۴۰۔ سورۃ غافر

تفسیر صغیر, حصہ 3

فرعون اور ہامان اور قارون کی طرف بھیجا[1] تھا مگر انہوں نے کہا یہ شخص دھوکہ دینے والا (اور) جھوٹا ہے۔

[1] فرعون تو بادشاہ تھا ہی، ہامان بھی اس کا انجینئر اِن چیف تھا اور غالباً ملک میں بہت بارسوخ تھا۔ قارون خود بنی اسرائیل سے تھا مگر فرعون نے اس کو خزانوں پر مقرر کیا ہوا تھا۔ گویا ریونیو کا افسر تھا اس لئے اس کا اثر بھی قوم پر بہت تھا۔ اسی وجہ سے تینوں نام اکٹھے کیے گئے ہیں۔

پس جب وہ (موسیٰ) ہماری طرف سے حق لے کر ان کے پاس آیا تو انہوں نے کہا، جو لوگ ایمان لا کر اس کے ساتھ شامل ہو گئے ہیں۔ ان کے بیٹوں کو ہلاک کر دو۔ اور ان کی عورتوں کو زندہ رکھو اور کافروں کی تدبیر ہمیشہ الٹی ہی پڑتی ہے[2]۔

[2] بعض دفعہ بظاہر یوں معلوم ہوتا ہے کہ نبی کے مقابلہ میں کفار کی تدبیر کامیاب رہی مگر یہ ایک بہت چھوٹے عرصہ کے لئے ہوتا ہے۔ اصل کامیابی وہی ہوتی ہے جو مستقل ہو اور کافروں کو کبھی مستقل کامیابی نہیں ملتی۔ بلکہ مستقل کامیابی صرف انبیاء اور ان کی جماعتوں کو ملتی ہے۔

اور فرعون نے کہا مجھے چھوڑو[3] تا میں موسٰی کو قتل کروں اور چاہیئے کہ وہ اپنے رب کو پکارے میں اس بات سے ڈرتا ہوں کہ وہ تمہارے دین کو بدل نہ دے یا ملک میں کوئی فساد نہ پیدا کر دے۔

[3] یعنی اب میں موسٰیؑ کے قتل پر تُلا ہوا ہوں۔ اس کے خلاف مجھے کوئی مشورہ نہ دو۔

(اس پر) موسیٰ نے کہا، میں اپنے رب سے اور تمہارے رب سے ہر متکبر کی شرارت سے جو یوم حساب پر ایمان نہیں لاتا پناہ مانگتا ہوں۔

اور آل فرعون میں سے ایک شخص جو ایمان دار تھا، مگر اپنا ایمان چھپاتا تھا اس نے کہا اے لوگو! کیا تم ایک آدمی کو صرف اس لئے مارتے ہو کہ وہ کہتا ہے کہ اللہ میرا رب ہے اور وہ تمہارے رب کی طرف سے نشانات بھی لایا ہے اور اگر وہ جھوٹا ہے تو اس کے جھوٹ کا وبال اسی پر پڑے گا اور اگر وہ سچا ہے تو اس کی کی ہوئی بعض (انذاری) پیشگوئیاں تمہارے متعلق پوری ہو جائیں گی۔ اللہ حد سے بڑھے ہوئے اور بہت جھوٹ بولنے والے کو کبھی کامیاب نہیں کرتا[1]۔

[1] یہ مطلب نہیں کہ جو حد سے بڑھ کر جھوٹ بولے، اسے کامیاب نہیں کرتا، بلکہ عربی زبان میں بعض دفعہ مبالغہ پر نفی لائی جاتی ہے اور مراد یہ ہوتی ہے کہ اس قسم کی تھوڑی سی چیز بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اے میری قوم! آج تمہاری ایسی حکومت ہے کہ تم ملک پر غالب ہو، پس بتاؤ کہ اللہ کے عذاب کے مقابلہ میں اگر وہ ہم پر نازل ہو گیا تو ہماری مدد کون کرے گا؟ فرعون نے کہا، میں تمہیں وہی بتاتا ہوں جو خود مجھے ٹھیک نظر آتا ہے اور میں تمہیں صرف ہدایت کا راستہ بتاتا ہوں۔

اور وہ شخص جو (درحقیقت) ایمان لا چکا تھا اس نے کہا کہ اے میری قوم! گزشتہ بڑی بڑی قوموں کی ہلاکت کے دن کی طرح میں تمہاری ہلاکت کے دن سے بھی ڈرتا ہوں۔

جیسا کہ نوح کی قوم اور عاد اور ثمود پر گذرا۔ اور جو لوگ ان کے بعد گذرے۔ اور اللہ اپنے بندوں پر ظلم نہیں کرنا چاہتا۔

اور اے میری قوم! میں تم پر اس دن سے ڈرتا ہوں جس دن لوگ ایک دوسرے کو مدد کے لئے پکاریں گے۔

جس دن تم پیٹھ پھیر کر (خدائی لشکروں کے سامنے سے) بھاگ جاؤ گے اور اللہ کے مقابلہ میں کوئی تم کو بچانے والا نہیں ہوگا اور جس کو اللہ گمراہ قرار دے اس کو کوئی ہدایت نہیں دے سکتا۔

اور یوسف اس سے پہلے دلائل کے ساتھ تمہارے پاس آچکا ہے مگر تم جو کچھ وہ تمہارے پاس لایا تھا اس کے بارہ میں شک ہی میں رہے، یہاں تک کہ جب وہ فوت ہو گیا تو تم نے (مایوسی سے) کہنا شروع کیا کہ اللہ اس کے بعد[2] کوئی رسول مبعوث نہیں کرے گا اسی طرح اللہ ہر حد سے گذرنے والے (اور) شبہ کرنے والے کو گمراہ قرار دیتا ہے۔

[2] جیسے مسلمان عوام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کہتے ہیں۔

جو لوگ اللہ کی آیتوں میں بغیر کسی دلیل کے جو ان کے پاس (اللہ کی طرف سے) آئی ہو بحثیں کرتے ہیں (ان کو معلوم ہونا چایئے کہ) یہ اللہ کے نزدیک اور مومنوں کے نزدیک بہت بُرا ہے اسی طرح اللہ متکبر انسان کے پورےکے پورے [1]دل پر مہر لگا دیتا ہے۔

[1] بظاہر یہ الفاظ ہونے چاہئیں۔ کہ ہر متکبر کے دل پر مہر لگا دیتا ہے مگر قرآن مجید کہتا ہے کہ متکبر کے سارے دل پر مہر لگا دیتا ہے۔ قرآن مجید کا یہ استعمال بے نظیر ہے۔ کیونکہ ہر متکبر کے دل پر مہر لگنے سے وہ بات نہیں نکلتی جو ایک کامل متکبر کے سارے دل پر مہر لگانے سے نکلتی ہے کیونکہ اس دوسری بات سے یہ نتیجہ نکالا گیا ہے کہ ہدایت کی راہیں مختلف ہوتی ہیں۔ ایک گمراہ شخص بھی ہدایت کی کوئی راہ پا سکتا ہے لیکن جو کامل متکبر ہو اس کے لئے سب ہدایت کی راہیں بند ہو جاتی ہیں اور دل کے ہر حصہ پر مہر لگ جاتی ہے کوئی راہ ہدایت کی اس کے لئے کھلی نہیں رہتی۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی