۴۳۔ سورۃ الزخرف

تفسیر صغیر, حصہ 4

اور جو کوئی رحمن (خدا) کے ذکر سے منہ موڑ لیتا ہے ہم اس پر ایک شیطانی خصلت وجود کو مستولی کر دیتے ہیں اور وہ اس کا ہر وقت کا ساتھی ہو جاتا ہے۔

اور وہ (شیاطین[1]) ان کو کامل (اور سچے) راستہ سے روکتے رہتے ہیں۔ مگر باوجود اس کے وہ گمان کرتے ہیں کہ وہ سچے راستہ پر چل رہے ہیں۔

[1] پہلے شیطان کا لفظ گزرا ہے مگر شیطان چونکہ اسم جنس ہے اس لئے دوسرے حصہ آیت میں اس کی طرف جمع کی ضمیر پھیری گئی ہے۔

مگر (یہ اسی وقت تک ہوتا ہے جب تک ایسا انسان زندہ رہتا ہے) جب وہ ہمارے پاس آجاتا ہے تو (ساری غلط فہمیاں دور ہوجاتی ہیں اور وہ) کہنے لگتا ہے اے کاش! مجھ میں اور (اے شیطان) تجھ میں مشرق و مغرب کا بعد ہوتا۔ پس (خود انسان کی شہادت سے ثابت ہو گیا کہ) وہ (شیطان) بہت برا ساتھی ہے۔

اور (ہم اس دن انسانوں سے کہیں گے کہ) جب تم ظلم کر چکے ہو تو یہ بات کہ تم اور تمہارے بہکانے والے عذاب میں شریک ہو تم کو کوئی نفع نہیں پہنچا سکتی۔

کیا تو بہرے کو سنا سکتا ہے اور اندھے کو راستہ دکھا سکتا ہے اور اسی طرح جو کھلی گمراہی میں مبتلا ہو (اس کو راستہ دکھا سکتا ہے)۔

پس اگر ہم تجھ کو اس دنیا سے لے بھی جائیں (یعنی وفات دے دیں) تو بھی ہم ان سے بدلہ ضرور لیں گے۔

یا ہم تجھے وہ چیز دکھا دیں گے جس کا ہم نے ان سے وعدہ کیا [1]ہے (یاد رکھیں) ہم ان پر پوری طرح تصرف رکھتے ہیں۔

[1] یعنی موعود عذاب کفار پر تیری زندگی میں آجائیں گے یا تیری وفات کے بعد اور یہ دونوں باتیں خدا کی قدرت سے بعیدنہیں۔

اور تو اس کلام کو جو تیری طرف وحی کیا گیا ہے مضبوطی سے پکڑ لے کیونکہ تو سیدھے راستہ پر ہے۔

اور یہ (کلام) تیرے لئے بھی شرف اور عزت کا موجب ہے اور تیری قوم کے لئے بھی، اور تم سے ضرور تمہارے اعمال کے متعلق سوال کیا جائے گا۔

اور جن رسولوں کو ہم نے تجھ سے پہلے بھیجا، ان سے پوچھ[2] کیا ہم نے رحمن (خدا) کے سوا اور معبودوں کا بھی (اپنی کتابوں میں) ذکر کیا تھا؟ جن کی عبادت کی جاتی تھی۔

[2] اس سے مراد یہ ہے کہ جو پہلے رسولوں کی تعلیم تھی اس کے متعلق کفار سے سوال کرو کہ تمہارے پاس وہ تعلیمیں موجود ہیں۔ کیا ان میں ایک سے زیادہ خداؤں کا ذکر ہے؟ اگر نہیں تو تم اپنے رسولوں کے خلاف تعلیم کیوں پھیلا رہے ہو؟

اور ہم نے موسیٰ کو اپنے نشان دے کر فرعون اور اس کے درباریوں کی طرف بھیجا تھا اور اس نے (ان کے پاس جاکر) کہا تھا کہ میں سب جہانوں کے رب کی طرف سے رسول ہو کر آیا ہوں۔

پھر جب وہ ان کے پاس ہمارے نشان لے کر آیا تو وہ سنتے ہی اس پر ہنسی کرنے لگ گئے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی