۳۸۔ سورۃ ص

تفسیر صغیر, حصہ 3

اس پر (داؤد نے) کہا۔ تیری دنبی طلب کرنے میں اس نے ظلم [1]سے کام لیا ہے اور بہت سے شرکا ایسے ہوتے ہیں جو ایک دوسرے پر ظلم کرتے ہیں سوائے مومنوں کے اور ان کے جو ایمان کے مطابق عمل کرتے ہیں اور وہ لوگ تھوڑے ہیں۔ اور داؤد کو یقین[2] ہو گیا کہ ہم نے اسے آزمائش میں ڈالا[3] ہے (یعنی دشمنوں کے سر اٹھانے کی وجہ سے) پس اس نے اپنے رب سے استغفار کرنا شروع کیا اور اطاعت ظاہر کرتے ہوئے زمین پر گر گیا اور (خدا کی طرف) متوجہ ہو گیا۔

[1] یعنی اگر یہ تمثیل سچ ہے۔ ورنہ وہ جانتے تھے کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔

[2] یعنی دشمنوں کو ایسی جرأت کا پیدا ہونا بتاتا ہے کہ فتنہ ملک میں سر اٹھا رہا ہے۔

[3] یعنی اس طرح کا واقعہ بادشاہ کے ساتھ کبھی پیش نہیں آسکتا جب تک کہ اللہ تعالیٰ کا منشا بھی ویسا ہی نہ ہو۔ تبھی ’’ہم نے اسے آزمائش میں ڈالا ہے‘‘ کے الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔ اور مراد یہ ہے کہ اس فیصلہ میں نظام آسمانی شامل ہے۔

تب ہم نے اس کی ان سب کمزوریوں[4] پر پردہ ڈال دیا، کیونکہ حقیقتہ داؤد ہمارا مقرب تھا اور اسے ہمارے پاس اچھا ٹھکانا ملے گا[5]۔

[4] یہ کمزوریاں جسمانی تھیں، روحانی نہیں تھیں۔

[5] اگر واقعہ میں وہ کسی کی بیوی چھینتا یا کمزور قبائل کو ظلماً اپنے ماتحت کرتا تو ہمارا پیارا کس طرح ہو سکتا تھا۔

(پھر ہم نے اسے کہا) اے داؤد! ہم نے تجھے زمین میں خلیفہ بنایا ہے پس تو لوگوں میں انصاف کے ساتھ حکم کر اور اپنی خواہش کی پیروی مت کر۔ وہ تجھے اللہ کے راستہ سے بھٹکا دے گی۔ وہ لوگ جو کہ اللہ کے راستہ سے بھٹک جاتے ہیں ان کو سخت عذاب ملتا ہے کیونکہ وہ حساب کے دن کو بھلا بیٹھتے ہیں۔

اور ہم نے آسمانوں اور زمین اور جو کچھ ان دونوں کے درمیان ہے اس کو یونہی ضائع ہونے والا نہیں بنایا، یہ گمان ان لوگوں کا ہے جو کافر ہیں۔ پس کافروں پر آگ کے عذاب کی وجہ سے ہلاکت نازل ہونے والی ہے۔

کیا ہم مومنوں اور ایمان کے مطابق عمل کرنے والوں کو زمین کے اندر فساد کرنے والوں کے برابر سمجھ لیں۔ یا ہم متقیوں کو فاجروں کے برابر سمجھ لیں۔

یہ (قرآن) ایک کتاب ہے، جسے ہم نے تیری طرف نازل کیا ہے سب خوبیوں کی جامع ہے تا کہ وہ اس (اللہ) کی باتوں پر غور کریں اور تاکہ عقل مند لوگ نصیحت حاصل کریں۔

اور ہم نے داؤد کو سلیمان بخشا اور وہ بہت ہی اچھا بندہ تھا وہ خدا کی طرف بہت ہی جھکنے والا تھا۔

(اور یاد کر) جب اس کے سامنے شام کے وقت اعلیٰ درجہ کے گھوڑے پیش کیے گئے۔

تو اس نے کہا، میں دنیا کی اچھی چیزوں سے اس لئے محبت رکھتا ہوں کہ وہ مجھے میرے[1] رب کی یاد دلاتی ہیں، یہاں تک کہ جب وہ گھوڑے اوٹ میں آگئے۔

[1] قرآن کریم میں اِنِّیْ اَحْبَبْتُ حُبَّ الْخَیْرِ عَنْ ذِکْرِ رَبِّیْ ہے۔ مفسرین نے کہا ہے کہ گھوڑے دیکھتے ہوئے نماز کا وقت جاتا رہا لیکن اصل مطلب یہ ہے کہ گھوڑوں کو میں نے خدا کی یاد میں خریدا ہے یعنی جہاد کے لئے اور یہی بات نبی کے شایان شان ہے۔ نہ وہ جو کہ مفسرین کہتے ہیں۔ چنانچہ عَنْ کے معنے لغت میں ’’سبب سے‘‘ کے بھی ہیں۔ (اقرب)

(اس نے کہا) ان کو میری طرف واپس لاؤ (جب وہ آئے) تو وہ ان کی پنڈلیوں اور گردنوں پر تھپکنے لگا۔[2]

[2] قرآن کریم میں مَسَحَ کا لفظ ہے جس کے معنے تھپکنے اور کاٹ ڈالنے دونوں کے ہوتے ہیں۔ مفسرین چونکہ ایک غلطی کر چکے تھے انہوں نے کاٹ ڈالنے کے معنے کو تھپکنے کے معنے پر ترجیح دی اور آیت کے یہ معنے کر دئیے کہ گھوڑے واپس بلا کر اس غصہ میں کہ ان کے دیکھنے میں نماز جاتی رہی، ان کو کاٹ ڈالا۔ حالانکہ یہ فعل ایک مجنون کا تو ہو سکتا ہے خدا کے نبی کا نہیں ہو سکتا۔ حقیقتاً اس جگہ یہی ذکر ہے کہ حضرت سلیمانؑ نے گھوڑے واپس بلائے اور چونکہ ان کو جہاد کے لئے پالا تھا ان کے ُپٹھوں پر ہاتھ مار کر تھپکنے لگے اور پیار کرنے لگے کہ میں نے ایسے اعلیٰ درجہ کے گھوڑے جہاد کے لئے تیار کئے ہیں۔

اور ہم نے سلیمان کی آزمائش کی اور اس کے تخت پر ایک بے جان[1] جسم کو بٹھانے کا فیصلہ کر لیا (پھر جب یہ نظارہ اس نے کشف میں دیکھا) تو وہ اپنے رب کی طرف جھکا۔

[1] بے جان جسم سے مراد یہ ہے کہ ان کا وارث ایک ایسا بیٹا ہوگا جس کے اندر آسمانی روح نہیں ہوگی بلکہ صرف مادی جسم ہوگا۔

اور اس (سلیمان) نے (اپنے بیٹے کی حقیقت خدا سے معلوم کرکے) کہا کہ اے میرے رب میرے عیبوں کو ڈھانک دے اور مجھ کو ایسی بادشاہت[2] عطا کر جو میرے بعد آنے والی اولاد کو ورثہ میں نہ ملے تو یقیناً بڑا بخشنہار ہے۔

[2] یہاں ملک سے مرادنبوت یعنی روحانی بادشاہت ہے جو بعد میں آنے والوں کو بھی عطاء الٰہی کے طور پر ملتی ہے۔ والد سے ورثہ کے طور پر نہیں۔ اس لئے حضرت سلیمانؑ نے دعا کی کہ اے اللہ روحانی فضل بڑھا۔ دنیوی ترقی جو اولاد کے ہاتھوں ضائع ہو سکتی ہے مجھے اس کی خواہش نہیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی