۲۹۔ سورۃ العنكبوت

تفسیر صغیر, حصہ 3

پس اس کی (یعنی ابراہیم کی) قوم کا جواب اس کے سوا کچھ نہ تھا کہ انہوں نے کہا اس کو قتل کر دو یا اس کو جلا دو (چنانچہ انہوں نے اس کو آگ میں ڈال دیا) مگر اللہ نے اس کو آگ سے بچا لیا، اس میں یقیناً مومن قوم کے لئے بڑے نشان ہیں۔

(ابراہیم نے) کہا، تم نے اللہ کے سوا بتوں سے تعلق قائم کر چھوڑا ہے (اور تمہارا یہ فعل) ورلی زندگی میں دوسرے مشرکوں سے محبت بڑھانے کے [1]لئے (ہے) پھر قیامت کے دن تم میں سے بعض بعض کا انکار کریں گے اور تم میں سے بعض بعض پر لعنت ڈالیں گے اور تمہارا ٹھکانا دوزخ ہوگا اور جن کو تم مددگار سمجھتے ہو ان میں سے کوئی تمہاری مدد کو نہ آئے گا۔

[1] یعنی تمہارا مذہب دلیل پر مبنی نہیں بلکہ اپنی قوم کے لوگوں کو اپنی طرف مائل کرنے کے لئے ہے۔ سچا دین ہمیشہ دلیلوں پر قائم ہوتا ہے۔ مگر کفار کے دین کی بنیاد اس بات پر ہوتی ہے کہ دنیا کے لوگ خوش ہو جائیں خواہ خداتعالیٰ ناراض ہی ہو جائے۔ لیکن اس کے نتیجہ میں اس دنیا میں بھی ایسا وقت آتا ہے کہ جن کو خوش کرنے کے لئے کافر سچائی کا انکار کرتے ہیں وہی ان کے مخالف ہو جاتے ہیں اور اگلے جہان میں بھی ایسا وقت آئے گا۔ اور یہ دنیا کے دوست اس وقت کوئی کام نہ دیں گے۔

اس (نصیحت) کے بعد لوط اُس پر ایمان لے آئے اور (ابراہیم نے) کہا، میں تو اپنے رب کی طرف ہجرت کرکے جانے والا[2] ہوں وہ یقیناً غالب (اور) بڑی حکمت والا ہے۔

[2] یعنی ہجرت کے ارادہ کا اعلان کر دیا۔

اور ہم نے اُسے اسحاق اور یعقوب بخشے، اور اُس کی ذریت کے ساتھ نبوت اور کتاب مخصوص کر دی اور ہم نے اس کو دنیا میں بھی اس کا اجر بخشا۔ اور آخرت[3] میں بھی وہ نیک بندوں میں شامل کیا جائے گا۔

[3] یہ جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کے متعلق کہا گیا ہے کہ اِنَّہٗ فِی الْاٰخِرَۃِ لَمِنَ الصَّالِحِیْنَ اس کے ایک معنے تو یہ ہیں کہ آخری زمانہ میں بھی ابراہیمؑ کو لوگ بہت نیک قرار دیں گے۔ چنانچہ اس آخری زمانہ میں بھی جو امتیں قائم ہیں وہ ساری کی ساری حضرت ابراہیم علیہ السلام کو مانتی ہیں۔ یعنی مسلمان بھی، یہودی بھی اور عیسائی بھی۔ دوسرے معنے اس کے یہ ہیں کہ ساعت ِ آخرت میں جو بُروزِ ابراہیمؑ ظاہر ہوگا وہ بھی خدا کے نزدیک اپنے کام کا اہل ہوگا۔ اور اس پر اعتراض کرنے والے غلطی کریں گے۔

اور لوط کو بھی (ہم نے رسول بنا کر بھیجا) جبکہ اس نے اپنی قوم سے کہا کہ تم ایک ایسی بدی کرتے ہو جس کا ارتکاب دنیا میں تم سے پہلے کسی نے نہیں کیا تھا۔

کیا تم (عورتوں کو چھوڑ کر) مردوں کے پاس آتے ہو اور ڈاکے مارتے ہو۔ اور اپنی مجالس میں ناپسندیدہ[1] حرکتیں کرتے ہو۔ اس پر اس کی قوم کا جواب اس کے سوا کچھ نہ تھا کہ انہوں نے کہہ دیا کہ اگر تو سچے لوگوں میں سے ہے تو اللہ کا عذاب ہم پر نازل کر دے۔

[1] یعنی مسافروں سے ہنسی مذاق کرتے یا ان پر ظلم کرتے ہو۔

اِس پر لوط نے کہا، اے میرے رب! مفسد قوم کے خلاف میری مدد کر۔

اور جب ہمارے رسول ابراہیم کے پاس بشارت[2] لائے۔ تو انہوں نے کہا۔ ہم اس بستی والوں کو ہلاک کرنے والے ہیں۔ کیونکہ اس کے باشندے ظالم ہیں۔

[2] آیت کے الفاظ یہ ہیں کہ ابراہیمؑ کے پاس ہمارے رسول بُشْرٰی لائے۔ اور اردو میں بُشْرٰی کا لفظ بشارت یعنی خوشخبری کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔ حالانکہ آگے چل کر انہوں نے خبر یہ دی ہے کہ ہم اس بستی کے لوگوں کو ہلاک کرنے والے ہیں۔ جو بظاہر ایک ُبری خبر ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ عربی زبان میں بُشْرٰی کے معنے ایک بڑی اور اہم خبر کے ہوتے ہیں۔ جس کا اثر چہرہ پر ظاہر ہو جائے۔ لازمی طور پر اچھی خبر کے لئے یہ لفظ استعمال نہیں ہوتا۔ پس چونکہ نبی نرم دل ہوتا ہے اور ابراہیم علیہ السلام کے لئے قرآن کریم میں خاص طور پر ذکر ہے کہ وہ بڑے نرم دل تھے۔ جب انہوں نے یہ سنا کہ لوطؑ کی بستی کے لوگ ہلاک ہو جائیں گے تو غم سے ان کے چہرہ کا رنگ متغیر ہو گیا۔ اس خیال سے بھی کہ اس بستی میں تو لوطؑ بھی ہے اور اس خیال سے بھی کہ اس بستی میں اور بہت سے لوگ بھی ہیں۔ چنانچہ بائبل میں آتا ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے خدا سے دعا کی کہ اے خدا! کیا تو نیکوں کی موجودگی میں بُروں کو ہلاک کر دے گا۔ اور فرمایا اگر اس میں پچاس نیک ہوں اور باقی ُبرے ہوں تو کیا ان پچاس کی خاطر تو ان باقیوں کو نہیں بچائے گا۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں الہام کیا کہ اے ابراہیم! اگر ان میں اتنے نیک ہوئے تو میں ان کی خاطر باقیوں کو بھی بچا لوں گا۔ آخر گِرتے گِرتے حضرت ابراہیم نے کہا کہ اگر دس نیک ہوں تو کیا دس کی خاطر دوسروں کو نہیں بچائے گا؟ اللہ تعالیٰ حضرت ابراہیمؑ کی ہر ایک بات کو مانتا گیا۔ آخر ابراہیم علیہ السلام سمجھ گئے کہ دس نیک بھی اس بستی میں موجودنہیں اور خاموش ہو گئے (پیدائش باب۱۸)
رُسُلُنَا۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ رُسُلُنَا سے مراد فرشتے ہیں کیونکہ انہوں نے کہا کہ ہم اس بستی کے لوگوں کو ہلاک کرنے والے ہیں۔ لیکن یہ درست نہیں۔ رسولوں سے مراد بعض نیک لوگ تھے جو خدا سے وحی پاکر پہلے حضرت ابراہیمؑ کے پاس اور پھر لوطؑ کے پاس آئے تھے۔ چند آیات پہلے یہ ذکر ہے کہ ابراہیمؑ نے کہا کہ میں اپنے وطن سے ہجرت کر جاؤں گا۔ اور تورات سے اور تاریخ سے بھی ثابت ہے کہ حضرت ابراہیمؑ اپنے وطن سے ہجرت کرکے فلسطین کے علاقہ میں آگئے اور لوطؑ بھی ان کے ساتھ تھے۔ پس وہ اس علاقہ میں اجنبی تھے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کی ڈھارس بندھانے کے لئے اس علاقہ کے کچھ لوگوں کو الہام کے ذریعہ ان کے پاس بھیجا تھا تاکہ عذاب کے وقت وہ اپنے آپ کو بے یارو مددگار نہ پائیں۔ اور حضرت لوطؑ کو کسی امن کی جگہ پر پہنچا دیں۔ فرشتہ بھی تو خود عذاب نہیں دیا کرتا۔ بلکہ خداتعالیٰ کے عذاب یا نجات کی خبر دیتا ہے۔ یہی حال انسانی ملہموں کا ہوتا ہے۔ پس آگے جو کچھ کہا گیا ہے۔ وہ ویسا ہی فرشتوں پر لگ سکتا ہے جیسا کہ آدمیوں پر اور مراد یہ ہے کہ اللہ کی خبر کے ماتحت ہم یہ خبر دیتے ہیں کہ لوطؑ اور اس کے اکثر اہل بیت بچ جائیں گے اور مخالف تباہ ہو جائیں گے۔

(ابراہیم نے جواب میں) کہا کہ اس (بستی) میں تو لوط بھی رہتا ہے انہوں نے کہا ہم اس (بستی) کے رہنے والوں کو خوب جانتے ہیں۔ ہم اس (یعنی لوط) کو اور اس کے گھر والوں کو سوائے اس کی بیوی کے جو پیچھے رہنے والوں میں شامل ہو جائے گی نجات دیں گے۔

اور جب ہمارے رسول لوط کے پاس آئے تو ان کی وجہ سے اُسے دُکھ پہنچا نیز اُن کی وجہ سے اس کا دل [1]تنگ ہو گیا۔ اور (اس کی اس حالت کو دیکھ کر ان پیغام لانے والوں نے) کہا۔ کسی (آئندہ) بات کا خوف نہ کر اور نہ کسی گزشتہ واقعہ پر افسوس کر۔ ہم تجھ کو اور تیرے گھر والوں کو سوائے تیری بیوی کے جو پیچھے رہنے والوں میں شامل ہوجائے گی، نجات[2] دینے والے ہیں۔

[1] سِیْٓءَ بِھِمْ وَضَاقَ بِھِمْ ذَرْعًا اس کے یہ معنے نہیں کہ مہمان نوازی کا خیال لوط علیہ السلام کو بُرا لگا۔ بلکہ مطلب یہ ہے کہ چونکہ لوطؑ کی قوم نے ان کو منع کیا تھا کہ وہ غیر معروف مسافروں کو گھر میں نہ لایا کریں۔ اس لئے حضرت لوط علیہ السلام کو یہ رسول دیکھ کر دکھ پہنچا اور ان کا دل تنگ ہوا کہ کہیں ایسا نہ ہو میری قوم مجھے مہمان نوازی سے روکے اور مہمانوں کو دکھ دے چنانچہ قرآن کریم میں آتا ہے اَوَلَمْ نَنْھَکَ عَنِ الْعٰلَمِیْنَ (الحجر: ۷۱) اے لوط! کیا ہم نے تجھے غیر معلوم مسافروں کے گھر میں لانے سے نہیں روکا ہوا؟ اس زمانہ میں شہر چھوٹے چھوٹے اور دور دور ہوتے تھے اور غیر معلوم مسافروں کے لانے سے ڈر ہوتا تھا کہ کہیں ڈاکہ نہ پڑے۔ خود لوطؑ کی بستی کے لوگ بھی ڈاکو تھے۔ اور دوسروں کو بھی اپنے جیسا سمجھتا تھے۔ حضرت لوط علیہ السلام چونکہ مہمان نواز تھے ان کی قوم ان کو اس بات سے روکتی تھی۔

[2] اِنَّا مُنَجُّوْکَ یہ درحقیقت خداتعالیٰ کا کلام ہے۔ قرآن کریم میں عربی قاعدہ کے مطابق انتشار ضمائر کثرت سے استعمال ہوتا ہے۔ یعنی غائب سے بدل کر حاضر کی ضمیر اور حاضر سے بدل کر غائب کی ضمیر استعمال ہوتی ہے۔ چنانچہ دیکھ لو کہ چند آیتیں نیچے فرماتا ہے ہم نے اس واقعہ کو نشان کے طور پر پچھلی قوموں میں چھوڑا اور اس سے اگلی آیت میں فرمایا کہ مدین کی طرف ہم نے ان کے بھائی شعیبؑ کو رسول کرکے بھیجا تھا۔ یہ دونوں آیتیں رسولوں کی طرف خواہ انہیں فرشتہ سمجھو یا انسان، منسوب نہیں ہو سکتیں، اللہ تعالیٰ ہی کی طرف منسوب ہو سکتی ہیں۔ پس ’’ہم تجھ کو نجات دینے والے ہیں‘‘ بھی خدا کا ہی کلام ہے۔

ہم اس بستی پر ان کی نافرمانی کی وجہ سے عذاب نازل کرنے والے ہیں۔

اور ہم نے اس بستی کے (واقعہ) کے ذریعہ سے ایک کھلی عبرت کا سامان عقل والے لوگوں کے لئے پیچھے چھوڑا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی