۴۰۔ سورۃ غافر

تفسیر صغیر, حصہ 6

اور تمہارا رب کہتا ہے مجھے پکارو، میں تمہاری دعا سنوں گا۔ جو لوگ ہماری عبادت کے معاملہ میں تکبر سے کام لیتے ہیں وہ ضرور جہنم میں رسوا ہو کر داخل ہونگے۔

اللہ وہ ہے جس نے تمہارے لئے رات بنائی تاکہ تم اس میں آرام حاصل کرو، اور دن کو دکھانے والا بنایا ہے۔ اللہ لوگوں پر بڑا فضل کرنے والا ہے لیکن لوگوں میں سے اکثر شکر نہیں کرتے۔

یہ اللہ تمہارا وہ رب ہے جو ہر چیز کا پیدا کرنے والا ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ پس بتاؤ تو سہی تمہیں کس طرف پھیر کر لے جایا جارہا ہے۔

اسی طرح ان لوگوں کو کم عقلی کی باتوں کی طرف پھیر کر لے جایا جاتا ہے جو اللہ کی آیتوں کا بضد انکار کرتے ہیں۔

(حالانکہ) اللہ وہ ہے جس نے زمین کو تمہارے لئے قرار کی جگہ بنایا ہے اور آسمان کو ایک مکان کی صورت میں (حفاظت کے لئے بنایا ہے) اور اس نے تم کو مختلف طاقتیں بخشی ہیں اور پھر ان طاقتوں کو نہایت اعلیٰ درجہ کا اور مضبوط بنایا ہے اور تم کو پاکیزہ رزق بخشا ہے۔ یہ اللہ ہے جو تمہارا رب بھی ہے۔ پس بہت برکت والا ہے اللہ جو سب جہانوں کا رب ہے۔

وہ زندہ (اور دوسروں کو زندگی دینے والا) ہے۔ اس کے سوا کوئی معبود نہیں، اور اللہ کے لئے عبادت[1] کو خالص کرتے ہوئے اس کو پکارو، سب تعریف اللہ ہی کی ہے جو سب جہانوں کا رب ہے۔

[1] عربی کے الفاظ کے لحاظ سے یہاں ضمیر استعمال ہونی چاہیے مگر چونکہ پہلے اللہ کا ذکر گذر چکا ہے اور اردو میں مضمون واضح نہیں ہوتا ہم نے اس جگہ اللہ کا لفظ کھول کر لکھ دیا ہے اور اس کے بعد ضمیر ہی رہنے دی ہے یہ صرف عربی اور اردو کے طریق بیان کا فرق ہے۔

تو کہہ دے کہ مجھے اس سے روکا گیا ہے کہ میں ان کی عبادت کروں جن کو تم اللہ کے سوا پکارتے ہو۔ خصوصاً جبکہ میرے پاس میرے رب کی طرف سے کھلی نشانیاں بھی آچکی ہیں اور مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں صرف سب جہانوں کے رب کی اطاعت کروں۔

وہی ہے جس نے تم کو (پہلے دور میں) مٹی سے پیدا کیا پھر (دوسرے دور میں) نطفہ سے، پھر (تیسرے دور میں) ایک خون کے لوتھڑے سے۔ پھر (اس سے) تم کو ایک بچہ بنا کر نکالتا ہے۔ پھر اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ تم اپنی جوانی کو پہنچ جاتے ہو پھر اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ تم اپنے بڑھاپے کو پہنچ جاتے ہو اور تم میں سے کسی کی روح اس (عمر کو پہنچنے) سے پہلے (یعنی بڑھاپے کی عمر سے پہلے) قبض کر لی جاتی ہے اور وہ ایسا اس لئے کرتا جاتا ہے کہ تم اس مدت کو پہنچ جاؤ جو تمہارے لئے مقرر کی گئی ہے اور تا کہ تم (اس ڈھیل کے زمانہ سے فائدہ اٹھا کر) عقل سے کام لے لو۔

وہ خدا ہی ہے جو زندہ کرتا ہے اور مارتا ہے پس جب وہ کسی بات کا فیصلہ کر دیتا ہے تو اس کے بارہ میں کہتا ہے ہو جائے، سو وہ ہو جاتی ہے۔

کیا تو نے ان لوگوں کو نہیں دیکھا جو اللہ کی آیتوں کے متعلق جھگڑتے رہتے ہیں وہ کدھر پھیر کر لے جائے جاتے ہیں۔

یہ (اسی قسم کے) لوگ ہیں جنہوں نے ہماری کتاب کا بھی اور ہمارے رسول جو پیغام لائے ہیں ان کا بھی انکار کر دیا ہے پس اب یہ جلدی اپنے انجام کو دیکھ لیں گے۔

جبکہ طوق اور زنجیریں ان کی گردنوں میں ہونگی اور وہ (ان زنجیروں کے ذریعہ سے جلانے والے)۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی