۳۳۔ سورۃ الأحزاب
تفسیر صغیر, حصہ 5
اور کافروں اور منافقوں کی بات ہرگز نہ مان، اور ان کی ایذا دہی کو نظر انداز کر دے اور اللہ پر توکل کر اور اللہ کارسازی میں کافی ہے۔
اے مومنو! جب تم مومن عورتوں سے شادی کرو، پھر ان کو ان کے چھونے سے پہلے طلاق دے دو تو تم کو کوئی حق نہیں کہ ان سے عدت کا مطالبہ کرو، پس (چاہیئے کہ) ان کو کچھ دنیوی نفع پہنچا دو اور ان کو عمدگی کے ساتھ رخصت کر دو۔
اے نبی! تیری موجودہ بیویوں میں سے وہ جن کو تو نے ان کا حق مہر ادا کر دیا ہے ہم نے تیرے لئے حلال[1] کر دی ہیں۔ اسی طرح آئندہ [2]کے لئے وہ عورتیں جن کے مالک تیرے داہنے ہاتھ ہوئے ہیں جن کو اللہ تیرے قبضہ میں جنگ کے بعد لایا ہے اور اسی طرح تیرے چچے کی بیٹیاں اور تیری پھوپھی کی بیٹیاں اور تیرے ماموں کی بیٹیاں اور تیری خالاؤں کی بیٹیاں جنہوں نے تیرے ساتھ ہجرت کی ہے اور ایسی مومن عورت بھی جس نے اپنی جان کو نبی کے لئے ہبہ کر دیا۔ بشرطیکہ نبی اس سے نکاح کا ارادہ کرے[3]۔ یہ حکم خاص[4] تیرے لئے ہے۔ باقی مومنوں کے لئے نہیں ہم اس کو جو ہم نے ان (مسلمانوں) پر ان کی بیویوں کے متعلق اور ان کی لونڈیوں کے متعلق فرض کیا ہے خوب[5] جانتے ہیں۔ تا کہ تجھ پر کوئی ناواجب قید نہ ہو۔ اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) باربار کرم کرنے والا ہے۔
[1] بیویاں تو سب کی حلال ہوتی ہیں۔ پھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویوں کا ذکر اس جگہ کیوں کیا؟ اس کا جواب یہ ہے کہ اسی سورت کی آیت۲۹ میں فرمایا تھا کہ اے بیویو! اگر تمہارے دل میں دنیا کی خواہش ہے تو میں دنیا دے کر تم کو آزاد کر دیتا ہوں۔ اس طرح ان کا معاملہ معلق ہو گیا تھا۔ لیکن اس آیت کے اعلان کے بعد کسی ایک بیوی نے بھی نہیں کہا کہ مجھے دنیا دے کر چھوڑ دیں۔ جس سے معلوم ہوتا ہے کہ سب بیویوں کے دل میں دین کی خواہش تھی۔ دنیا کی خواہش نہیں تھی۔ اس آیت میں یہی بتایا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے دل میں دنیا چھوڑنے اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پس اب وہ محمد رسول اللہ کے لئے لفظاً لفظاً و معناً جائز ہو گئی ہیں۔
[2] یہ صرف اجازت ہے عملًا رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس اجازت سے فائدہ نہیں اٹھایا۔ اگر حضرت ماریہ قبطیہؓ کی مثال پیش کی جائے تو اس کا جواب یہ ہے کہ حضرت ماریہؓ اور گروہ میں سے ہیں۔ اس آیت میں جنگ میں پکڑی جانے والی عورتوں کا ذکر ہے اور حضرت ماریہؓ کو مقوقس مصر نے اپنے ملک کے رواج کے مطابق لونڈی کے طور پر تحفۃً رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بھیجا تھا۔ پس وہ اس آیت کے حکم سے باہر ہیں اور ان سے بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا نکاح ثابت ہے۔
[3] اس آیت سے ظاہر ہے کہ وہ مخالف جو کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ حکم خاص طور پر اپنے لئے نازل کر لیا ہے درست نہیں کیونکہ اس آیت میں صاف لکھا ہے کہ یہ حکم تمام انبیاء کے لئے ہے۔ صرف محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے نہیں۔ کیونکہ جہاں یہ فرمایا ہے کہ یہ حکم خاص تیرے لئے ہے وہاں آگے یہ بڑھا دیا ہے کہ مومنوں کے سوا۔ جس کے یہ معنے ہیں کہ مومنوں کے لئے یہ حکم نہیں۔ لیکن مومنوں کے سوا جو انبیاء ہیں ان کے لئے یہ حکم ہے خواہ وہ گذشتہ تھے یا آئندہ ہوں گے۔
[4] ایسی کسی عورت سے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے شادی نہیں کی۔ یہ سب احکام بطور اجازت ہیں۔ دشمن اعترض کرتا ہے کہ اپنے لئے خاص حکم آپ نے اتار لئے۔ لیکن رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب ان اجازتوں پر عمل ہی نہیں کیا تو دشمن کا منہ کالا ہو گیا اور اس کا یہ اعتراض باطل ہو گیا کہ اپنی خواہشات کے پورا کرنے کے لئے خاص مراعات قرآن کریم نے بیان کر دی ہیں۔ آیت نمبر۳ سے بھی ظاہر ہے کہ یہ حکم صرف بعض بیویوں کے متعلق رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی نیک رائے ظاہر کرنے کے لئے ہے آپ کے لئے کوئی خاص راستہ کھولنے کے لئے نہیں۔
[5] ’’خوب جانتے ہیں‘‘ سے مراد یہ ہے کہ اس کو تجھ پر ظاہر بھی کر دیا ہے۔ چنانچہ فرمایا ’’تاکہ تجھ پر تنگی نہ ہو‘‘ یعنی مسئلہ بتاتے وقت یہ خیال نہ ہو کہ خداتعالیٰ کی مرضی معلوم نہیں۔
تو ان (بیویوں) میں سے جس کو چاہے الگ[1] کر دے اور جس کو چاہے اپنے پاس رکھ لے اور ان عورتوں میں سے جن کو تو نے الگ کر دیا ہے کسی کو اپنے پاس لے آئے تو تجھ پر کوئی گناہ نہیں۔ یہ امر اس بات کے بہت زیادہ قریب ہے کہ ان کی آنکھیں ٹھنڈی ہوں اور وہ غم نہ کریں اور جو کچھ تو نے ان کو دیا[2] ہے اس پر سب کی سب راضی ہو جائیں اور اللہ تمہارے دلوں کی ہر بات کو جانتا ہے اور وہ بہت جاننے والا (اور) بہت سمجھ بوجھ سے کام لینے والا ہے۔
[1] اس آیت اور پہلی آیت میں یہ فرق ہے کہ سورۂ احزاب کی آیت۲۹ میں تو یہ کہا گیا تھا کہ اے بیویو! اگر تمہارے دل میں دنیا کی فراخی دین کی فراخی پر مقدم ہو تو تم کہہ دو۔ میں تم کو دنیا کی فراخی دے کر رخصت کر دوں گا۔ مگر اس آیت میں یہ کہا گیا ہے کہ عورتوں نے تو فیصلہ دے دیا کہ وہ چپ رہیں اور اس طرح انہوں نے عملًا کہہ دیا کہ ہم دین پر راضی ہیں دنیا پر نہیں۔ لیکن میاں بیوی کے تعلقات کا ایک پہلو اور بھی ہوتا ہے یعنی عورت خواہ سمجھتی ہو کہ میں دین دار ہوں مگر مرد بعض باتیں اس میں ایسی دیکھتا ہے جن سے وہ اسے دنیا دار سمجھتا ہے۔ پس اس کو بھی حق ہونا چاہیے کہ اگر وہ سمجھے کہ اصل میں وہ دنیا دار ہے لیکن ظاہر میں وہ اپنے آپ کو دین دار کہتی ہے تو اُسے طلاق دے کر الگ کر دے اس آیت میں یہی بتایا گیا ہے کہ جہاں عورتوں کو حق تھا کہ روپیہ لے کر الگ ہو جائیں وہاں تجھے بھی حق ہے کہ دنیا کی فراخی دے کر الگ کر دے۔ گویا یہ دونوں آیتیں ایک ہی مضمون کا ٹکڑا ہیں اس آیت کے بعد چونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے کسی عورت کو طلاق نہیں دی اس لئے معلوم ہوا کہ جس طرح سورۂ احزاب کی آیت۵۱ نے ثابت کیا تھا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی کسی بیوی کو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر دنیا مقدم نہیں تھی۔ اسی طرح محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اس آیت کے بعد کسی کو طلاق نہیں دی۔ گویا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا بھی یہی فیصلہ تھا کہ ان عورتوں نے نہایت اعلیٰ نمونہ دکھایا ہے اور گو مجھے خدا نے طلاق کا اختیار دیا ہے لیکن مجھے ان عورتوں پر طلاق کا اختیار برتنا نہیں چاہیے۔
[2] یعنی بیویاں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حسن اخلاق سے واقف تھیں جب معاملہ خداتعالیٰ نے آپ پر چھوڑا تو وہ خوش ہو گئیں کہ اب جو کچھ ہوگا ٹھیک ہوگا
قرآن کریم میں بہت جگہ ’’دیا ہے‘‘ ’’دے گا‘‘ کے معنوں میں استعمال ہوا ہے اور مطلب یہ ہے کہ آئندہ جو سلوک بھی تو اُن سے کرے گا اس حکم کے ماتحت وہ اس پر خوش ہو جائیں گی اور سمجھ لیں گی کہ تو محبت اور انصاف کا سلوک کر رہا ہے۔
تیرے[3] لئے (مزید) عورتیں اس کے بعد حلال نہیں اور نہ یہ حلال ہے کہ ان موجودہ بیویوں کو بدل کر اور بیویاں کر لے خواہ ان کا حسن تجھے کتنا ہی پسند ہو۔ سوائے ان عورتوں [4]کے جن کے مالک تیرے دائیں ہاتھ ہوئے اور اللہ ہر ایک چیز کا نگران ہے۔
[3] پہلی آیت میں بظاہر اجازت تھی کہ موجودہ بیویوں میں سے کسی کو بدل کر اور نکاح کرلے۔ اس آیت میں فرمایا کہ تو موجودہ بیویوں کو بدل نہیں سکتا اور نہ اور زائدنکاح کر سکتا ہے۔ یہ اختلاف نہیں۔ کیونکہ ہم کہہ چکے ہیں کہ فیصلہ یہ دیا گیا ہے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جس طرح چاہیں کریں اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ارادے عالم الغیب خدا کو معلوم تھے۔ پس آیت میں ان ارادوں کی ترجمانی کی گئی ہے اختلاف کوئی نہیں۔
دوسرے معنے یہ ہیں کہ ’’اس کے بعد‘‘ سے مراد زمانہ کا بُعدنہیں بلکہ پہلی گنائی ہوئی اقسام کا ُبعدہے اور مراد یہ ہے کہ اوپر کی عورتوں کے علاوہ اور کوئی تجھ پر جائز نہیں۔ یعنی مہاجرات رشتہ دار حلال عورتوں میں سے کسی سے نکاح کر سکتا ہے لیکن غیر سے نہیں۔ اس طرح حکم محدود کر دیا گیا لیکن چونکہ اجازت تھی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس اجازت سے فائدہ نہیں اٹھایا۔
[4] اس کے متعلق بھی لکھا جا چکا ہے کہ محض اجازت ہے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے اس پر عمل نہیں کیا۔
اے مومنو! نبی کے گھروں میں سوائے اس کے کہ تمہیں کھانے کے لئے بلایا جائے ہرگز داخل نہ[2] ہوا کرو۔ وہ بھی اس شرط سے کہ کھانا پکنے کے انتظار میں نہ بیٹھے رہا کرو۔ اور نہ باتیں کرنے کے شوق میں بیٹھے رہا کرو۔ ہاں! جب تم کو بلایا جائے تو پھر ضرور چلے جایا کرو۔ پھر جب کھانا کھا چکو تو اپنے اپنے گھروں کو چلے جایا کرو[3]۔ یہ امر (یعنی بے فائدہ بیٹھے رہنا یا پہلے آجانا) نبی کو تکلیف دیتا تھا۔ مگر وہ (تمہارے جذبات کا خیال کرکے) تم (کو منع کرنے) سے حیا کرتا تھا۔ مگر اللہ سچی بات بیان کرنے سے (لوگوں کے خیالات کی وجہ سے) باز نہیں رہتا اور (چاہیے کہ) جب تم ان (یعنی نبی کی بیویوں) سے کوئی گھر کی چیز مانگو تو پردہ کے پیچھے سے مانگا کرو۔ یہ بات تمہارے دلوں اور ان کے دلوں کے لئے بہت اچھی ہے اور اللہ کے رسول کو تکلیف دینا تمہارے لئے جائز نہیں اور نہ یہ جائز ہے کہ تم اس کے بعد اس کی بیویوں سے کبھی بھی شادی کرو۔ یہ بات اللہ کے فیصلہ کے مطابق بہت بری ہے۔
[2] یعنی عین وقت پر داخل ہوا کرو۔ بے وقت داخل ہو کر نبیؐ کا وقت ضائع نہ کیا کرو۔
[3] اس آیت کا یہ مطلب نہیں ہے کہ صرف نبی کے گھر میں اجازت کے بغیر کھانے کے لئے نہ جایا کرو۔ کیونکہ دوسری آیات سے ثابت ہے کہ ہر مومن کے گھر میں بغیر اجازت جانا ناجائز ہے۔ پس اس آیت سے ایک نئے مضمون کی طرف اشارہ کیا گیا ہے اور وہ یہ کہ چونکہ پہلی آیتوں میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو مومنوں کا باپ اور آپ کی بیویوں کو ان کی مائیں قرار دیا گیا ہے اس لئے اس سے یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ نبی کے گھر میں بغیر اجازت داخل ہونا جائز ہے پس اس آیت میں اس کا رستہ روک دیا۔ دوسرے یہ کہ بچے اپنے ماں باپ کے گھر میں دیر تک بیٹھے رہتے ہیں لیکن نبی چونکہ روحانی باپ ہوتا ہے اس کے بچے تو کئی ہزار ہوتے ہیں لیکن مومنوں کے تو چار چار پانچ پانچ ہوتے ہیں۔ اگر ان کے گھروں میں کھانے کے بعد بچے بیٹھے رہیں تو کوئی تکلیف نہیں ہوتی۔ لیکن اگر نبی کے گھر میں سارے مومن گھسنے شروع ہو جائیں اور پہلے تو کوئی چیز اٹھا کر کھا جائیں اور پھر باری باری یہاں تک بیٹھنا شروع کر دیں کہ دوسرا دن چھوڑ دوسرا مہینہ آجائے تو اس طرح نبی کا خاندان بالکل پریشان ہو جائے اور گھر کا امن برباد ہو جائے۔ پس اس آیت میں وہ سارے طریقے بند کر دئے گئے ہیں جن سے نبیوں کو تکلیف ہوتی ہے۔
اگر تم کسی چیز کو ظاہر کرو یا چھپاؤ، تو اللہ ہر چیز کو خوب جانتا ہے۔
ان (یعنی ازواج نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم) پر اپنے باپوں یا اپنے بیٹوں[1] یا اپنے بھائیوں یا اپنے بھتیجوں یا اپنے بھانجوں یا اپنی ہم کفو عورتوں یا اپنی زیر تصرف لونڈیوں کے سامنے ہونے میں کوئی پابندی نہیں اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔ اللہ ہر ایک چیز کو دیکھ رہا ہے۔
[1] یہاں بیٹوں کا لفظ ہے حالانکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی کسی بیوی کے ہاں کوئی جوان بیٹا نہیں تھا۔ اس کا جواب یہ ہے کہ بعض دفعہ حکم عام دیا جاتا ہے لیکن اس میں استثنا بھی ہوتے ہیں۔ جیسے قرآن کریم میں ہی اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ لَا تَقُلْ لَّھُمَا اُفٍّ (بنی اسرائیل: ۲۴) یعنی اگر تم میں سے کسی کے ماں باپ بوڑھے ہو جائیں تو انہیں اُف بھی نہ کہو۔ حالانکہ مسلمانوں میں لاکھوں آدمی ایسے نظر آتے ہیں جن کی اولاد کوئی نہیں تو لَا تَقُلْ لَّھُمَا اُفٍّ کا مخاطب کون ہوا۔ کیا ایسی صورت میں ہم اس حکم کو بے فائدہ کہیں گے؟ بات اصل میں یہ ہے کہ ہر حکم میں استثناء ہوتا ہے۔ بعض پر وہ چسپاں ہوتا ہے اور بعض پر نہیں ہوتا۔ اور بعض دفعہ سب پر ہی چسپاں نہیں ہوتا۔
اللہ یقیناً اس نبی[2] پر اپنی رحمت نازل کر رہا ہے اور اس کے فرشتے بھی (یقیناً اس کے لئے دعائیں کر رہے ہیں پس) اے مومنو! تم بھی اس نبی پر درود بھیجتے اور ان کے لئے دعائیں کرتے رہا کرو اور (خوب جوش و خروش سے) ان کے لئے سلامتی مانگتے رہا کرو۔
[2] یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم۔
وہ لوگ جو کہ اللہ اور اس کے رسول کو تکلیف دیتے ہیں اللہ ان کو (اس) دنیا میں اور آخرت میں اپنے قرب سے محروم کر دیتا ہے اور اس نے ان کے لئے رسوا کرنے والا عذاب تیار کر چھوڑا ہے۔
وہ لوگ جو کہ مومن مردوں اور مومن عورتوں کو بغیر اس کے کہ انہوں نے کوئی قصور کیا ہو تکلیف دیتے ہیں ان لوگوں نے خطرناک جھوٹ اور کھلے کھلے گناہ کا بوجھ اپنے اوپر اٹھا لیا ہے۔
اے نبی! اپنی بیویوں اور اپنی بیٹیوں اور مومنوں کی بیویوں سے کہہ دے کہ (جب وہ باہر نکلیں) اپنی بڑی چادروں[1] کو سروں پر سے گھسیٹ کر اپنے سینوں تک لے آیا کریں یہ امر اس بات کو ممکن بنا دیتا ہے کہ وہ پہچانی[2] جائیں اور ان کو تکلیف نہ دی جائے اور اللہ بڑا بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
[1] اِس میں پردہ کی تفصیل ہے۔ عرب عورتیں باہر نکلتے ہوئے پنجابی عورتوں کی طرح بڑی چادریں چھوٹی چادروں پر اوڑھتی تھیں۔ چھوٹی چادروں سے سینہ ڈھانکتیں اور بڑی چادروں سے گھونگھٹ نکالتی تھیں۔ قریباً ایسا ہی رواج پنجاب میں بھی ہے۔ فرماتا ہے عورتیں جب باہر نکلیں تو سر پر ڈالی ہوئی بڑی چادر کو سر سے کھینچ کر سینہ تک لے آئیں یعنی گھونگھٹ ایسا ہو کہ چہرہ ننگا نظر نہ آئے بعض لوگوں نے اس آیت سے بے پردگی نکالی ہے حالانکہ یہ آیت پردہ کی صاف توضیح کر دیتی ہے۔
[2] یعنی ہر ایک کو معلوم ہو جائے کہ یہ عورت مسلمان ہے اور کافر عورت سمجھ کر اس سے چھیڑ خانی نہ کریں۔