۳۷۔ سورۃ الصافات
تفسیر صغیر, حصہ 8
جب وہ اپنے رب کے حضور میں ایک ایسا دل لے کر آیا تھا جو (ہر قسم کے کفر و شرک سے) پاک تھا۔
اور اس وقت اس نے اپنے باپ سے بھی اور اپنی قوم سے بھی پوچھا تھا کہ تم کس چیز کی عبادت کرتے ہو۔
کیا جھوٹ کی؟ یعنی اللہ کے سوا اور معبودوں کو چاہتے ہو۔
پس بتاؤ، تمہارا رب العالمین کی نسبت کیا خیال ہے؟
پھر اس نے ستاروں کی طرف دیکھا۔
اور کہا کہ مَیں بیمار[1] ہونے والا ہوں۔
[1] یعنی اپنی قوم کے دستور کے مطابق ستاروں کی چال سے اندازہ لگایا۔ حالانکہ جیسا کہ قرآن کریم بتا چکا ہے۔ ابراہیمؑ ان باتوں پر ایمان نہیں رکھتا تھا مگر اپنی قوم کو شرمندہ کرنے کے لئے اس نے کہا کہ تمہاری جوتش کے اصول سے تو بیمار ہونے والا ہوں۔ مگر دیکھنا کہ خداتعالیٰ مجھے کیا توفیق دیتا ہے اور تم کو جھوٹا ثابت کرتا ہے۔
پس وہ لوگ اُسے[2] چھوڑ کر چلے گئے۔
[2] کیونکہ وہ ستاروں کی تاثیروں کو مانتے تھے۔
اور وہ بھی ان کے معبودوں کی طرف چپکے سے چلا گیا اور انہیں دیکھ کر کہا، کیا تم کچھ کھاتے نہیں؟
تمہیں کیا ہوا کہ تم بولتے بھی نہیں؟
پھر چُپکے سے اپنے دائیں ہاتھ سے ایک کاری ضرب ان پر لگائی۔
جب لوگوں کو خبر ہوئی تو وہ اس کی طرف دوڑتے ہوئے آئے۔
(ابراہیم نے ان سے) کہا، کیا تم اپنے ہاتھ سے تراشے ہوئے (بتوں) کی پوجا کرتے ہو۔