۴۳۔ سورۃ الزخرف

تفسیر صغیر, حصہ 3

(اس پر ہر رسول نے) جواب دیا کہ کیا اگر میں تمہارے پاس اس سے بہتر تعلیم لے آؤں جس پر تم نے اپنے باپ دادوں کو پایا تھا (تب بھی تم اس پر مصر رہو گے؟) تو انہوں نے جواب دیا کہ جس تعلیم کے ساتھ تم کو بھیجا گیا ہے، ہم اس کے منکر ہیں!

اور ہم نے ان سے بدلہ لیا۔ پس دیکھ لے کہ جھٹلانے والوں کا انجام کیا ہوا۔

اور (یاد کرو) جب ابراہیم نے اپنے باپ سے اور اپنی قوم سے کہا تھا کہ جن (ہستیوں) کی تم عبادت کرتے ہو، میں ان سے بیزار ہوں

سوائے اس (خدا) کے جس نے مجھے پیدا کیا ہے اور وہ مجھے یقیناً ہدایت دے گا۔

اور ابراہیم نے اس تعلیم کو اپنی نسل میں ایک مستقل یادگار چھوڑا تا کہ وہ (شرک سے) باز آجائیں۔

حقیقت یہ ہے کہ میں نے ان لوگوں کو اور ان کے باپ دادوں کو دنیوی فائدہ پہنچایا یہاں تک کہ ان کے پاس حق بھی اور کھول کر بیان کرنے والا رسول بھی آگیا۔

اور جب ان کے پاس حق آگیا تو انہوں نے کہا یہ تو محض دلفریب باتیں ہیں اور ہم اس کے منکر ہیں۔

اور یہ بھی اعتراض کیا کہ یہ قرآن دونوں[1] بڑے بڑے شہروں میں سے کسی بڑے آدمی پر کیوں نازل نہیں ہوا؟

[1] یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک یتیم پر کیوں نازل ہوا۔ ہم سردارانِ قوم کو منوانا تھا تو طائف اور مکہ کے کسی بڑے رئیس پر یہ کلام نازل ہوتا یہ پرانا اعتراض ہے اور اب تک کیا جاتا ہے اس زمانہ کے لوگ بھی مصلحین پر یہی اعتراض کرتے ہیں۔

کیا وہ تیرے رب کی رحمت کو تقسیم کرتے ہیں؟ (یہ کس طرح ہو سکتا ہے؟) ہم نے ان کے درمیان دنیوی زندگی سے تعلق رکھنے والے ان کی معیشت کے سامان تقسیم کیے ہیں اور ان میں سے بعض کو بعض پر فوقیت دی ہے جس کے نتیجہ میں ان میں سے بعض (بڑے) بعض (چھوٹوں) کو حقیر سمجھنے لگتے ہیں اور تیرے رب کی رحمت اس سب مال و متاع سے جو وہ جمع کرتے ہیں اچھی ہے۔

اور اگر یہ خوف نہ ہوتا کہ سب کے سب ایک ہی طریقہ کے ہو جائیں گے، تو ہم رحمن (خدا) کا کفر کرنے والے لوگوں کی چھتوں اور سیڑھیوں کو جن پر وہ چڑھتے چاندی کا بنا دیتے۔

اور اُن کے گھروں کے دروازوں کو بھی (چاندی کا بنا دیتے) اور (اسی طرح) وہ چھپرکھٹ جن پر وہ تکیے لگاتے ہیں (ان کو بھی چاندی کا بنا دیتے)۔

بلکہ سونے کا بنا دیتے، لیکن یہ سب کچھ ورلی زندگی کا سامان ہے اور آخرت (کا آرام) تیرے رب کے فیصلہ کے مطابق متقیوں کے لئے مخصوص ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی