمْ محاورہ ہے جس کے معنے ہیں مجھے خبر دو۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی