۳۷۔ سورۃ الصافات

تفسیر صغیر, حصہ 3

پھر (وہاں تک لے جا کر) ان کو کھڑا کر دو۔ کیونکہ وہاں ان سے کچھ سوال کیے جائیں گے۔

(اور ان سے پوچھا جائے گا) تمہیں کیا ہو گیا ہے کہ تم ایک دوسرے کی مدد نہیں کرتے؟

حقیقت یہ ہے کہ (مدد کرنا تو الگ رہا) وہ اس دن بالکل ہتھیار ڈال دیں گے۔

اور ان میں سے ایک فریق دوسرے سے بحث [1]کرے گا۔

[1] یہاں لفظ یَّتَسَآءَلُوۡنَ ہے مگر لغت میں لکھا ہے کہ تَسَآءُ ل بمعنے بحث بھی آتا ہے (اقرب)

(اور) اسے مخاطب کرکے کہے گا کہ تم ہمیشہ ہماری دائیں[2] طرف سے آتے تھے۔

[2] دایاں پہلو مذہب پر دلالت کرتا ہے۔ مطلب یہ کہ مذہب کا اوڑھنا اوڑھ کر ہم کو دھوکہ دیتے تھے۔

(ان کے مزعومہ معبود جواب میں) کہیں گے یوں نہیں حقیقت یہ ہے کہ تم میں خود ایمان (کا مادہ) نہ تھا۔

اور ہم کو تم پر کوئی غلبہ حاصل نہیں تھا، بلکہ تم ایک سرکش قوم تھے۔

پس آج ہم سب کے متعلق ہمارے رب کی بات پوری ہوگئی کہ ہم (عذاب) چکھنے والے ہیں۔

اور (یہ درست ہے کہ) ہم نے تم کو گمراہ کیا تھا کیونکہ ہم خود بھی گمراہ تھے۔

پس (اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ) اس دن وہ سب عذاب میں شریک ہوں گے۔

ہم مجرموں کے ساتھ ایسا ہی کیا کرتے ہیں۔

جب کبھی ان سے یہ کہا جاتا تھا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں تو وہ تکبر کیا کرتے تھے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی