۳۹۔ سورۃ الزمر

تفسیر صغیر, حصہ 3

کیا وہ شخص جو اپنے [1]منہ کو قیامت کے دن سخت عذاب (یعنی دوزخ) سے بچنے کے لئے ڈھال بناتا ہے (وہ جنت میں جانے والے کے برابر ہو سکتا ہے) اور ظالموں سے کہا جائے گا کہ اپنے عملوں کا نتیجہ چکھو۔

[1] بعض جگہ ہم نے وَجْہٌ کے معنے ’’سردار‘‘ کے بھی کیے ہیں مگر یہ معنے دنیوی عذاب پر لگ سکتے ہیں اخروی عذاب پر نہیں۔ کیونکہ دنیا میں انسان اپنی جگہ پر اپنے سرداروں کو عذاب کی طرف دھکیل سکتا ہے مگر آخرت میں ایسا نہیں کر سکتا۔ پس ہم نے اس جگہ وَجْہٌ کے معنے مُنہ کے کیے ہیں۔ مراد یہ ہے کہ قیامت کے دن عذاب کی سختی کی وجہ سے کفار ایسے مدہوش اور پاگل ہو جائیں گے کہ بجائے اس کے کہ وہ اپنے منہ کو بچائیں جو اصل بچانے کی چیز ہے۔ وہ باقی بدن کو پیچھے کر دیں گے اور منہ آگے کر دیں گے۔ گویا خداتعالیٰ ان کے دل میں ایسی خواہش پیدا کر دے گا کہ وہ بے تحاشا پیٹوں کے بل گھسٹتے ہوئے دوزخ کی طرف جائیں گے۔

اُن سے پہلے لوگ بھی جھٹلا چکے ہیں (پھر اس کے نتیجہ میں) اُن کے اوپر عذاب ایسی ایسی طرفوں سے آیا جن کو وہ سمجھتے نہیں تھے۔

اور اللہ نے ان کو دنیوی زندگی کی ذلت بھی دی اور آخرت میں جو عذاب آئے گا اگر وہ سمجھیں تو وہ اس سے بھی بڑا ہوگا۔

اور ہم نے اس قرآن میں ہر قسم کی باتیں بیان کر دی ہیں، تاکہ وہ (یعنی کفار) نصیحت حاصل کریں۔

ہم نے اس کو قرآن بنایا ہے جو اپنا مطلب کھول کر بیان کرنے والا ہے اس میں کوئی کجی نہیں (یہ اس لئے اترا ہے) تا لوگ تقویٰ اختیار کریں۔

اللہ اس شخص کی حالت کو (عبرت کے لئے) بیان کرتا ہے جس کے کئی مالک ہیں جو آپس میں اختلاف بھی رکھتے ہیں اور ایک شخص پورا کا پورا ایک آدمی کی ملکیت ہے۔ کیا یہ دونوں[2] شخص اپنے حال میں برابر ہو سکتے ہیں؟ سب تعریف اللہ ہی کی ہے لیکن ان میں سے اکثر جانتے نہیں۔

[2] یعنی مشرک اور مو ّحد۔

تو بھی ایک دن مرنے والا ہے اور وہ بھی مرنے والے ہیں۔

پھر تم سب کے سب قیامت کے دن اپنے رب کے سامنے اپنے اپنے عقائد اور اعمال کو پیش کرو گے۔

اور اس سے زیادہ ظالم کون ہو سکتا ہے جو اللہ پر جھوٹ باندھے اور (خدا کی طرف سے آنے والے) سچ کو جب وہ اس کے پاس آئے جھٹلائے۔ کیا کافروں کا ٹھکانا جہنم نہیں ہے؟

اور (ہر) وہ شخص جو خدا کی طرف سے سچی تعلیم لائے اور (ہر) وہ شخص جو ایسی تعلیم کی تصدیق کرے ایسے لوگ ہی متقی ہوتے ہیں۔

وہ جو کچھ چاہیں گے ان کو اپنے رب کے ہاں مل جائے گا۔ محسنوں کا بدلہ ایسا ہی ہوتا ہے۔

تا کہ اللہ ان کے اعمال کے بدپہلوؤں کو ڈھانک دے اور اُن کا بدلہ اُن کے اعمال میں سے جو سب سے اچھے اعمال ہوں ان کے مطابق دے دے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی