۴۰۔ سورۃ غافر

تفسیر صغیر, حصہ 5

بڑے لوگ کہیں گے، ہم سب اس عذاب میں مبتلا ہیں۔ اللہ نے اپنے بندوں کے درمیان جو فیصلہ کرنا تھا کر دیا۔

اور دوزخی لوگ دوزخ کے داروغوں سے کہیں گے، تم اپنے رب کو پکارو کہ عذاب کا کچھ وقت تو ہم سے کم کرے۔

وہ کہیں گے کہ کیا تمہارے پاس تمہارے رسول دلائل لے کر نہیں آئے تھے وہ کہیں گے ہاں۔ کیوں نہیں! اس پر وہ (دوزخ کے داروغے) کہیں گے، اب تم (جتنا چاہو) پکارتے جاؤ۔ اور کافروں کی دعا رائیگاں ہی جاتی ہے۔

ہم اپنے رسولوں کی اور ان پر ایمان لانے والوں کی اس دنیا میں بھی ضرور مدد کریں گے اور اس دن بھی جبکہ گواہ کھڑے ہونگے۔

جس دن ظالموں کو ان کا عذر کوئی نفع نہیں دے گا اور ان پر (خداتعالیٰ کی) لعنت نازل ہوگی۔ اور ان کو برا گھر (رہنے کو) ملے گا۔

اور ہم نے یقیناً موسیٰ کو ہدایت دی تھی اور بنی اسرائیل کو (اس) کتاب (یعنی توراۃ) کا وارث بنا دیا تھا۔

جو عقل مندوں کے لئے ہدایت اور نصیحت کا موجب تھی۔

پس تو صبر کر۔ اللہ کا وعدہ ضرور پورا ہو کر رہے گا اور جو تیرے گناہ لوگوں نے کیے ہیں ان کی بھی ان کے حق میں بخشش مانگتا [1]رہ اور اپنے رب کی شام اور صبح حمد کے ساتھ ساتھ تسبیح بھی کرتا رہا کر۔

[1] اس کی تشریح کے لئے دیکھیں تفسیر کبیر جلد دہم تفسیر سورۃ النصر۔

وہ لوگ جو کہ اللہ کی آیتوں کے بارے میں بغیر کسی دلیل کے جو ان کے پاس (خدا کی طرف سے) آئی ہو بحث میں لگے رہتے ہیں، ان کے دلوں میں بڑی بڑی خواہشیں ہیں جن کو وہ کبھی نہ پہنچیں گے۔ پس اللہ کی پناہ مانگتا رہ۔ وہ بہت سننے والا (اور) بہت دیکھنے والا ہے۔

آسمانوں اور زمین کی پیدائش انسانوں کی پیدائش سے بڑا کام ہے۔ مگر اکثر انسان جانتے نہیں۔

اور اندھے اور آنکھوں والے برابر نہیں ہو سکتے اور جو لوگ ایمان لے آئے اور ایمان کے مطابق انہوں نے کام کیے۔ وہ بدکار لوگوں کے (برابر نہیں ہو سکتے) تم لوگ بالکل نصیحت حاصل نہیں کرتے۔

اور اس میں کوئی شک نہیں کہ تباہی کی گھڑی[1] ضرور آنے والی ہے، لیکن اکثر لوگ ایمان نہیں لاتے۔

[1] اس جگہ اَلسَّاعَۃ سے دنیوی تباہی کی گھڑی بھی مراد ہو سکتی ہے اور اُخروی بھی۔ لیکن دنیوی تباہی کی گھڑی چونکہ کفار کو نظر آسکتی ہے اس لئے اس کو مقدم سمجھنا چاہیے اور اُخروی تباہی کی گھڑی چونکہ نظر نہیں آسکتی اس لئے اس کو مؤخر سمجھنا چاہیے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی