۳۸۔ سورۃ ص
تفسیر صغیر, حصہ 4
اور ہم نے اس کے لئے ہوا کو خدمت پر لگا دیا جو ان کے حکم کے مطابق جدھر وہ جانا چاہتے تھے نرمی سے اسی طرف کو چلنے لگتی۔
اسی طرح ہم نے سرکش شیطانوں کو یعنی ان میں سے تمام انجینئروں اور معماروں کو اسی طرح غوطہ خوروں کو اس کی خدمت پر لگا دیا تھا۔
اور کچھ اور لوگوں کو بھی، جو زنجیروں[3] میں بندھے رہتے تھے۔
[3] پرانے زمانہ میں غلاموں کو خصوصاً جو سمندر میں کام کرتے تھے، زنجیروں میں باندھ کر رکھتے تھے، تا وہ کشتی سے کود کر کہیں بھاگ نہ جائیں۔ رومی تاریخ اس پر شاہد ہے اور اس جگہ پر سمندر میں کام کرنے والے ملاحوں کا ہی ذکر ہے کیونکہ اوپر کشتیوں کا ذکر کیا گیا ہے، جو دور دور جاتی تھیں۔
یہ ہماری بے حساب عطا[4] ہے۔ پس خواہ تو ان قوموں پر احسان کر، خواہ جتنی سختی [5]مناسب ہو، ان سے کر۔
[4] یعنی ہمارے فضل سے یہ کامیاب بیڑے تجھے ملے ہیں اور تجھے سرکش قوموں پر قبضہ ملا ہے۔
[5] اس سے پتہ لگتا ہے کہ جنگی قیدیوں پر اس حد تک سختی کی جا سکتی ہے جس سے ان کو بھاگنے سے روکا جائے اس سے زیادہ سختی کرنی جائز نہیں۔
اور اس (یعنی سلیمان) کو ہمارے نزدیک بہت قرب حاصل ہے اور ہمارے پاس اس کا بہت اچھا ٹھکانا ہے۔
اور ہمارے بندے ایوب کو یاد کر جب اس نے اپنے رب کو یہ کہتے ہوئے پکارا کہ مجھے ایک کافر دشمن نے بڑی سخت تکلیف اور عذاب پہنچایا ہے۔
(ہم نے اسے کہا کہ) اپنی سواری کو ایڑی مار۔ یہ (سامنے) ایک نہانے والا پانی ہے جو ٹھنڈا بھی ہے اور پینے کے قابل بھی (یعنی صاف ہے)
اور ہم نے اس کو اس کے اہل بھی دئیے اور ان جیسے اور بھی اپنے رحم سے دئیے اور عقل والوں کے لئے ایک نصیحت کا سامان بھی بخشا۔
اور (ایوب سے کہا کہ) اپنے ہاتھ میں ایک کھجور کی گپھے دار[1] ٹہنی پکڑ لے اور اس کی مدد سے تیزی کے ساتھ سفر کر[2] (یعنی اس سے مار مار کر سواری کے جانور کو دوڑا) اور حق سے باطل کی طرف مائل [3]نہ ہو۔ ہم نے اس (یعنی ایوب) کو صابر پایا تھا وہ بہت اچھا بندہ تھا۔ وہ یقیناً خدا کی طرف کثرت سے جھکنے والا تھا۔
[1] پہاڑی لوگ لمبی شاخ جس کے آگے پتیّ ہوتے ہیں مار کر گھوڑے کو دوڑاتے ہیں۔ اسی حالت کا یہاں ذکر ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت ا ّیوب پہاڑ کے رہنے والے تھے۔ تفسیر فتح البیان میں لکھا ہے کہ ضِغْثٌ کے معنے کھجور کی گپھّے دار ٹہنی کے بھی ہوتے ہیں (جلد۸ ص۱۱۷)
[2] ضَرَبَ کے معنے سفر کرنے کے بھی ہوتے ہیں۔ (اقرب الموارد)
[3] حِنْثٌ کے معنے ہوتے ہیں حق سے باطل کی طرف مائل ہونا۔ اس میں یہ اشارہ کیا گیا ہے کہ دشمن تجھ کو ہدایت سے پھرا کر اپنی طرف لانا چاہتے ہیں لیکن گو تو فطرتاً ایسا نہیں کر سکتا پھر بھی دشمنوں کی مخالفت کی وجہ سے تجھے تکلیفیں پہنچیں گی۔ سو ہم تجھے حکم دیتے ہیں کہ ایک سواری پر بیٹھ جا اور ایڑیاں اور ٹہنیاں مار مار کر اس کو دوڑا یعنی تیزی سے دشمن کے ملک سے نکل جا تا کہ دشمن کا تجھ پر قبضہ نہ رہے اور تو ان کے باطل سے جس طرح روحانی طور پر محفوظ ہے جسمانی طور پر بھی محفوظ ہو جائے۔
اور یاد کر ہمارے بندوں ابراہیم اور اسحاق اور یعقوب کو، جو بڑے فَعّال[4] اور دور اندیش تھے۔
[4] یہ اُولِی الْاَیْدِیْ کا ترجمہ ہے۔ یَدٌ یعنی ہاتھ کام پر دلالت کرتا ہے۔ پس جن کے بہت ہاتھ تھے درحقیقت وہ بہت کام کرنے والے تھے۔ اور دور اندیش اُولِی الْاَبْصَارِ کا ترجمہ ہے کیونکہ بہت سی آنکھوں سے مراد دور اندیشی ہی ہو سکتی ہے۔
ہم نے ان کو ایک خالص بات کے لئے چن لیا تھا، اور وہ اصل گھر (یعنی آخرت) کی یاد تھی۔
اور وہ سب ہمارے نزدیک برگزیدہ اور بڑی خیر والے لوگ تھے۔