۳۳۔ سورۃ الأحزاب
تفسیر صغیر, حصہ 3
اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ اللہ ایسے صادقوں کو ان کے صدق کا بدلہ دے گا اور اگر چاہے گا تو منافقوں کو عذاب دے گا۔ یا ان پر رحم کرے گا اور اللہ یقیناً بڑا بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
اور (حقیقت یہ ہے کہ) اللہ نے کفار کو ان کے سب غصہ سمیت (مدینہ سے) واپس لوٹا دیا اور کسی قسم کا فائدہ ان کو نہیں پہنچا، اور اللہ نے مومنوں کی طرف سے خود لڑائی کی اور اللہ بڑا طاقت ور (اور) غالب ہے۔
اور اس (اللہ) نے اُن اہل کتاب کو جنہوں نے ان (حملہ آور مشرکوں) کی مدد کی تھی، اپنے قلعوں سے اتار دیا اور ان کے دلوں میں رُعب داخل کر دیا۔ یہاں تک کہ تم ان میں سے ایک حصہ کو قتل کرنے پر اور ایک حصہ کو قید کرنے پر قادر ہوگئے۔
اور ان کی زمینوں اور ان کے گھروں اور ان کے مالوں کا تم کو وارث کر دیا نیز اس زمین کا بھی جس پر ابھی تمہارے قدم نہیں[1] پڑے اور اللہ ہر ایک چیز پر قادر ہے۔
[1] یعنی خیبر کا وارث کر دیا۔ یہ ایک زبردست پیشگوئی ہے۔ جنگِ احزاب جنگِ خیبر سے پہلے ہوئی۔ بلکہ جنگ ِخیبر صلح حدیبیہ کے بھی بعد ہوئی ہے۔ لیکن اس جگہ یہ پیشگوئی کی گئی ہے کہ وہ زمین بھی مسلمان فتح کر لیں گے۔ چنانچہ ایسا ہی ہوا۔ یہ ایک واضح پیشگوئی ہے جس کا دشمن سے دشمن بھی انکار نہیں کر سکتا۔ کیونکہ دشمن بھی متفق ہیں کہ خیبر کی جنگ احزاب سے بہت بعد ہوئی ہے۔
اے نبی! اپنی بیویوں سے کہہ کہ اگر تم دنیا اور اس کی زینت چاہتی ہو تو آؤ میں تمہیں کچھ دنیوی سامان دے دیتا ہوں اور تم کو نیک طریق سے رخصت کر دیتا ہوں۔
اور اگر تم اللہ اور اس کے رسول اور اُخروی زندگی کے گھر کو چاہتی ہو تو اللہ نے تم میں سے پوری طرح اسلام پر قائم رہنے والیوں کے لئے بہت بڑا انعام تجویز کر رکھا ہے۔
اے نبی کی بیویو! اگر تم میں سے کوئی اعلیٰ ایمان کے خلاف بات کرے[1]، تو اس کا عذاب دُگنا کیا جائے گا۔ اور یہ بات اللہ پر آسان ہے۔
[1] فَاحِشَۃٌ اس بُرے کام کو کہتے ہیں جس کی بُرائی نظر آجائے۔ چونکہ نبی کی بیویوں کو اعلیٰ نیکیوں کی تعلیم دی گئی ہے اس لئے اگر ان سے کوئی ایسا کام ظاہر ہو جو اعلیٰ نیکی نہیں گو عام نیکی ہے تب بھی وہ محاورہ میں فَاحِشَۃٌ کہلائے گا۔
اور تم میں سے جو کوئی اللہ اور اس کے رسول کی فرمانبرداری کرے گی اور اس (فرمانبرداری کی شان) کے مطابق کام بھی کرے گی تو ہم اسے انعام بھی دگنا دیں گے اور ہم نے ہر ایسی (بیوی) کے لئے معزز رزق تیار کیا ہوا ہے۔
اے نبی کی بیویو! اگر تم اپنے مقام کو سمجھو تو تم عام عورتوں کی طرح نہیں ہو۔ پس چبا کر (یعنی نازونخرے کے ساتھ) بات نہ کیا کرو۔ تا ایسا نہ ہو کہ جس کے دل میں مرض ہے وہ تمہارے متعلق کوئی بدارادہ کرے اور ہمیشہ لوگوں کو نیک باتیں کہا کرو۔
اور اپنے گھروں میں بیٹھی رہا کرو اور پرانے زمانے کی جاہلیت (کے طریقوں) کی طرح اپنے زینت (غیر لوگوں پر) ظاہر نہ کیا کرو اور نماز کو (باشرائط) ادا کیا کرو۔ اور زکٰوۃ دیا کرو۔ اور اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کیا کرو۔ اے اہل بیت! اللہ تم میں سے ہر قسم کی گندگی دور کرنا اور تم کو کامل طور پر پاک کرنا چاہتا ہے۔
اور جو کچھ تمہارے گھروں میں اللہ کی آیتوں اور حکمت کی باتوں کی تلاوت کی جاتی ہے اس کو یاد رکھو اللہ بہت مہربانی کرنے والا (اور) خبر رکھنے والا ہے۔
یقیناً کامل مسلمان مرد اور کامل مسلمان عورتیں اور کامل مومن مرد اور کامل مومن عورتیں اور کامل فرمانبردار مرد اور کامل فرمانبردار عورتیں اور کامل راست گو مرد اور کامل راست گو عورتیں اور کامل صبر کرنے والے مرد اور کامل صبر کرنے والی عورتیں اور کامل عجز دکھانے والے مرد اور کامل عجز دکھانے والی عورتیں اور کامل صدقہ کرنے والے مرد اور کامل صدقہ کرنے والی عورتیں اور کامل روزہ گذار مرد اور کامل روزہ گذار عورتیں اور پوری طرح اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرنے والے مرد اور پوری طرح اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرنے والی عورتیں اور اللہ کا بہت ذکر کرنے والے مرد اور اللہ کا بہت ذکر کرنے والی عورتیں ان سب کے لئے اللہ نے بخشش کا سامان اور بڑا انعام تیار کر رکھا ہے۔