۲۹۔ سورۃ العنكبوت

تفسیر صغیر, حصہ 4

اور مدین کی طرف ہم نے ان کے بھائی شعیب کو رسول بنا کر بھیجا تھا (جب وہ آیا تو) اس نے کہا اے میری قوم! اللہ کی عبادت کرو اور اخروی زندگی کے وقت کو یاد رکھو اور ایسے مفسدانہ کام نہ کرو کہ ملک میں تمہارے کاموں کی وجہ سے فساد پھیل جائے۔

اس پر انہوں نے اس کو جھٹلا دیا۔ اور ایک ہلا دینے والے عذاب نے ان کو پکڑ لیا۔ جس کے نتیجہ میں وہ اپنے گھروں میں (زمین سے) چمٹے کے چمٹے رہ گئے۔

اور عاد کو بھی اور ثمود کو بھی (ہماری طرف سے ایک ہلا دینے والے عذاب نے پکڑ لیا) اور (اے اہل مکہ)! تم پر ان کی بستیوں کا حال ظاہر ہے اور شیطان نے ان کو ان کے عمل اچھے کرکے دکھائے[1] اور اس (شیطان) نے ان کو (اللہ کے) راستہ سے روکا۔ حالانکہ وہ خوب سمجھتے تھے۔

[1] یعنی وہ دیر تک بدعملیوں کے مرتکب رہے۔ یہاں تک کہ ان کو عادت ہو گئی اور وہ ان کو اچھی لگنے لگ گئیں۔

اور قارون اور فرعون اور ہامان کو بھی (ہم نے عذاب میں گرفتار کیا) اور موسیٰ ان کے پاس کھلے کھلے نشان لے کر آئے تھے۔ پھر بھی (وہ نہ مانے بلکہ) انہوں نے ملک میں متکبرانہ رویہ اختیار کیا اور (ہمارے عذاب سے) بھاگ کر بچ نہ سکے۔

پس ہم نے ان میں سے ہر ایک کو اس کے گناہ کی وجہ سے پکڑ لیا۔ سو ان میں سے کوئی تو ایسا تھا کہ ہم نے اس پر پتھروں کا مینہ برسایا اور کوئی ایسا تھا کہ اس کو کسی اور سخت عذاب نے پکڑ لیا۔ اور کوئی ایسا تھا کہ ہم نے اس کو ملک میں ذلیل کر دیا۔ اور کوئی ایسا تھا کہ ہم نے اسے غرق کر دیا۔ اور اللہ ان پر ظلم کرنے والا نہیں تھا، بلکہ وہ خود ہی اپنی جانوں پر ظلم کرتے تھے۔

ان لوگوں کا حال جنہوں نے اللہ کو چھوڑ کر اور دوست بنا لیے، مکڑی کا سا حال ہے، جس نے (اپنے لئے) ایک گھر تو بنایا لیکن گھروں میں سب سے کمزور گھر مکڑی کا ہی ہوتا ہے کاش! کہ یہ لوگ جانتے۔

اللہ ہر اس چیز کو جس کو یہ لوگ اس کے سوا پکارتے ہیں جانتا ہے اور وہ غالب (اور) حکمت والا ہے۔

اور یہ مثالیں ہیں جو ہم لوگوں کے لئے بیان کرتے ہیں۔ لیکن عالموں کے سوا کوئی ان کو اپنے پلے نہیں باندھتا۔

اللہ نے آسمانوں اور زمین کو خاص مقصد کے لئے پیدا کیا ہے۔ اس میں مومنوں کے لئے ایک بڑا نشان ہے۔

اس کتاب (یعنی قرآن) میں سے جو کچھ تیری طرف وحی کیا جاتا ہے اُسے پڑھ[1] (اور لوگوں کو پڑھ کر سنا) اور نماز کو (اس کی سب شرائط کے ساتھ) ادا کر۔ یقیناً نماز سب بری اور ناپسندیدہ باتوں سے روکتی ہے اور اللہ کی یاد یقیناً (اور سب کاموں سے) بڑی ہے اور اللہ تمہارے اعمال کو جانتا ہے۔

[1] تَـلَا کے معنے پڑھنے اور تَـلَا عَلَیْہِ کے معنے سنانے کے ہوتے ہیں۔ اور چونکہ عربی میں بعض دفعہ صِلہ حذف کر دیا جاتا ہے۔ اس لئے اس کے دونوں معنے کیے جا سکتے ہیں۔ پڑھنا بھی اور سُنانا بھی۔

اور اہل کتاب سے کبھی بحث نہ کرو مگر اعلیٰ اور مضبوط دلیل کے ساتھ۔ سوائے ان لوگوں کے جو ان میں سے ظلم کرنے والے ہوں (ان کو الزامی جواب دے سکتے ہو) اور ان سے کہو کہ جو ہم پر نازل ہوا ہے ہم اس پر بھی ایمان لاتے ہیں اور جو تم پر نازل ہوا ہے اس پر بھی۔ اور ہمارا خدا اور تمہارا خدا ایک ہے اور ہم اس کے فرمانبردار ہیں۔

اور اسی طرح ہم نے تجھ پر یہ مکمل کتاب اتاری ہے پس وہ لوگ جن کو ہم نے یہ کتاب دی ہے وہ اس پر ایمان لاتے ہیں اور ان لوگوں سے (یعنی اہل کتاب میں سے بھی) بعض اس پر ایمان لاتے ہیں اور ہماری آیتوں کا ضد کے ساتھ انکار صرف کافر ہی کرتے ہیں۔[1]

[1] کَافِر کے یہ معنے نہیں کہ مکہ والے لوگ، بلکہ کافر کا لفظ قرآن مجید میں اہل کتاب کے لئے بھی استعمال ہوا ہے۔ کافر کا صرف یہ مطلب ہے کہ انسان کسی صداقت کا انکار کرے۔ لازمی طور پر اس کے معنے مشرک کے نہیں (دیکھئے سورۃ بَیِّنَہ)

·

آج 10 میں سے 10 باقی