۴۱۔ سورۃ فصلت
تفسیر صغیر, حصہ 3
پس اگر یہ لوگ صبر سے کام لیں تو آگ ان کا ٹھکانا ہے اور اگر یہ خدا کے حضور میں حاضر ہونا چاہیں تو ان کو خدا کے حضور میں حاضر ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اور ہم نے ان کے ساتھ کچھ ایسے ہم نشین لگا دئیے جنہوں نے ان کے اعمال کو خوبصورت کرکے دکھایا۔ اور اُن کے اوپر وہی حکم جاری ہو گیا جو جنوں اور انسانوں میں سے ان سے پہلے گذری ہوئی قوموں پر جاری ہوا تھا (یعنی یہ) کہ وہ گھاٹا پانے والوں میں سے ہو جائیں گے۔
اور کفار نے کہا، اس قرآن کی تعلیم مت سنو اور اس کے سنانے کے وقت شور مچا دو۔ تا کہ اس طرح تم غالب آجاؤ۔
سو اس کے نتیجہ میں ہم کفار کو ضرور سخت عذاب کا مزہ چکھائیں گے اور ان کے بدترین اعمال کی جزا ان کو دیں گے۔
(اور) اللہ کے دشمنوں کی جزا یہی ہے یعنی آگ، اس میں ایک لمبے عرصہ تک رہنے والا گھر ان کو ملے گا یہ جزا انہیں اس لئے ملے گی کہ وہ ہماری آیتوں کا بضد انکار کرتے تھے۔
اور کفار کہیں گے کہ اے ہمارے رب! تو ہمیں جن و انس میں سے وہ لوگ دکھا جو ہمیں گمراہ کیا کرتے تھے۔ تا کہ ہم ان کو اپنے پیروں کے نیچے مسلیں اور اس کے نتیجہ میں وہ ذلیل ترین[1] لوگ بن جائیں۔
[1] چونکہ دنیا میں گمراہ کرنے والے لوگ بڑے معزّز سمجھے جاتے ہیں۔ قیامت کے دن ادنیٰ درجہ کے لوگ جو اُن کی اتباع کیا کرتے تھے، خداتعالیٰ سے درخواست کریں گے کہ اگر تو ان کو ہمارے حوالہ کرے تو ہم ان کو پیروں کے نیچے مسلیں تا کہ ان کی ساری عزت جاتی رہے اور وہ ذلیل ترین آدمی بن جائیں۔
وہ لوگ جنہوں نے کہا کہ اللہ ہمارا رب ہے پھر مستقل مزاجی سے اس عقیدہ پر قائم ہو گئے، اُن پر فرشتے اتریں گے یہ کہتے ہوئے کہ ڈرو نہیں اور کسی پچھلی غلطی کا غم نہ کرو اور اس[1] جنت کے ملنے سے خوش ہو جاؤ، جس کا تم سے وعدہ کیا گیا تھا۔
[1] قرآن مجید میں دو جنتوں کا ذکر ہے دُنیوی اور اُخروی۔ اس جگہ جنّت سے ہر دو مراد لی جا سکتی ہیں۔
ہم دنیا میں بھی تمہارے دوست ہیں اور آخرت میں بھی تمہارے دوست رہیں گے اور اس (جنت) میں جو کچھ تمہارے جی چاہیں گے تم کو ملے گا اور جو کچھ تم مانگو گے وہ بھی تم کو اس میں ملے گا۔
یہ بخشنے والے (اور) بے انتہا کرم کرنے والے خدا کی طرف سے مہمانی کے طور پر ہوگا۔
اور اس سے زیادہ اچھی بات کس کی ہوگی جو کہ اللہ کی طرف لوگوں کو بلاتا ہے اور اپنے ایمان کے مطابق عمل کرتا ہے اور کہتا ہے کہ میں تو فرمانبرداروں میں سے ہوں۔
اور نیکی اور بدی برابر نہیں ہو سکتی۔ اور تو برائی کا جواب نہایت نیک سلوک سے دے اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ وہ شخص کہ اس کے اور تیرے درمیان عداوت پائی جاتی ہے، وہ تیرے حسن سلوک کو دیکھ کر ایک گرم جوش دوست بن جائے گا۔
اور (باوجود ظلموں کے سہنے کے) اس (قسم کے سلوک) کی توفیق صرف انہی کو ملتی ہے جو بڑے صبر کرنے والے ہیں اور یا پھر ان کو ملتی ہے جن کو (خدا کی طرف سے نیکی کا) ایک بہت بڑا حصہ ملا ہو۔