۳۰۔ سورۃ الروم

تفسیر صغیر, حصہ 5

اللہ وہ ہے جو ہواؤں کو بھیجتا ہے، پھر وہ ہوائیں بادل کی شکل میں بخارات اٹھاتی ہیں۔ پھر وہ اس کو جس طرح چاہتا ہے آسمان میں پھیلا دیتا ہے اور وہ اسے ٹکڑے ٹکڑے[2] کر دیتا ہے اور تو بارش کو دیکھتا ہے کہ اس (بادل) میں سے ٹپکتی ہے پھر جب خدا اس بادل کو اپنے بندوں میں سے جس تک پسند کرے پہنچا دیتا ہے تو اچانک وہ خوش ہو جاتے ہیں۔

[2] یعنی ایک بادل کے کئی بادل بنا دیتا ہے۔ تا ایک لمبے علاقہ کو سیراب کر سکیں۔

گو[1] وہ اس (بارش) کے نازل ہونے سے پہلے بالکل ناامید ہوگئے تھے۔

[1] آیت کے شروع میں واؤ کا لفظ ہے۔ جس کے معنے ’’اور‘‘ کے ہیں۔ مگر یہ اردو میں نہیں سجتا۔ اور اس کے حذف کرنے سے معنوں میں فرق نہیں آتا اس لئے ہم نے اسے حذف کر دیا ہے۔

پس (اے مخاطب) اللہ کی رحمت کے نشانوں کو دیکھ کہ وہ کس طرح زمین کے مر جانے کے بعد اس کو زندہ کرتا ہے۔ یہی خدا ہے جو (قیامت کے دن) مردوں کو زندہ کرے گا اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔

اور اگر ہم ہوا چلائیں اور یہ لوگ اس (یعنی کھیتی) کو زرد زرد دیکھیں، تو اس نظارہ کے بعد (بجائے نصیحت حاصل کرنے کے) ناشکر گذار بن جائیں گے۔

(پس تو ان کو ایسا کرنے دے) کیونکہ نہ تو تو مردوں کو سنا سکتا ہے اور نہ بہروں کو اس وقت (اپنی) آواز سنا سکتا ہے جب وہ پیٹھ پھیر کر لوٹ جائیں۔

اور نہ تو اندھوں کو ان کی گمراہی سے ہٹا کر سیدھے راستہ پر لا سکتا ہے تو صرف انہی کو سنا سکتا ہے جو ہماری آیتوں پر ایمان لاتے ہیں اور وہ فرمانبردار بن جاتے ہیں۔

اللہ وہی ہے جس نے تم کو اس حالت میں پیدا کیا کہ تمہارے اندر کمزوری پائی جاتی تھی۔ پھر کمزوری کے بعد تم کو قوت بخشی پھر قوت کے بعد ضعف اور بڑھاپا دیا۔ وہ جس چیز کو چاہتا ہے پیدا کرتا ہے اور وہ بڑے علم والا (اور) قدرت والا ہے۔

اور جس دن مقررہ گھڑی آجائے گی مجرم قسمیں کھائیں گے کہ وہ ایک چھوٹے وقفہ کے سوا [2](دنیا میں) نہیں رہے۔ وہ اسی طرح بہکی بہکی باتیں بناتے ہیں۔

[2] اس جگہ عیسائیوں کی اس حالت کی طرف اشارہ ہے جو عیسائیت کے اٹلی میں پھیل جانے کے بعد ہوئی تھی۔ اس وقت وہ اس دورِ تکلیف سے گذر گئے تھے جو اصحابِ کہف کے زمانہ میں اُن پر وارد ہوا تھا اس کے بعد کچھ عرصہ تک ان کو ترقی ملی۔ لیکن اسلام کی ترقی کے زمانہ میں وہ پھر گرے۔ اور پھر اسلام کی ترقی کے زمانہ میں ان پر جو تنزل کا دور آیا تھا اس کو یاد کرکے افسوس کرنے لگے کہ ہم نے بہت ہی کم لذت اٹھائی ہے زیادہ تر تکلیف میں ہی عمر گذاری ہے۔

اور وہ لوگ جن کو علم اور ایمان دیا گیا ہے کہیں گے تم اللہ کے حساب میں اس دن تک ٹھہرے ہو جو تمہارے پھر ابھرنے[1] کے لئے مقرر تھا اور (یاد رکھو کہ) یہی پھر ابھرنے[2] کا دن ہے۔ لیکن تم جانتے نہیں۔

[1] الفاظ بتاتے ہیں کہ اس جگہ دنیا میں قومی ترقی کا ذکر ہے نہ کہ آخرت میں دوبارہ جی اٹھنے کا۔

[2] اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ تم غلط فہمی میں مبتلا ہو۔ اسلام کی ترقی کے پہلے زمانہ میں تمہاری آخری تباہی نہیں تھی تمہاری آخری تباہی اسلام کے دوبارہ احیا کے وقت میں ہوگی جس کے بعد تم تباہ ہوئے تو پھر اٹھارہویں اور انیسویں صدی کی شان کے برابر نہیں اٹھ سکو گے۔

پس آج ظالموں کو ان کا کوئی عذر نفع نہیں دے گا اور نہ انہیں معاف کرکے ڈیوڑھی تک آنے کا موقع دیا جائے گا۔

اور ہم نے لوگوں کی خاطر اس قرآن میں ہر قسم کی حقیقتیں کھول کھول کر بیان کر دی ہیں اور اگر تو ان کے پاس کوئی نشان لائے تو کافر ضرور کہیں گے کہ تم لوگ تو صرف جھوٹی[3] باتیں پیش کرنے والے ہو۔

[3] اَبْطَلَ کے معنے ہیں جھوٹ کو پیش کیا (اقرب) اس کے پیش نظر ہم نے مُبْطِلُوْنَ کے معنے جھوٹی باتوں کے پیش کرنے والوں کے کیے ہیں۔

اسی طرح اللہ بے علم لوگوں کے دلوں پر مہر[4] لگا دیتا ہے۔

[4] یہ آیت بالکل واضح ہے اور اس سے پتہ لگتا ہے کہ اللہ تعالیٰ بغیر کسی وجہ کے دل پر مہر نہیں لگاتا۔ پہلے آدمی جھوٹ کے پیچھے چلنا شروع کرتا ہے اور پھر ایک عرصہ کے بعد اس کے دل پر مہر لگتی ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی