۴۰۔ سورۃ غافر

تفسیر صغیر, حصہ 4

اور فرعون نے کہا، اے ہامان! میرے لئے ایک محل بنوا۔ تا کہ میں ان راستوں پر جا پہنچوں،

جو آسمان کے راستے ہیں اور اس طرح موسیٰ کے خدا پر آگاہ ہو جاؤں۔ کیونکہ میں اسے جھوٹا سمجھتا ہوں۔ اور اس طرح فرعون کی نظر میں اس کے اعمال کی بدیاں خوبصورت کرکے دکھائی گئی تھیں اور وہ حقیقی راستہ سے (اپنی نافرمانیوں کی وجہ سے) روکا گیا تھا اور فرعون کی تدبیر ناکامی کی صورت میں ہی ظاہر ہونے والی تھی۔

اور وہ شخص جو ایمان لایا تھا، اس نے کہا، اے میری قوم! میری اتباع کرو، میں تم کو ہدایت کا راستہ دکھاؤں گا۔

اے میری قوم! یہ ورلی زندگی صرف ایک چند روزہ فائدہ ہے، اور اُخروی زندگی ہی یقیناً پائیدار ٹھکانا ہے۔

جو بُرا عمل کرے گا۔ اس کو اسی کے مطابق نتیجہ ملے گا اور جو کوئی ایمان کے مطابق عمل کرے گا خواہ مرد ہو یا عورت، بشرطیکہ وہ ایمان میں سچا ہو وہ اور اس کے ہم مشرب لوگ جنّت میں داخل ہوں گے اور ان کو اس میں بغیر حساب کے انعام دیا جائے گا۔

اور اے میری قوم! میرا بھی کیا عجیب حال ہے کہ میں تو تم کو نجات کی طرف بلاتا ہوں، اور تم مجھے دوزخ کی طرف بلاتے ہو۔

تم مجھے اس غرض سے بلاتے ہو کہ میں اللہ کا کفر کروں اور اس کے شریک ان کو قرار دوں جن کے شریک ہونے کے متعلق مجھے کوئی علم نہیں اور میں تم کو ایک غالب (اور) بخشنے والی ہستی کی طرف بلاتا ہوں۔

اس میں کوئی شبہ نہیں کہ تم مجھے اس ہستی کی طرف بلاتے ہو جس کی کوئی (مؤثر) آواز نہ اس دنیا میں ہے نہ اگلے جہان میں۔ اور (حقیقت یہ ہے کہ) ہم سب کو اللہ ہی کی طرف لوٹ کر جانا ہے اور یہ کہ حد سے گذرنے والے لوگ دوزخی ہیں۔

پس میں جو کچھ تمہیں نصیحت کرتا ہوں اس کو تم جلدی ہی یاد کرو گے اور (میں تمہاری دھمکیوں سے ڈرتا نہیں) میں اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کرتا ہوں۔ اللہ یقیناً (اپنے) بندوں کا نگران ہے۔

اس پر اللہ نے اس (مومن شخص) کو اُن (کفار) کی تدبیروں کے بدنتائج سے بچا لیا اور آل فرعون کو دردناک عذاب نے چاروں طرف سے گھیر لیا۔

یعنی آگ نے جس کے سامنے وہ صبح اور شام پیش کیے جاتے ہیں اور جب مقررہ گھڑی آئے گی (فرشتوں سے کہا جائے گا کہ) فرعون کے ساتھیوں کو سخت عذاب میں داخل کرو۔

اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب کہ (فرعون کے ساتھی) آگ میں بحث کر رہے ہوں گے۔ اور ان میں سے کمزور بڑے لوگوں سے کہہ رہے ہوں گے کہ ہم تمہارے متبع تھے پس کیا آج تم ہم کو آگ کے عذاب کے کسی حصہ سے بچا سکتے ہو؟

·

آج 10 میں سے 10 باقی