۳۹۔ سورۃ الزمر
تفسیر صغیر, حصہ 5
اور اُن پر اُن کے اعمال کی برائیاں ظاہر ہو جائیں گی اور جس عذاب سے وہ ہنسی کیا کرتے تھے (وہ بھی) اُن کو ہر طرف سے گھیر لے گا۔
اور جب انسان کو کوئی نقصان پہنچتا ہے تو وہ ہمیں پکارنے لگتا ہے۔ پھر جب ہم اس کو اپنے پاس سے کوئی نعمت دیتے ہیں تو وہ کہتا ہے مجھے یہ نعمت اپنے علم کی بنا پر ملی ہے (یہ درست نہیں) بلکہ اس کا ملنا ایک آزمائش ہے لیکن اِن میں سے اکثر جانتے نہیں۔
یہی (بات) ان سے پہلے لوگ بھی کہہ چکے ہیں۔ پھر بھی اُن کے اعمال اُن کے کام نہ آئے۔
بلکہ ان کے اعمال کی بدیوں (کی جزا) نے ان کو آپکڑا اور اس زمانہ کے لوگوں میں سے جو ظالم ہیں ان کو بھی ان کے اعمال کی بدیاں پکڑ لیں گی اور وہ خدا کو اس کے ارادہ سے روک نہ سکیں گے۔
کیا ان کو معلوم نہیں کہ اللہ جس کے لئے چاہتا ہے رزق میں فراخی دے دیتا ہے اور (جس کے لئے چاہتا ہے رزق میں) تنگی کر دیتا ہے۔ اور اس میں مومن قوم کے لئے بڑے بڑے نشان ہیں۔
تو (ان کو ہماری طرف سے) کہدے اے میرے بندو! جنہوں نے اپنی جان پر (گناہ کرکے) ظلم کیا ہے اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو۔ اللہ سب گناہ بخش دیتا ہے۔ وہ بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
اور تم سب اپنے رب کی طرف جھکو اور پیشتر اس کے کہ تم پر ایسا عذاب نازل ہو جس کے نزول کے بعد تمہاری مدد کے لئے کوئی نہ پہنچ سکے اس کے پورے فرمانبردار بن جاؤ۔
اور جو کچھ تمہاری طرف اُترا ہے اس میں سے (اپنے مطابق حال) سب سے بہتر[1] حکم کی پیروی کرو۔ پیشتر اس کے کہ تم پر اچانک عذاب آجائے اور تم جانتے بھی نہ ہو۔
[1] یعنی جو زیادہ سے زیادہ توفیق ہو اس کے مطابق کام کرنے کی کوشش کرو۔
تا ایسا نہ ہو کہ تم میں سے کوئی شخص یہ کہنے لگے کہ جو کچھ اللہ کے بارے میں میں نے کمی کی ہے اس کی بنا پر مجھ پر افسوس! اور میں تو (وحی الٰہی) کو حقیر سمجھتا رہا تھا۔
یا (کوئی) یہ کہنے لگے کہ اگر اللہ مجھے (جبرا) ہدایت دے دیتا تو میں بھی متقیوں میں سے ہو جاتا۔
یا جب عذاب کو دیکھے تو کہنے لگے کہ اگر مجھے واپس جانے کا موقعہ ملتا، تو میں محسنوں میں شامل ہو جاتا۔
(ایسا) ہرگز نہیں (ہوسکتا) بلکہ تیرے پاس ہمارے نشانات آچکے تھے پھر بھی تو نے ان کا انکار کیا اور تکبر سے پیش آیا اور کافروں میں شامل ہو گیا۔