۳۸۔ سورۃ ص

تفسیر صغیر, حصہ 6

(اس پر) وہ گروہ (جس سے یہ بات کہی جائے گی) کہے گا، ہمارا ذکر چھوڑو۔ تم بھی ایسے لوگ ہو کہ جن کو خوش آمدید کہنے والا کوئی نہیں تم نے (ہم کو بہکا بہکا کر) اس (دوزخ) کو ہمارے لئے آگے بھیجا[1] تھا اور وہ بہت برا ٹھکانا ہے۔

[1] یعنی ایسے اعمال اور عقیدے ہمارے سامنے پیش کیے جن کو اختیار کرنے کی وجہ سے ہمیں دوزخ کا مُنہ دیکھنا پڑا۔

(اس پر) وہ گروہ (جس سے وہ یہ بات کہیں گے) کہے گا۔ اے ہمارے رب! جس کسی نے (بھی تیری نظر میں) ہمارے لئے اس دوزخ کو آگے بھیجا ہے (یعنی ہمارے لئے ممکن بنایا ہے) تو اس کو آگ میں زیادہ سے زیادہ عذاب دے۔

اور (اس وقت دوزخی) کہیں گے ہمیں کیا ہوا کہ ہم آج ان لوگوں کو نہیں دیکھتے جن کو ہم برا قرار دیا کرتے تھے۔

کیا ہم ان کو (یونہی اپنے دلی خیال کی وجہ سے) حقیر سمجھتے تھے یا اس وقت ہماری آنکھیں کج ہو گئی ہیں (اور وہ ہمیں نظر نہیں آتے)۔

دوزخیوں کا یہ جھگڑا ایک سچی بات ہے اور ایسا ہی ہو کر رہے گا۔

تو (ان سے) کہہ دے کہ میں تو صرف ایک ڈرانے والا ہوں۔ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ اکیلا (اور) غالب ہے۔

آسمانوں اور زمین کا رب ہے اور جو کچھ ان دونوں کے درمیان ہے اس کا بھی۔ (وہ) غالب ہے (اور اس کے باوجود) بخشنے والا[1] ہے۔

[1] دنیا میں تو انسان یہ کرتے ہیں کہ جب غالب آجائیں تو اپنے دشمن کو پیس ڈالتے ہیں۔ لیکن اللہ تعالیٰ کے متعلق آتا ہے کہ وہ غالب بھی ہے اور بڑا بخشنے والا بھی۔ یعنی تمام کافر اس کے قبضہ میں ہیں پھر بھی وہ سزا دینے میں ڈھیلا ہے اس میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق بتائے گئے ہیں۔ کیونکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ کَانَ خُلُقُہُ الْقُُرْاٰن (احمد بن حنبل جلد ۶ صفحہ۹۱ مطبوعہ بیروت) یعنی قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ کی جو صفات حسنہ بیان کی گئی ہیں وہ ساری کی ساری رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم میں پائی جاتی تھیں۔ پس گو یہ الفاظ خداتعالیٰ کے لئے بولے گئے ہیں لیکن ان سے مراد محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی ہیں۔ چنانچہ فتح مکہ کے موقعہ پر آپ نے یہی نمونہ دکھایا کہ جب سارے کفار جو رات اور دن آپ کو اور آپ کے ساتھیوں کو دکھ دیتے تھے آپ کے سامنے پیش ہوئے تو آپ نے فرمایا لَا تَثْرِیْبَ عَلَیْکُمُ الْیَوْمَ آج تم میں سے کسی پر کوئی گرفت نہیں ہوگی۔ (سیرۃ حلبیہ و زرقانی جلد۲ ص۳۰۲و۳۰۳ مطبوعہ مطبع ازہریہ مصر)

تو کہہ دے، کہ یہ ایک بری خبر ہے۔

(مگر) تم اس سے منہ پھیر رہے ہو۔

مجھے بلند شان فرشتوں کا کوئی علم نہیں تھا جبکہ وہ (یہ) بحث کر رہے تھے (کہ اس زمانہ میں ہدایت دینے کے لئے کون شخص مناسب ہے)

مجھے تو صرف یہ وحی کی جاتی ہے کہ میں کھول کھول کر بیان کرنے والا نذیر (یعنی نبی) ہوں۔

(یاد کر) جبکہ تیرے رب نے فرشتوں سے کہا کہ میں گیلی مٹی سے ایک بشر پیدا کرنے والا ہوں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی