۳۳۔ سورۃ الأحزاب

تفسیر صغیر, حصہ 4

اور کسی مومن مرد یا مومن عورت کے لئے جائز نہیں کہ جب اللہ اور اس کا رسول کسی معاملہ میں کوئی فیصلہ کر دیں تو وہ (پھر بھی) اپنے معاملے کا اپنی مرضی سے فیصلہ کریں اور جو کوئی اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کرتا ہے وہ کھلی کھلی گمراہی میں پڑجاتا ہے۔

اور (اے نبی! یاد کر) جب تو اس شخص کو جس پر اللہ نے اور تو نے انعام کیا تھا، کہتا تھا کہ اپنی بیوی کو روک رکھ (اور طلاق نہ دے) اور اللہ کا تقویٰ اختیار کر اور تو اپنے دل میں[1] وہ بات چھپاتا تھا جس کو اللہ ظاہر کرنے والا تھا۔ اور تو لوگوں سے ڈرتا تھا، حالانکہ اللہ زیادہ حق دار ہے کہ تو اس سے ڈرے۔ پس جب زید نے اس (عورت) کے بارے میں اپنی خواہش پوری کر لی (یعنی طلاق دے دی) ہم نے اس (عورت) کا تجھ سے[2] بیاہ کر دیا تاکہ مومنوں کے دلوں میں اپنے لے پالکوں کی بیویوں سے نکاح کرنے کے متعلق ان کو طلاق مل جانے کی صورت میں کوئی خلش نہ رہے اور خدا کا فیصلہ بہرحال پورا ہو کر رہنا تھا۔

[1] بعض مفسرین کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ’’نعوذ باللہ‘‘ دل میں حضرت زینبؓ کو نکاح میں لانے کا ارادہ رکھتے تھے مگر اس کو چھپاتے تھے تاکہ لوگ ٹھوکر نہ کھائیں مگر اصل میں اس کے یہ معنے ہیں کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو معلوم ہو چکا تھا کہ حضرت زیدؓ حضرت زینبؓ کو طلاق دینا چاہتے ہیں اور آپ اس معاملہ کو پوشیدہ رکھ کر حضرت زیدؓ کو نصیحت کرتے تھے تاکہ لوگوں کو یہ ٹھوکر نہ لگے کہ ایک شریف خاندان کی لڑکی ایک آزاد غلام سے بیاہ کر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اچھا کام نہیں کیا بلکہ فتنہ کا دروازہ کھول دیا ہے۔ بعض علماء کہتے ہیں کہ ز ینبؓ کا نکاح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے خداتعالیٰ نے عرش پر پڑھ دیا تھا اس لئے دنیا میں ان کا نکاح نہیں پڑھا گیا۔ مگر یہ درست نہیں تاریخ میں یہ روایت موجود ہے کہ حضرت زینبؓ کا نکاح آپ سے پڑھا گیا۔ (سیرۃ الحلبیہ جلد سوم صفحہ۳۴۰)

[2] ہم پہلے لکھ چکے ہیں کہ تاریخ سے یہ ثابت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت زینبؓ سے نکاح کیا تھا مگر اس آیت میں زَوَّجْنٰکَھَا کے الفاظ ہیں۔ جس کے معنے یہ ہیں کہ ’’ہم نے تجھ سے اس کا بیاہ کر دیا‘‘ سو یاد رکھنا چاہیے کہ عربی زبان میں جو فعل کسی کے دخل دینے سے ہو وہ اسی کی طرف منسوب ہوتا ہے۔ چونکہ الہاماً اللہ تعالیٰ کی طرف سے نکاح کا حکم ہوا تھا اس لئے یہ فعل اللہ تعالیٰ کی طرف منسوب کیا گیا۔

نبی پر اس معاملے میں جو اس پر اللہ نے فرض کیا ہے کوئی الزام نہیں۔ یہی طریق اللہ نے پہلے لوگوں میں جاری کیا تھا اور خدا کا حکم تو ایک فیصلہ شدہ چیز ہے (کوئی اسے ٹلا نہیں سکتا)۔

(یہی سنت پہلے گذرے ہوئے پیغمبروں میں جاری تھی) جو اللہ کے پیغام لوگوں کو پہنچا دیتے تھے اور اس سے ڈرتے تھے اور اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے تھے اور حساب لینے میں اللہ کافی ہے۔

نہ محمد تم میں سے کسی مرد کے باپ تھے نہ ہیں[1] (نہ ہونگے) لیکن اللہ کے رسول ہیں بلکہ (اس سے بھی بڑھ کر) نبیوں کی مہر[2] ہیں اور اللہ ہر ایک چیز سے خوب آگاہ ہے۔

[1] مَا کَانَ مُحَمَّدٌ اَبَا اَحَدٍ کے الفاظ قرآن مجید میں ہیں اور عربی کا قاعدہ ہے کہ کَانَ استمرار کے معنے بھی دیتا ہے (دیکھئے تاج العروس و مُغْنی اللّبِیب) پس ہم نے استمرار کے لحاظ سے آیت کا ترجمہ یہ کیا ہے کہ ’’محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) نہ کسی مرد کے باپ تھے، نہ ہیں، نہ ہونگے۔‘‘

[2] یعنی آپ کی تصدیق کے بغیر اور آپ کی تعلیم کی شہادت کے بغیر کوئی شخص نبوت یا ولایت کے مقام تک نہیں پہنچ سکتا۔ لوگوں نے نبیوں کی مہر کی جگہ آخری نبی کے معنے لئے ہیں۔ مگر اس سے بھی ہماری پوزیشن میں فرق نہیں آتا۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ ٖ وسلم کے معراج کو مدِّنظر رکھا جائے تو انبیاء کا شجرہ مطابق مسند احمد بن حنبلؒ یوں بنتا ہے۔
اس نقشہ کو دیکھو تو مخلوق کے مقام پر جو شخص کھڑا ہوگا، اس کی نظر سب سے پہلے حضرت آدم علیہ السلام پر پڑے گی اور سب سے آخراس کی نظر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر پڑے گی۔
سدرۃ المنتہیٰ: محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم
ساتواں آسمان: حضرت ابراہیم علیہ السلام
چھٹا آسمان: حضرت موسیٰ علیہ السلام
پانچواں آسمان: حضرت ہارون علیہ السلام
چوتھا آسمان: حضرت ادریس علیہ السلام
تیسرا آسمان:حضرت یوسف علیہ السلامدوسرا آسمان: حضرت عیسیٰ و حضرت یحییٰ علیہما السلام
پہلا آسمان: حضرت آدم علیہ السلام
اہل زمین
گویا سب نبیوں میں آخری نبی وہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو قرار دیگا۔ اس کے علاوہ اگر اس حدیث کو لیں کہ آدمؑ ابھی پیدا بھی نہ ہوا تھا، تب بھی میں خاتم النبیین تھا۔ تو بھی شجرہ انبیاء میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو مقام کے لحاظ سے اوپر کی جگہ حاصل ہے۔ پس جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم معراج میں سب سے اوپر گئے تومقام محمدی آخری نبوت کا مقام بنا۔ اس طرح بھی وہی معنے ٹھیک رہے جو ہم نے کیے ہیں۔ یعنی ختم نبوت کے یہ معنے ہیں کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا مقام سب نبیوں سے افضل ہے۔

اے مومنو! اللہ کا ذکر بہت کیا کرو۔

اور صبح شام اس کی تسبیح کیا کرو۔

وہی ہے جو تم پر اپنی رحمتیں بھیجتا ہے اور اس کے فرشتے بھی تمہارے لئے دعائیں[3] کرتے ہیں تا کہ (اس کا نتیجہ یہ نکلے کہ) وہ تم کو اندھیروں سے نور [4]کی طرف لے جائے اور وہ مومنوں پر باربار رحم کرنے والا ہے۔

[3] یہاں اللہ اور اس کے ملائکہ کے لئے یُصَلِّی کا فعل استعمال کیا گیا ہے۔ مگر چونکہ جب اللہ تعالیٰ کے لئے یُصَلِّی آئے تو اس کے معنے رحمت بھیجنے کے ہوتے ہیں اور جب ملائکہ یا انسانوں کے لئے آئے تو اس کے معنے دعا یا استغفار کرنے کے ہوتے ہیں (اقرب) اس لئے ہم نے دونوں فاعلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یُصَلِّی کے دو معنے کر دئیے یعنی اللہ تعالیٰ کے لحاظ سے بھی اور فرشتوں کے لحاظ سے بھی تاکہ مفہوم غلط نہ ہو جائے۔

[4] یعنی خداتعالیٰ کی رحمتیں اور فرشتوں کی دعائیں تم کو اندھیروں سے نُور کی طرف لے جائیں۔

ان کو جب وہ اس سے ملیں گے دعا کا تحفہ سلامتی کی شکل میں[1] ملے گا اور وہ ان کے لئے ایک بڑا عزت والا بدلہ تیار کرے گا۔

[1] اس کا مفہوم یہ ہے کہ جب مومن مرنے کے بعد اٹھیں گے تو ان کی تسلی اور اطمینان کے لئے خداتعالیٰ کی طرف سے ان کو سلام بھیجا جائے گا (یعنی سلامتی کا پیغام) اور اس لفظی سلام کو عملی شکل دینے کے لئے ان کے لئے عزت والے سامان تیار کیے جائیں گے۔

اے نبی! ہم نے تجھ کو اس حال میں بھیجا ہے کہ تو (دنیا کا) نگران[2] بھی ہے (مومنوں کو) خوشخبری دینے والا بھی ہے اور (کافروں کو) ڈرانے والا بھی ہے۔

[2] نگران کے معنے یہ نہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے زمانہ کے لوگوں پر بطورداروغہ مقرر کئے گئے ہیں۔ کیونکہ قرآن کریم میں صاف آتا ہے کہ لَسْتَ عَلَیْھِمْ بِمُصَیْطِرٍ۔ مراد یہ ہے کہ تو عملی نمونہ سے ان پر نگران ہوگا نہ کہ جبر کے ذریعہ۔

اور نیز اللہ کے حکم سے اس کی طرف بلانے والا اور ایک چمکتا ہوا سورج[3] بنا کر (بھیجا ہے)۔

[3] اس جگہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا نام روشن کرنے والا چراغ یا سورج رکھا گیا ہے۔ یعنی آپ سے نور پاکر ظلّی طور پر ایسے لوگ تیار ہوتے رہیں گے جو دنیا کو روشن کرتے رہیں گے۔ جیسا کہ چاند سورج سے روشنی پاکر اندھیرے کو دور کرتا ہے۔

اور مومنوں کو بشارت دے دے کہ ان کو اللہ کی طرف سے بہت بڑا فضل ملے گا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی