۳۳۔ سورۃ الأحزاب

تفسیر صغیر, حصہ 6

اگر منافق مرد اور وہ لوگ جن کے دلوں میں مرض ہے اور وہ لوگ جو مدینہ میں جھوٹی افواہیں پھیلاتے پھرتے ہیں باز نہ آئیں گے تو ہم تجھے ان لوگوں کے خلاف (ایک دن) کھڑا کر دیں گے پھر وہ تیرے ساتھ اس شہر میں بہت ہی تھوڑی مدت تک ہمسائیگت میں بسر کریں گے۔

وہ جہاں کہیں بھی تمہارے قابو میں آئیں چاہیے کہ پکڑے جائیں اور قتل کر دئیے جائیں کیونکہ وہ خدا کے رحم سے محروم کر دئیے گئے ہیں۔

اللہ کی اس سنت کو (اختیار کرو) جو ان لوگوں میں جاری ہوئی تھی جو تم سے پہلے گذر چکے ہیں اور تو کبھی بھی اللہ کی سنت میں تبدیلی نہیں پائے گا۔

لوگ تجھ سے خاتمہ کر دینے والی گھڑی کے متعلق پوچھتے ہیں تو کہہ دے کہ اس کا علم صرف اللہ کو ہے اور تم کو یہ بات کیا معلوم کہ شاید وہ گھڑی قریب ہی ہو۔

اللہ نے یقیناً کافروں کو اپنے قرب سے محروم کر دیا ہے اور ان کے لئے ایک بھڑکنے والا عذاب تیار کیا ہے۔

جس میں وہ ہمیشہ رہتے چلے جائیں گے (اور وہاں) نہ کوئی دوست پائیں گے اور نہ مددگار۔

جس دن ان کے بڑے بڑے آدمیوں کو آگ پر اُلٹایا پَلٹایا[1] جائے گا۔ اور وہ کہیں گے اے کاش! ہم اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کر لیتے۔

[1] جس طرح سیخی کباب کو الٹایا پلٹایا جاتا ہے۔

اور (عام لوگ) کہیں گے۔ اے ہمارے رب! ہم نے اپنے سرداروں اور بڑوں کی اطاعت کی پھر انہوں نے ہم کو (اصلی) راستہ سے گمراہ کر دیا۔

اے ہمارے رب! ان کو دہرا عذاب دے اور ان کو اپنے رحم سے دور کر دے۔

اے مومنو! تم ان لوگوں کی طرح نہ بنو۔ جنہوں نے موسیٰ کو تکلیف دی تھی۔ جس پر اللہ نے اس کو ان کے اقوال سے بری قرار دیا تھا اور وہ اللہ کے حضور میں بڑی شان رکھتا ہے۔

اے مومنو! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور وہ بات کہو جو پیچدار نہ ہو، (بلکہ سچی ہو)

(اگر تم ایسا کرو گے) تو اللہ تمہارے اعمال کو درست کر دے گا۔ اور تمہارے گناہوں کو معاف کر دے گا اور جو شخص اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے وہ بڑی کامیابی حاصل کرتا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی