۳۰۔ سورۃ الروم

تفسیر صغیر, حصہ 4

جب ہم لوگوں سے رحم کا سلوک کرتے ہیں تو وہ اس سے خوش ہو جاتے ہیں اور اگر انہیں اپنے سابقہ اعمال کی وجہ سے کوئی تکلیف پہنچے تو وہ اچانک مایوس ہو جاتے ہیں۔

کیا انہوں نے نہیں دیکھا کہ اللہ جس کے لئے پسند کرتا ہے رزق فراخ کر دیتا ہے اور جس کے لئے پسند کرتا ہے رزق تنگ کر دیتا ہے اس میں ایمان لانے والے لوگوں کے لئے بہت سے نشانات ہیں۔

پس چاہیے (کہ جب خدا رزق میں فراخی دے تو اے قرآن کے پڑھنے والے) قریبی، مسکین اور مسافر کو اس کا حق بخش[3]۔ یہ بات بہت بہتر ہے ان لوگوں کے لئے جو اللہ کی رضا حاصل کرنا چاہتے ہیں اور وہی لوگ بامراد ہونے والے ہیں۔

[3] قرآن کریم میں کئی جگہ ظاہراً محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مخاطب ہوتے ہیں مگر مراد آپ کے اتباع یا قرآن پڑھنے والے ہوتے ہیں اس جگہ بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مرادنہیں کیونکہ اس جگہ پر صدقہ اور خیرات کا حکم ہے اور آپ پہلے سے ہی تنگی اور فراخی دونوں حالتوں میں رشتہ داروں کی خبر گیری کرتے تھے اور مسکینوں اور مسافروں کی مدد کرتے رہتے تھے۔ اس لئے اس جگہ آپ کی امت کے افراد مراد ہیں آپؐ مرادنہیں۔

اور جو روپیہ تم سود[1] حاصل کرنے کے لئے دیتے ہو، تاکہ وہ لوگوں کے مالوں میں بڑھے تو وہ روپیہ اللہ کے حضور میں نہیں بڑھتا اور جو تم اللہ کی رضا [2]حاصل کرنے کے لئے زکٰوۃ کے طور پر دیتے ہو تو یاد رکھو کہ اسی قسم کے لوگ خدا کے ہاں (روپیہ) بڑھا رہے ہیں۔

[1] قرآن کریم نے سود کی دو قسمیں بیان کی ہیں۔ ایک وہ سودی کاروبار جو غریبوں سے کیا جاتا ہے اس کو بھی منع کیا گیا ہے، لیکن اس آیت سے صاف پتہ لگتا ہے کہ اس جگہ اُس سودی کاروبار کا ذکر ہے جو مالداروں سے کیا جاتا ہے تاکہ وہ مالدار اسے تجارت میں لگائیں اور روپیہ دینے والے کا روپیہ بھی بڑھے۔ بعض مسلمان یہ خیال کرتے ہیں کہ مال داروں یا کمپنی والوں کو روپیہ سود پر دینا یا بنک میں سود پر روپیہ لگانا اسلام میں منع نہیں حالانکہ یہ آیت واضح کرتی ہے کہ اس قسم کا سودی کاروبار بھی منع ہے اگر ان کا خیال ٹھیک ہوتا تو یہ آیت کیوں نازل ہوتی اور اس کی کیا غرض تھی۔ قرآن کریم کا نازل کرنے والا عالم الغیب خدا ہے وہ جانتا تھا کہ ایک زمانہ میں مسلمانوں نے سود کو حلال کرنے کی کوشش کرنی ہے پس اس نے آئندہ پیدا ہونے والے شبہات کو بھی اس آیت میں دور کر دیا ہے۔

[2] لُغت میں وَجْہٌ کے معنے مَرْضَاۃ کے بھی لکھے ہیں۔ (اقرب) یعنی رضا۔

اللہ وہ ہے جس نے تم کو پیدا کیا ہے پھر اس نے تم کو رزق دیا ہے۔ پھر وہ تمہیں مارے گا، پھر وہ تمہیں زندہ کرے گا۔ کیا تمہارے (تجویز کردہ) شرکا میں سے بھی کوئی ایسا ہے جو اس کام کا کوئی حصہ بھی کرتا ہو؟ وہ ان کے شرک سے پاک، اور بلند شان رکھنے والا ہے۔

(اس زمانہ میں) خشکی اور تری میں لوگوں کے کاموں کی وجہ سے فساد نمایاں ہو گیا ہے جس کا نتیجہ[3] یہ ہوگا کہ خدا لوگوں کو ان کے عملوں کے کچھ حصے کی سزا (اس دنیا میں) دے گا۔ تاکہ وہ (اپنی نافرمانی سے) لوٹ آئیں۔

[3] یہاں لام عاقبت کا ہے۔

تو کہہ دے، ملک میں پھرو۔ اور دیکھو کہ جو لوگ تم سے پہلے تھے ان کا کیا انجام ہوا تھا۔ ان میں سے اکثر مشرک تھے۔

پس تو اپنی توجہ کو قائم رہنے والے دین کی طرف پھیر دے پیشتر اس کے کہ وہ دن آئے جس کو ٹلانے کے لئے اللہ کی طرف سے کوئی علاج نہیں اترا جس دن وہ (مومن اور کافر) ایک دوسرے سے الگ ہو جائیں گے[1]۔

[1] یعنی مسلمان غالب آجائیں گے اور اپنا طریق حکومت چلائیں گے۔ جس کا ذکر سورۃ براءۃ میں کیا گیا ہے۔

جس نے کفر کیا اس پر اس کے کفر کا وبال پڑے گا۔ اور جس نے اپنے ایمان کے مطابق عمل کیا وہ اپنے ہی نفس کے فائدہ کے لئے تیاری کر رہا ہے۔

تاکہ خدا مومنوں اور اپنے ایمان کے مطابق عمل کرنے والوں کو اپنے فضل سے جزا دے وہ یقیناً منکروں سے محبت نہیں کرتا۔

اور اس کے نشانوں میں سے ایک نشان ہواؤں کا بشارت دیتے ہوئے بھیجنا بھی ہے اور وہ اس لئے ایسا کرتا ہے کہ تا وہ تم کو اپنی رحمت (کا پھل) چکھائے۔ اور کشتیاں اس کے حکم سے چلیں اور تم اس کے فضل کو حاصل کرو اور تم شکر گذار بنو۔

اور ہم نے تجھ سے پہلے کئی رسول ان کی قوموں کی طرف بھیجے تھے پس وہ ان کے پاس کھلے کھلے نشان لے کر آئے اور ہم نے مجرموں سے مناسب بدلہ لیا، اور مومنوں کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی