۳۹۔ سورۃ الزمر
تفسیر صغیر, حصہ 4
کیا اللہ اپنے بندہ کے لئے کافی نہیں؟ اور وہ لوگ تجھے ان سے ڈراتے ہیں جو اس (خدا) کے علاوہ ہیں اور جس کو اللہ گمراہ سمجھے اس کو ہدایت دینے والا کوئی نہیں۔
اور جس کو اللہ ہدایت دے اس کو کوئی گمراہ نہیں کر سکتا۔ کیا اللہ غالب (اور) بدلہ[1] لینے پر قادر نہیں ہے؟
[1] یعنی کفار تو کوشش کرتے تھے کہ مومن کسی طرح گمراہ ہو جائیں لیکن مومنوں کی قربانی کی وجہ سے اللہ تعالیٰ چاہتا تھا کہ مومن بڑھیں اس لئے اس آیت میں فرماتا ہے کہ کیا اللہ تعالیٰ غالب نہیں کہ جو اس کا منشا ہے اس کو پورا کرے اور جو دشمنوں کا منشا ہے اس کو ناکام کرے۔
اور اگر تو ان سے پوچھے کہ آسمانوں اور زمین کو کس نے پیدا کیا ہے؟ تو وہ ضرور کہیں گے کہ اللہ نے۔ تو کہہ دے کیا تم کو معلوم ہے کہ تم اللہ کے سوا کس کو پکارتے ہو؟ اگر اللہ مجھے نقصان پہنچانا چاہے تو کیا وہ[1] (جھوٹے معبود) اس کے نقصان کو دور کر سکتے ہیں؟ یا اگر اللہ مجھے رحمت پہنچانا چاہے تو کیا وہ (معبود) اس کی رحمت کو روک سکتے ہیں؟ تو کہہ دے مجھے اللہ کافی ہے۔ سب (سچے) متوکل اسی پر توکل کرتے ہیں۔
[1] قرآن مجید میں ھُنَّ کا لفظ ہے جو جمع مؤنث کے لئے آتا ہے۔ یہ لفظ اس لئے استعمال کیا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے سوا جو معبود تھے کفار ان کو عورتیں سمجھتے تھے۔
تو کہہ دے، اے میری قوم! تم اپنی اپنی جگہوں پر عمل کرو، میں بھی (اپنی جگہ پر) عمل کروں گا۔ پس تم ضرور جان لو گے۔
(کہ) کس کو ایسا عذاب آتا ہے جو اُسے رسوا کر دیتا ہے اور کس پر وہ عذاب آتا ہے جو دائمی ہوتا ہے۔
ہم نے تجھ پر (یہ) کتاب یقیناً لوگوں کے فائدہ کے لئے حق اور حکمت کے ساتھ اتاری ہے سو جس نے ہدایت پالی اس کا نفع اسی کی جان کو حاصل ہوگا اور جو گمراہ ہو گیا اس کی گمراہی اسی پر پڑے گی اور تو اُن پر کارساز کے طور پر مقرر نہیں کیا گیا۔
اللہ ہر شخص کی روح اس کی موت کے وقت قبض کرتا ہے اور جس کی موت نہیں آئی (اس کی روح) اس کی نیند کے وقت (قبض کرتا ہے) پھر وہ جس کی موت کا حکم جاری کر چکا ہوتا ہے اس کی روح کو روکے رکھتا ہے اور دوسری کو ایک مدت مقررہ کے لئے واپس کر دیتا ہے اس میں فکر کرنے والی قوم کے لئے نشانات ہیں۔
کیا انہوں نے اللہ کے سوا کچھ شفیع قرار دے چھوڑے ہیں؟ کہہ دے گو ان کے قبضہ میں کوئی طاقت نہ ہو اور نہ ان کو (کسی قسم) کی سمجھ بوجھ ہو (پھر بھی تم انہیں شفیع قرار دو گے)۔
تو کہہ دے کہ شفاعت کا اختیار سب کا سب اللہ کے ہاتھ میں ہے (جس کو چاہتا ہے یہ اختیار دیتا ہے) آسمانوں اور زمین کی بادشاہت اسی کی ہے اور تم اسی کی طرف لوٹائے جاؤ گے۔
اور جب خدائے واحد کا ذکر کیا جاتا ہے تو وہ لوگ جو آخرت پر ایمان نہیں لاتے ان کے دل (ایسے وعظ سے) نفرت [1]کرنے لگ جاتے ہیں اور جب اُن (بتوں) کا جو خدا کے مقابلہ میں بالکل حقیر ہیں ذکر کیا جاتا ہے تو وہ یکدم خوش ہونے لگ جاتے ہیں۔
[1] یعنی مشرک لوگ توحید کے ذکر سے بہت چِڑتے ہیں۔
تو کہہ دے اے اللہ! (اے) آسمانوں اور زمین کو پیدا کرنے والے، غیب اور ظاہر کا علم رکھنے والے! تو ہی اپنے بندوں کے درمیان ان تمام چیزوں کا فیصلہ کرنے والا ہے جن میں وہ اختلاف کرتے ہیں۔
اور اگر ظالم لوگ زمین میں جو کچھ ہے اس کے مالک ہوتے بلکہ اتنا ہی اور بھی ان کے پاس ہوتا تو وہ قیامت کے دن عذاب سے بچنے کے لئے اسے فدیہ کے طور پر دے دیتے اور اللہ کی طرف سے ان پر وہ کچھ ظاہر ہو جائے گا۔ جس کا وہ گمان بھی نہیں رکھتے تھے۔