۴۲۔ سورۃ الشورى
تفسیر صغیر, حصہ 3
کیا وہ کہتے ہیں کہ اس شخص (یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم) نے خدا پر جھوٹ باندھا ہے۔ پس اگر اللہ چاہے تو تیرے دل پر مہر[1] لگا دے۔ اور اللہ ہمیشہ باطل کو مٹا دیتا ہے اور حق کو اپنے نشانوں کے ذریعہ قائم کر دیتا ہے۔ وہ دلوں کی باتوں کو جانتا ہے۔
[1] یعنی اگر جھوٹ بولتا تو اس کا تقویٰ ضائع ہو جاتا اور دل پر مہر لگ جاتی۔ مگر یہ تو نزول قرآن کے بعد تقویٰ میں بڑھ گیا ہے۔ پس دشمن کا الزام جھوٹا ہے۔ یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ قرآن کریم میں کفار کے لئے بھی مہر کا لفظ آتا ہے مگر وہاں اس کے یہ معنے ہیں کہ اس درجہ کے بعد ان کے دل میں کسی قسم کا تقویٰ داخل نہیں ہو سکتا۔ لیکن محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق یہ مراد ہے کہ یہ اس مقام پر پہنچ گیا ہے کہ اس کے دل میں کسی قسم کا کفر داخل نہیں ہو سکتا۔ جیسے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ میرا شیطان بھی مسلمان ہو گیا ہے یعنی وہ جو بات بھی میرے دل میں ڈالتا ہے وہ نیکی کی صورت میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ (مسلم۔ کتاب صفات المنافقین، باب تحریش الشیطان و بعثہ۔ مسند احمد بن حنبل جلد ۶ ص۱۱۵ مطبوعہ بیروت)
اور وہی ہے جو اپنے بندوں کی توبہ کو قبول کرتا ہے اور ان کی غلطیوں کو معاف کرتا ہے اور جو کچھ تم کرتے ہو اسے جانتا ہے۔
اور مومنوں اور ایمان کے مطابق عمل کرنے والوں کی دعاؤں کو قبول کرتا ہے اور اپنے فضل سے (جتنے بدلہ کے وہ مستحق ہوتے ہیں اس سے بھی) زیادہ ان کو دیتا ہے، اور کافروں کے لئے سخت عذاب مقرر ہے۔
اور اگر اللہ اپنے بندوں کے لئے رزق کو بہت وسیع کر دیتا تو وہ ملک میں بہت سرکشی کرنے لگ جاتے، لیکن وہ جو کچھ چاہتا ہے اندازہ کے مطابق اتارتا ہے وہ اپنے بندوں کے حالات سے باخبر (اور) ان کے حالات کو دیکھنے والا ہے۔
اور وہی ہے جو مایوسی کے بعد بارش اتارتا ہے اور اپنی رحمت کو پھیلا دیتا ہے، اور وہی (سچا) پناہ دینے والا (اور) سب تعریفوں کا مالک ہے۔
اور آسمانوں اور زمین کی پیدائش اور جو کچھ ان دونوں کے درمیان جانداروں کی قسم سے اس نے پھیلایا ہے اس کے نشانوں میں سے ہے اور جب وہ چاہے گا ان سب کے جمع کرنے پر قادر ہوگا[1]۔
[1] جمع کرنے کے معنے عام طور پر قیامت کے ہوتے ہیں لیکن اس جگہ دَآبَّۃ کا لفظ ہے جس سے یہ شبہ پیدا ہو سکتا ہے کہ کیا جانوروں کا بھی حشر ہوگا۔ سو اس کا پہلا جواب تو یہ ہے کہ دَآبَّۃ کا لفظ قرآن کریم میں انسانوں کے لئے بولا گیا ہے۔ اور دوسرا جواب یہ ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ قیامت کے دن جانوروں کا بھی حساب ہوگا۔ چنانچہ آپ نے فرمایا کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ قیامت کے دن ایک بکری دوسری بکری کو سینگ مار رہی ہے اس لئے کہ اسے دوسری بکری نے دنیا میں سینگ مارا تھا۔ پس دونوں صورتوں میں اس آیت کے معنے درست ہیں۔ (ترمذی۔ ابواب صفۃ القیامۃ۔ باب ما جاء فی شاٴن الحساب و القصاص)
اور ہر مصیبت جو تم کو پہنچے وہ تمہارے اعمال کے سبب سے ہوتی ہے اور اللہ تمہارے اکثر قصوروں کو معاف کرتا ہے۔
اور تم (اللہ کو) اس کے ارادے میں کہیں بھی زمین پر ناکام نہیں کر سکتے اور اللہ کے سوا تمہیں کوئی پناہ دینے والا نہیں، نہ کوئی تمہارا مددگار ہے۔
اور اس کے نشانات میں سے پہاڑوں کی طرح سمندر میں چلنے والی کشتیاں ہیں (یعنی جو بہت اونچی اونچی ہوتی ہیں)
اگر وہ چاہے تو ہوا کو ٹھہرا دے اور وہ سمندر کی سطح پر کھڑی کی کھڑی رہ جائیں۔ اس میں ہر صبر کرنے والے قدر دان کے لئے نشانات ہیں۔
یا اگر وہ چاہے تو کشتی [2]والوں کو ان کے اعمال کی وجہ سے ہلاک کر دے اور وہ بہت سے گناہوں کو معاف کر دیتا ہے۔
[2] ہم نے ’’کشتی والے‘‘ معنے کیے ہیں۔ لیکن قرآن مجید میں ہے کہ کشتیوں کو ہلاک کر دیں، ہم نے یہ معنے اس لئے کیے ہیں کہ کشتی والوں کا رزق کشتی کے ساتھ وابستہ ہوتا ہے اگر کشتیاں تباہ ہو جائیں تو کشتی والے بھی تباہ ہو جاتے ہیں۔ پس حذف مضاف کے ذریعہ سے ہم نے ترجمہ ٹھیک کرلیا ہے اسی طرح اس آیت میں ہے کہ ہم کشتیوں کو ان کے اعمال کی وجہ سے تباہ کریں گے۔ اور اعمال کشتی والے کرتے ہیں نہ کہ کشتیاں۔ پس اس دلالت نے بھی بتا دیا ہے کہ اس جگہ کشتی والوں کا ذکر ہے نہ کہ کشتیوں کا۔
اور تا وہ لوگ جو ہمارے نشانوں میں بحث کرتے ہیں جان لیں کہ ان کے لئے بھاگنے کی کوئی جگہ نہیں۔