۳۶۔ سورۃ يس
تفسیر صغیر, حصہ 3
(اگر میں ایسا کروں) تو میں یقیناً کھلی کھلی گمراہی میں مبتلا ہوں گا۔
میں تمہارے رب پر ایمان لایا ہوں پس میری بات سنو۔
(تب اسے خدا کی طرف سے) کہا گیا، جنت میں داخل ہو جا (اس پر) اس نے کہا، کاش! میری قوم کو (میرا انجام) معلوم ہوتا۔
کہ کس طرح میرے رب نے مجھے بخش دیا ہے اور مجھے معزز گروہ میں شامل کیا ہے۔
اور ہم نے اس کے بعد اس کی قوم پر آسمان سے (ان کو تباہ کرنے کے لئے) کوئی لشکر نہیں اتارا، اور نہ ہم ایسا لشکر اتارا ہی کرتے ہیں۔
صرف ایک خطرناک عذاب ان پر آیا اور وہ اپنی سب شان و شوکت کھو بیٹھے۔
ہائے افسوس (انکار کی طرف مائل) بندوں پر کہ جب کبھی بھی ان کے پاس کوئی رسول آتا ہے وہ اس کو حقارت کی نگاہ سے دیکھنے لگ جاتے ہیں (اور تمسخر کرنے لگتے ہیں)۔
کیا انہوں نے نہیں دیکھا کہ ان سے پہلے کتنی ہی بستیوں کو ہم ہلاک کر چکے ہیں (اور یہ بھی کہ جن کو ہلاک کیا گیا تھا) وہ واپس نہیں لوٹتے۔
اور سب[1] لوگ ضرور ہمارے حضور میں حاضر کیے جائیں گے۔
[1] قرآن مجید میں ’’سب‘‘ کے لفظ پر دلالت کرنے کے لئے دو لفظ آئے ہیں، مگر اردو میں صرف ایک لفظ کافی ہوتا ہے۔ اس لئے ہم نے ایک کا ترجمہ کر دیا ہے اور دوسرے کو چھوڑ دیا ہے۔
اور ان (کفار) کے لئے مردہ زمین بھی ایک نشان ہے ہم نے اسے زندہ کیا ہے اور اس سے اناج نکالا ہے۔ سو یہ اس سے کھاتے ہیں۔
اور ہم نے زمین میں کھجوروں اور انگوروں کے باغ بھی اگائے ہیں اور اس میں چشمے پھوڑے ہیں۔
تا کہ وہ اس (یعنی باغ) کے پھل سے (حسب ضرورت) کھائیں اور اس (باغ) کو ان کے ہاتھوں نے نہیں اگایا (بلکہ ہم نے اگایا ہے) کیا وہ شکر نہیں کرتے؟