۳۶۔ سورۃ يس

تفسیر صغیر, حصہ 5

اور وہ کہتے ہیں کہ اگر تم سچے ہو تو ہمیں بتاؤ کہ وہ (عذاب کا) وعدہ کب پورا ہوگا۔

وہ صرف ایک اچانک عذاب کا انتظار کررہے ہیں جو ان کو آپکڑے گا اور وہ بحثوں میں ہی لگے ہوئے ہوں گے۔

اس وقت نہ تو وہ ایک دوسرے کو کوئی نصیحت[1] کر سکیں گے اور نہ اپنے اہل و عیال کی طرف واپس جا (کر ان کو سمجھا) سکیں گے۔

[1] وَصَّاہُ۔ عَھِدَ اِلَیْہِ اس کو کسی کام کے کرنے کی نصیحت کی۔ (اقرب)

اور بگل بجایا جائے گا۔ اور وہ اچانک قبروں میں سے نکل کر اپنے رب کی طرف بھاگ کھڑے ہوں گے۔

(اور ایک دوسرے سے) کہیں گے، ہائے ہلاکت! ہمیں قبروں سے نکال کر کس نے کھڑا کر دیا ہے یہ تو وہی بات ہے جس کا رحمن (خدا) نے ہم سے وعدہ کیا تھا اور رسولوں نے جو کچھ کہا تھا سچ ہی کہا تھا۔

یہ (محض) ایک اچانک عذاب ہوگا جس کے نتیجہ میں وہ سب کے سب اکٹھے کیے جاکر ہمارے حضور میں پیش کیے جائیں گے۔

اور اس دن کسی جان پر ذرہ بھر بھی ظلم نہیں کیا جائے گا، اور تم کو تمہارے اعمال کے مطابق جزا دی جائے گی۔

جنتی لوگ اس دن ایک اہم [2]کام (یعنی ذکر الٰہی) میں مشغول ہونگے اور (اپنی حالت کو دیکھ کر) خوشی سے ہنس رہے ہوں گے۔

[2] ’’اہم‘‘ کے معنے شُغُلٍ کی تنوین سے نکلے ہیں۔ جس کے معنے بڑی چیز کے ہوتے ہیں۔

وہ بھی اور ان کے ساتھی بھی چھپرکھٹوں پر تکئے لگائے بیٹھے ہوں گے (اور خدا کی رحمت کے) سایوں تلے (ہونگے)۔

ان کے لئے ان جنتوں میں میوے مہیا کیے جائیں گے اور جو کچھ وہ طلب کریں گے انہیں دیا جائے گا۔

(اور) ان کو سلام کہا جائے گا جو باربار کرم کرنے والے رب کی طرف سے ان کی طرف پیغام ہوگا۔

اور (ہم یہ بھی کہیں گے کہ) اے مجرمو! آج تم (مومنوں سے) الگ ہو جاؤ۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی