۳۷۔ سورۃ الصافات
تفسیر صغیر, حصہ 9
حالانکہ اللہ نے ہی تم کو بھی پیدا کیا ہے اور تمہارے عمل[1] کو بھی۔
[1] یہ معنے نہیں کہ انسان کے سب عمل جبری ہیں بلکہ مراد یہ ہے کہ وہ ہاتھ پاؤں جن سے تم عمل کرتے ہو خداتعالیٰ کے ہی پیدا کردہ ہیں ورنہ قرآن کریم میں متواتر بیان ہوا ہے کہ اللہ تعالیٰ اگر جبر کرتا تو سب دنیا کو ہدایت دیتا۔ بدی کے لئے وہ کبھی جبر نہیں کرتا۔ اور چونکہ نیکی جبر سے کروانی بھی بے فائدہ ہے نیکی کے لئے بھی وہ جبر نہیں کرتا۔
ان سب (لوگوں) نے کہا کہ اس کے اردگرد ایک دیوار کھڑی کرو (اور اس میں آگ جلاؤ) پھر اس کو اس دہکتی ہوئی آگ میں ڈال دو۔
اور انہوں نے اس سے ایک چالاکی[2] کرنی چاہی مگر ہم نے ان کو نہایت رسوا کر دیا۔
[2] کَیْدٌ کا لفظ جب خداتعالیٰ کے لئے آئے تو اس کے معنے محض تدبیر کے ہوتے ہیں۔ لیکن اگر انسان کے لئے ہو تو اس کے معنے چالاکی کے ہوتے ہیں۔
اور ابراہیم نے کہا، میں اپنے رب کی طرف جاؤں گا وہ مجھے ضرور کامیابی کا رستہ دکھائے گا۔
(اور کہا) اے میرے رب! مجھے نیکو کار اولاد بخش۔
تب ہم نے اس کو ایک حلیم لڑکے کی بشارت دی۔
پھر جب وہ لڑکا اس کے ساتھ تیز چلنے کے قابل ہو گیا تو اس نے کہا اے میرے بیٹے! میں نے تجھے خواب میں دیکھا ہے کہ (گویا) میں تجھے ذبح[3] کر رہا ہوں۔ پس تو فیصلہ کر کہ اس میں تیری کیا رائے ہے۔ (اس وقت بیٹے نے کہا) اے میرے باپ جو کچھ تجھے خدا کہتا ہے وہی کر تو انشاء اللہ مجھے اپنے ایمان پر قائم رہنے والا دیکھے گا۔
[3] اس خواب کے اصل معنے یہ تھے کہ تجھے مکہ کی بے آب و گیاہ وادی میں چھوڑ کر آنے والا ہوں۔ جو ایک قسم کی موت ہے اور یہ تعبیر لفظاً پوری ہوئی گو چھری سے ذبح کرنا لفظاً پورا نہ ہوا۔
پھر جب وہ دونوں فرمانبرداری پر آمادہ ہو گئے اور اس (یعنی باپ) نے اس (یعنی رضا مندی ظاہر کرنے والے بیٹے) کو ماتھے کے بل گرا لیا[1]۔
[1] جو معنے ہم نے اوپر کے نوٹ میں بیان کیے ہیں وہ قرآنی الفاظ کے خلاف نہیں۔ کیونکہ قرآنی الفاظ میں بھی استعارۃً ’’مکہ‘‘ میں اسماعیلؑ کے چھوڑ آنے کو موت کے قائم مقام بتایا گیا ہے۔ اور جیسا کہ ہم بیان کر چکے ہیں حضرت اسماعیلؑ کا ظاہری طور پر ذبح کیا جانا نہ قرآن سے ثابت ہے اور نہ بائبل سے۔ بائبل سے معلوم ہوتا ہے کہ جب حضرت ابراہیمؑ اسماعیلؑ کو ذبح کرنے لگے تو انہیں آواز آئی کہ اے ابراہیمؑ تو اپنا ہاتھ لڑکے پر نہ چلا اور نہ اس سے کچھ کر کیوں کہ میں اب جان گیا کہ تو خدا سے ڈرتا ہے۔ اور پھر انہوں نے پیچھے نگاہ کی تو ایک مینڈھا دیکھا جسے انہوں نے اسماعیلؑ کی جگہ ذبح کر دیا (پیدائش باب۲۲) نیز دیکھئے نوٹ نمبر۳ زیرآیت ۱۰۸۔
حدیثوں میں بھی کہیں حضرت اسماعیلؑ کو چھری سے ذبح کرنے کا ذکر نہیں بلکہ یہی ذکر ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام ان کو اور ان کی والدہ کو مکہ میں چھوڑ آئے تھے اور پھر جب حضرت اسماعیل علیہ السلام جوان ہو گئے اور شکار کے لئے جنگلوں میں جانے لگ گئے تو اس زمانہ میں حضرت ابراہیمؑ فلسطین سے اُن کو ملنے کے لئے گئے تھے۔
اور ہم نے اس (یعنی ابراہیم) کو پکار کر کہا، اے ابراہیم!
تو اپنی رؤیا پوری کر چکا، ہم اسی طرح محسنوں کو بدلہ[2] دیا کرتے ہیں۔
[2] یعنی تو اور تیرا بیٹا قربانی کے لئے تیار ہو گئے اور اس طرح خداتعالیٰ نے تم کو قرب کا مقام بخشا جو محسنوں کا بدلہ ہے۔
یہ یقیناً ایک کھلی کھلی آزمائش تھی۔
اور ہم نے اس (یعنی اسماعیل) کا فدیہ[3] ایک بڑی قربانی کے ذریعہ سے دے دیا۔
[3] یاد رکھنا چاہیے کہ بنو اسرائیل کہتے ہیں کہ قربانی کے لئے اسحاقؑ کو چنا گیا تھا اور وہی پلوٹھا تھا۔ مگر قرآن کریم اس کے خلاف اسماعیلؑ کا نام لیتا ہے اور وہی سچا ہے۔ کیونکہ بائبل کا اگر بغور مطالعہ کیا جائے تو وہ کہتی ہے کہ پلوٹھا یعنی سب سے بڑا بیٹا قربان ہوگا۔ اور سب سے بڑا بیٹا خود بائبل کے قول کے مطابق اسماعیلؑ تھا نہ کہ اسحاقؑ (پیدائش باب۱۶ آیت۱۵) پس جہاں جہاں بھی قربانی کے ذکر میں کسی بیٹے کا ذکر ہے وہاں مراد اسماعیلؑ ہے نہ کہ کوئی اور۔ جب حضرت اسماعیلؑ نے قربان ہونے پر آمادگی ظاہر کی تو چونکہ خواب کی اصل تعبیر یہ تھی کہ اسماعیلؑ کو ایک بے آب و گیاہ وادی میں چھوڑ آؤ خداتعالیٰ نے الہام کیا کہ ظاہری قتل کے مقابلہ میں جنگل میں رہ کر ہر وقت کی موت قبول کرنا بہتر فدیہ ہے تم اور تمہارا بیٹا اس فدیہ کو قبول کرو تو خداتعالیٰ کے مقرب ہو جاؤ گے اور سمجھ لیا جائے گا کہ تم نے اپنے بیٹے کو ذبح کر دیا ہے اور تمہارے بیٹے نے اپنی خوشی سے ذبح ہونا منظور کر لیا ہے۔