۳۰۔ سورۃ الروم

تفسیر صغیر, حصہ 3

اور اس کے نشانوں میں سے یہ بھی ہے کہ وہ تم کو بجلی، خوف اور طمع پیدا کرنے کے لئے دکھاتا ہے اور بادل سے پانی اتارتا ہے۔ پھر اس کے ذریعہ سے زمین کو اس کے مرجانے کے بعد زندہ کرتا ہے۔ اس میں عقل والے لوگوں کے لئے بڑے نشان ہیں۔

اور اس کے نشانوں میں سے آسمانوں اور زمین کا اس کے حکم سے کھڑا رہنا بھی ہے۔ پھر (اس کا یہ نشان بھی ظاہر ہوگا کہ) جب وہ تم کو زمین سے نکلنے کے لئے ایک آواز دے گا تو اچانک تم زمین سے نکلنے لگو گے۔

اور آسمانوں اور زمین میں (بسنے والے) تمام وجود اس کے فرمانبردار ہیں۔

اور وہ پیدائش (عالم) کو شروع بھی کرتا ہے اور پھر اس کو باربار دہراتا رہتا ہے اور یہ امر اس کے لئے بہت آسان ہے اور آسمانوں اور زمین میں اسی کی شان سب سے بالا ہے اور وہ غالب (اور) بڑی حکمت والا ہے۔

اس نے تمہارے سمجھانے کے لئے تمہاری ہی جنس کی ایک حالت بیان کی ہے (جو یہ ہے کہ) جن لوگوں کے تمہارے دائیں ہاتھ مالک ہوتے ہیں۔ کیا ان میں سے کوئی اس (مال) میں جو ہم نے تم کو دیا ہے تمہارا برابر کا شریک بھی ہوتا ہے اس طرح کہ تم سب (مالک و غلام) اس (مال و دولت) میں برابر ہو جاتے ہو اور ان (غلاموں) سے اس طرح ڈرتے ہو جس طرح تم اپنے[1] آپ سے ڈرتے ہو اسی طرح ہم عقل والی قوم کے لئے نشان کھول کھول کر بیان کرتے ہیں۔

[1] یعنی جس طرح اُن کو مال سپرد کرنے سے پہلے تم اپنے مال کے مالک تھے اور جتنا چاہتے تھے اپنی جان پر خرچ کر سکتے تھے۔ کیا تم اپنے غلاموں کو مال پر اتنا قبضہ بھی دیا کرتے ہو کہ پھر تم ڈرنے لگو کہ معلوم نہیں یہ ہمیں کچھ کھانے کو بھی دیں گے یا نہیں اور تمہارے قبضہ کی کوئی علامت باقی نہ رہتی ہو۔

بلکہ (حقیقت یہ ہے کہ) ظالم لوگ بغیر علم کے اپنی خواہشات کے پیچھے چل پڑے ہیں اور جس کو اللہ گمراہ کرے اسے کون ہدایت دے سکتا ہے (اور) ان (لوگوں) کا کوئی مددگار نہیں ہوگا۔

پس تو اپنی ساری توجہ دین کے لئے مخصوص کر دے ایسی صورت میں کہ تجھ میں کوئی کجی نہ [2]ہو (تو) اللہ کی (پیدا کی ہوئی) فطرت[3] کو اختیار کر (وہ فطرت) جس پر اللہ نے لوگوں کو پیدا کیا ہے۔ اللہ کی پیدائش میں کوئی تبدیلی نہیں ہو سکتی۔ یہی قائم رہنے والا دین ہے لیکن اکثر لوگ جانتے نہیں۔

[2] حَنِیْف کے معنے ہوتے ہیں جس میں کوئی کجی نہ ہو۔

[3] یعنی جس فطرت کے مطابق اللہ تعالیٰ نے انسان کو پیدا کیا ہے وہ ہمیشہ قائم رہے گی اور اس کو کوئی انسان بدل نہیں سکتا۔

(پس) تم سب اس (خدا) کی طرف جھکتے ہوئے دین فطرت اختیار کرو۔ اور اس کا تقویٰ اختیار کرو اور نماز کو اس کی شرائط کے ساتھ ادا کرو اور مشرکوں میں سے مت بنو۔

یعنی ان[4] (مشرک) لوگوں میں سے جنہوں نے اپنے دین کو پراگندہ کر دیا۔ اور (دین کو ٹکڑے ٹکڑے کرکے) مختلف فرقوں میں بٹ گئے اور ہر گروہ اس خیال سے خوش ہے کہ جو ٹکڑا ہم نے لیا ہے وہی بہتر ہے[5]۔

[4] مشرک چونکہ بتوں، فرشتوں، روحوں اور انسانوں میں سے مختلف معبود بناتے ہیں۔ اس لئے وہ کبھی ایک نقطہ پر جمع نہیں ہو سکتے۔ ایک نقطہ پر صرف موحد جمع ہو سکتے ہیں جس طرح وہ لوگ جو اپنے آپ کو مختلف حکومتوں کا باشندہ کہیں اکٹھے نہیں ہو سکتے۔ اکٹھے ہونے کے لئے ضرورت ہے کہ ایک حکومت کا اپنے آپ کوcitizen یعنی شہری قرار دیں۔

[5] جیسا کہ آج کل کے نام نہاد علماء کرتے ہیں۔

اور جب انسانوں کو کوئی تکلیف پہنچے تو وہ اپنے رب کو اسی کی طرف جھکتے ہوئے پکارتے ہیں پھر جب اس کی طرف سے انہیں کوئی رحمت پہنچتی ہے تو ان میں سے ایک گروہ اپنے رب کے مدمقابل شریک بنانے لگ جاتا ہے۔

جس کا نتیجہ[1] یہ ہوتا ہے کہ جو کچھ ہم نے ان کو دیا ہے وہ عملاً اس کا انکار کرنے لگ جاتے ہیں (تب ان سے کہا جاتا ہے۔ دنیا سے) جو کچھ فائدہ اٹھانا ہے اٹھا لو۔ کیونکہ[2] تم جلد ہی اپنا انجام دیکھ لو گے۔

[1] یہاں ’’لام‘‘ ہے جس کے معنے ’’لئے‘‘ کے بھی ہوتے ہیں اور ’’نتیجہ‘‘ کے بھی یعنی جس فقرہ پر وہ آئے وہ فقرہ پہلی بات کا نتیجہ ہوتا ہے۔

[2] فَـاء کے معنے ’’کیونکہ‘‘ کے ہیں۔

کیا ہم نے ان کے لئے کوئی (شرک کی) دلیل اتاری ہے جو ان سے وہ باتیں کہتی ہے جو شرک کے متعلق وہ بیان کرتے ہیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی