۳۶۔ سورۃ يس

تفسیر صغیر, حصہ 4

پاک ہے وہ ذات جس نے ہر قسم کے جوڑے پیدا کیے ہیں اس میں سے بھی جس کو زمین اگاتی ہے اور خود ان کی جانوں میں سے بھی اور ان چیزوں میں سے بھی جن کو وہ نہیں جانتے۔

اور ان کے لئے رات بھی ایک بڑا نشان ہے جس میں سے کھینچ کر ہم دن نکال لیتے ہیں جس کے بعد اچانک وہ اندھیرے میں رہ جاتے ہیں۔

اور سورج ایک مقررہ جگہ کی طرف چلا جا رہا ہے، یہ غالب (اور) علم والے (خدا) کا مقرر کردہ قانون ہے۔

اور چاند کو (دیکھو کہ) ہم نے اس کے لئے بھی منزلیں مقرر کر چھوڑی ہیں یہاں تک کہ وہ (ان منزلوں پر چلتے چلتے) ایک پرانی شاخ[2] کے مشابہ ہو کر پھر لوٹ آتا ہے۔

[2] مطلب یہ ہے کہ جب چاند دوبارہ ظاہر ہوتا ہے تو یوں معلوم ہوتا ہے کہ ایک مڑی ہوئی درخت کی پرانی شاخ ہے۔

نہ تو سورج کو طاقت ہے کہ وہ اپنے سال کے دورہ میں کسی وقت چاند کے قریب جا پہنچے (کیونکہ اگر ایسا ہو تو سارا نظام شمسی تباہ ہو جائے) اور نہ رات کو (یعنی چاند کو) طاقت ہے کہ وہ مسابقت کرتے ہوئے دن کو (یعنی سورج کو) پکڑ [1]لے بلکہ یہ سب کے سب ایک مقررہ راستہ پر نہایت سہولت سے چلتے چلے جاتے ہیں[2]۔

[1] اس آیت میں یہ بتایا گیا ہے کہ چاند کو بھی طاقت نہیں کہ وہ سورج کے قریب چلا جائے، کیونکہ اس صورت میں بھی تباہی آجاتی ہے۔

[2] چونکہ یہاں یہ بتانا مقصود ہے کہ ان کے چلنے میں کوئی روک نہیں، اس لئے یَسْبَحُوْنَ کا لفظ استعمال کیا گیا۔ جس کے معنے تیرنے کے ہیں۔ مراد یہ ہے کہ وہ سہولت کے ساتھ چلتے چلے جاتے ہیں۔ اور کوئی روک ان کے راستہ میں پیدا نہیں ہوتی۔ یعنی کوئی سیّارہ دوسرے سیّارے کے راستہ میں آکر اس کو تباہ نہیں کرتا۔

اور ان کے لئے یہ بھی نشانی ہے کہ ہم ان کی نسل کو بھری ہوئی کشتیوں میں اٹھائے پھرتے ہیں۔

اور ہم ان کے لئے اسی قسم کی اور (چیزیں) بھی پیدا کریں گے جن کو وہ سواری[3] کے کام میں لائیں گے۔

[3] اس سے مراد آئندہ ظاہر ہونے والی سواریاں ہیں مثلاً ریل، موٹر، لاری، دخانی جہاز، ہوائی جہاز وغیرہ۔ یہ کتنی روشن پیشگوئی ہے جو قرآن کریم نے کی ہے۔ مگر پادری پھر بھی رٹ لگائے جاتے ہیں کہ قرآن کریم کی کوئی پیشگوئی نہیں۔

اور اگر ہم چاہیں تو ان کو ہلاک کر دیں پھر کوئی ان کا فریاد سننے والا نہ ہوگا اور نہ ہماری رحمت کے سوا کسی اور ذریعہ سے وہ بچائے جائیں گے۔

اور وہ صرف ایک مدت تک دنیاوی فائدہ اٹھائیں گے۔

اور جب ان سے کہا جائے کہ جو کچھ تمہارے آگے آنے والا ہے (اس سے بچو) اور جو اعمال تم پیچھے چھوڑ آئے ہو ان کی جزا سے بھی بچنے کی کوشش[4] کرو تا کہ تم پر رحم کیا جائے (تو وہ نصیحت پکڑنے کی بجائے اس کی تحقیر کرتے ہیں اور فائدہ نہیں اٹھاتے[5])

[4] یعنی آئندہ کے لئے دعا اور گذشتہ کے لئے توبہ کے ذریعہ۔

[5] یہاں جزا محذوف ہے جس کو ہم نے عبارت کے مطابق ظاہر کر دیا ہے۔

اور ان کے رب کے نشانوں میں سے جو کوئی اہم نشان ظاہر ہوتا ہے، وہ اس سے بھی منہ پھیر لیتے ہیں۔

اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ جو کچھ تم کو خدا نے دیا ہے اس سے خرچ کرو، تو کافر مومنوں سے کہتے ہیں کہ کیا ہم ان کو کھلائیں جن کو اگر اللہ چاہتا تو آپ بھی کھلا سکتا تھا تم (تو خدا کی مرضی کے خلاف تعلیم دے کر) کھلی کھلی گمراہی میں مبتلا ہو۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی