۳۴۔ سورۃ سبإ

تفسیر صغیر, حصہ 3

(اور) تو کہہ دے (کہ اے لوگو)! آسمانوں اور زمین میں سے تمہیں کون رزق دیتا ہے (اور پھر خود ہی اس سوال کے جواب میں) کہہ اللہ (اور کون) اور میں اور[1] تم یا تو ہدایت پر قائم ہیں یا کھلی کھلی گمراہی میں مبتلا ہیں۔

[1] یہ لفّ و نشر کی مثال ہے۔ یعنی دو گروہوں کا ذکر ہے اور دو جزاؤں کا۔ پہلی اور دوسری کو اکٹھا بیان کر دیا ہے ترجمہ کرتے وقت پہلی جزا کو پہلی قوم کی طرف پھیرا جائے گا اور دوسری جزا کو دوسری قوم کی طرف، اور مطلب یہ ہو جائے گا کہ میں تو ہدایت پر ہوں اور تم جن کا بعد میں ذکر ہے بعد میں مذکورہ جزا پاؤ گے یعنی گمراہی تمہارے حصہ میں آئے گی۔ اسے علم معانی میں لفّ و نشر کہتے ہیں۔ یعنی بولنے میں اختصار اور تشریح میں تفصیل بیان ہو جاتی ہے۔

تو کہہ دے (اگر ہم تمہارے خیال کے مطابق مجرم ہیں تو) ہمارے جرموں کے متعلق تم سے نہیں پوچھا جائے گا اور نہ ہم سے تمہارے اعمال کے متعلق پوچھا جائے گا۔

اور یہ بھی کہہ دے کہ ہمارا رب (ایک دن) تم کو اورہم کو (ایک جنگ کے میدان میں) جمع کرے گا پھرحق اور انصاف کے ساتھ ہم دونوں کے درمیان فیصلہ کردے گا اور وہ سب سے بڑا (اور) اچھا فیصلہ کرنے والا ہے اور ہر بات کو خوب جانتا ہے۔

کہو ان کو مجھے دکھاؤ تو سہی جن کو تم شریک بنا کر اس کے ساتھ ملاتے ہو (اس کا کوئی شریک بنانا) ہرگز درست نہیں بلکہ حق یہ ہے کہ اللہ غالب (اور) بڑی حکمتوں والا ہے۔

اور ہم نے تجھ کو تمام بنی نوع انسان[2] کی طرف (جن میں سے ایک بھی تیرے حلقۂ رسالت سے باہر نہ رہے ایسا) رسول بنا کر بھیجا ہے جو (مومنوں کو) خوشخبری دیتا اور (کافروں کو) ہوشیار کرتا ہے لیکن انسانوں میں سے اکثر اس حقیقت سے واقف نہیں۔

[2] یہاں کَآفَّۃً لِّلنَّاسِ کے الفاظ ہیں اور کَفَّ الشَّیْئَ کے یہ معنے ہوتے ہیں کہ کسی چیز کو اس طرح جمع کیا جائے کہ اس کا کوئی حصہ باہر نہ رہے (اقرب) یہ آیت اس بات کا زبردست ثبوت ہے کہ یہودی ہو یا عیسائی یا اور کسی مذہب کا۔ اور خواہ قیامت تک کسی صدی میں پیدا ہونے والا ہو وہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت کے ماتحت ہے۔ ایسا کوئی دعویٰ نہ تورات میں ہے نہ انجیل میں، نہ ویدوں میں۔ بلا استثنا سب مذاہب کی طرف اور سب زمانوں کی طرف اور سب قوموں کی طرف مبعوث ہونے کا دعویٰ صرف محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ہے جو اس آیت سے ثابت ہے۔ پہلے نبیوں نے جو دعوے کیے ہیں کسی نبی کا ایسا وسیع اور مکمل دعویٰ نہیں۔ پس جب وہ خود ہی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے اپنی شکست تسلیم کرتے ہیں تو ان کی امتوں کے لئے مسلمانوں سے ٹکرانے کی دلیل ہی کیا رہ جاتی ہے۔

اور وہ (جوش میں آکر) کہہ دیتے ہیں یہ (ساری دنیا تک رسالت کا پیغام دینے کا) وعدہ اگر تم سچے ہو کب پورا ہوگا؟

تو کہہ دے کہ تمہارے لئے ایک دن [1]کی میعاد مقرر ہے نہ تو تم اس سے ایک گھڑی پیچھے رہ سکو گے، نہ ایک گھڑی آگے بڑھ سکو گے۔

[1] ایک دن سے مراد ایک ہزار سال ہے۔ یعنی اسلام کی ترقی کے پہلے تین سو سال حدیث کے مطابق ملا کر تیرھویں صدی ہجری تک یہ وعدہ چلے گا اور تیسری صدی کے بعد جب ہزار سال پورا ہو جائے گا یعنی اصطلاحاً ایک دن تو اسلام کی ترقی کا زمانہ آجائے گا۔

اور کافر کہتے ہیں کہ ہم نہ تو اس قرآن کو مانتے ہیں اور نہ ان پیشگوئیوں کو جو اس کے متعلق کی گئی ہیں اور اگر تو ظالموں کو اس وقت دیکھے جب کہ وہ اپنے رب کے سامنے کھڑے کیے جائیں گے۔ اور ان میں سے بعض بعض سے بحث کر رہے ہوں گے اور کمزور طبقہ متکبر طبقہ سے کہہ رہا ہوگا کہ اگر تم نہ ہوتے تو ہم ضرور ایمان لے آتے۔

(تب) متکبر طبقہ جواب میں کمزور طبقہ سے کہے گا، کہ جب ہدایت تمہارے پاس آگئی تھی تو کیا ہم نے تمہیں اس سے روکا تھا؟ (ہرگز نہیں) بلکہ تم خود ہی مجرم تھے۔

اور وہ لوگ جن کو ضعیف سمجھا گیا تھا، ان لوگوں کو جو متکبر تھے کہیں گے (ہم یونہی مجرم نہیں بن گئے تھے) بلکہ تمہاری رات اور دن کی تدبیروں نے ہم کو ایسا بنا دیا جبکہ تم ہم کو اللہ کے احکام کا انکار کرنے اور اس کا شریک بنانے کی تعلیم دیا کرتے تھے اور جب (ان سرکشیوں کے نتیجہ میں) انہوں نے خطرناک عذاب دیکھا۔ تو (جو لوگ اپنے آپ کو بڑا سمجھتے تھے) انہوں نے (اپنے دل کی) شرمندگی کو چھپانا شروع کیا[2]۔ اور ہم ان میں سے جو پکے کافر ہوں گے ان کی گردنوں میں طوق ڈالیں گے۔ (اور یہ سزا ان کی بدعملیوں سے زیادہ نہیں ہوگی، کیا وہ سمجھ نہیں سکتے کہ) ان کو جو سزا دی جائے گی وہ ان کے عمل کے مطابق ہوگی۔

[2] یعنی ہم تو اس بات سے خوش تھے کہ ہمیں خدا کا شریک قرار دیا جاتا ہے اور آج ہمیں ایک بڑا عذاب مل رہا ہے۔

اور ہم نے کسی بستی میں کوئی ہوشیار کرنے والا (نبی) نہیں بھیجا کہ اس کے مالداروں نے یہ نہ کہا ہو کہ (اے رسولو)! ہم تمہاری رسالت کے منکر ہیں۔

نیز وہ یہ بھی کہتے رہے ہیں کہ ہم تم سے مال اور اولاد میں زیادہ ہیں اور ہم پر کبھی بھی عذاب نازل نہیں ہوگا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی