۳۷۔ سورۃ الصافات
تفسیر صغیر, حصہ 15
(کہ) اگر پہلی قوموں کی طرح کا رسول ہمارے[2] پاس بھی آتا،
[2] ذِکْرٌ کے معنے قرآن کریم میں رسول کے بھی آئے ہیں۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ قَدْ اَنْزَلَ اللّٰہُ اِلَیْکُمْ ذِکْرًا رَّسُوْلًا (سورۃ طلاق: ۱۱،۱۲) یعنی اللہ تعالیٰ نے تمہاری طرف ذکر یعنی رسول بھیجا ہے۔
تو ہم بھی اللہ کے برگزیدہ بندے بن جاتے۔
پس انہوں نے اس (اللہ) کا انکار کر دیا اور وہ جلدی ہی اپنا انجام سمجھ جائیں گے۔
اور ہمارا فیصلہ ہمارے بندوں یعنی رسولوں کے لئے پہلے گذر چکا ہے۔
(جو یہ ہے) کہ ان کی مدد کی جائے گی۔
اور ہمارا لشکر (یعنی مومنوں کا گروہ) ہی غالب رہے گا۔
پس تو ان سے ایک عرصہ کے لئے منہ موڑ لے۔
اور ان کو خوب دیکھتا رہ۔ وہ بھی عنقریب (اپنا انجام) دیکھ لیں گے۔
کیا یہ لوگ ہمارے عذاب کو جلدی مانگ رہے ہیں؟
پس جب وہ (عذاب) ان کے صحنوں پر نازل ہوگا تو وہ قوم جس کو ڈرایا گیا ہے اس کی صبح نہایت افسوس ناک ہوگی۔
اور (ہم پھر کہتے ہیں کہ) ان سے کچھ عرصہ کے لئے منہ موڑ لو۔
اور ان کا حال دیکھتے رہو اور وہ بھی یقیناً (اپنا انجام) دیکھ لیں گے۔