۴۳۔ سورۃ الزخرف
تفسیر صغیر, حصہ 5
اور ہم ان کو جو نشان بھی دکھاتے تھے وہ اپنے سے پہلے نشان سے بڑا ہوتا تھا اور ہم نے ان کو عذاب میں مبتلا کر دیا تھا تا کہ وہ (اپنی بداعمالیوں سے) لوٹ جائیں۔
باوجود اس کے وہ یہی کہتے جاتے تھے کہ اے جادوگر! اپنے رب کے سامنے ہمارے حق میں ان تمام وعدوں کا واسطہ دے کر دعا کر جو (وعدے) اس نے تجھ سے کیے ہیں (اگر عذاب ٹل گیا) تو ہم ضرور ہدایت پا جائیں گے۔
پھر جب ہم نے ان سے عذاب ٹلا دیا تو وہ فوراً عہد شکنی کرنے لگ گئے۔
اور فرعون نے اپنی قوم میں یہ اعلان کیا۔ کہ اے میری قوم! کیا مصر کی حکومت میرے قبضہ میں نہیں؟ اور یہ دریا (دیکھو) میرے تصرف کے ماتحت چل رہے ہیں۔ کیا تم دیکھتے نہیں؟
کیا میں اس شخص سے جو ذلیل ہے اور کھول کر بات بھی نہیں کر سکتا اچھا ہوں (یا وہ اچھا ہے؟)
(سو اگر وہ اچھا ہے) تو اس پر سونے کے کڑے کیوں نہیں نازل ہوئے۔ یا اس کے ساتھ فرشتے کیوں نہیں آئے جو اس کے ارد گرد (اس کی حفاظت کے لئے) جمع ہوں۔
سو اس طرح اس نے اپنی قوم کو بہکا دیا اور انہوں نے اس کی بات مان لی۔ وہ لوگ عہد خداوندی توڑنے والے تھے۔
پھر جب انہوں نے ہم کو غصہ دلایا تو ہم نے ان سے بدلہ لیا اور ان سب کو غرق کر دیا۔
اور ہم نے ان کو (ایک گذرا ہوا) افسانہ بنا دیا۔ نیز بعد میں آنے والوں کے لئے ایک عبرت کا ذریعہ (بھی) بنا دیا۔
اور جب بھی ابن مریم[1] کو مثال کے طور پر پیش کیا جاتا ہے تو تیری قوم اس (بات) پر شور مچانے لگتی ہے۔
[1] یعنی قرآن مجید میں ابن مریم کے دوبارہ آنے کی خبر جب پڑھتے ہیں تو شور مچا دیتے ہیں کہ کیا وہ ہمارے معبودوں سے اچھا ہے کہ ہمارے معبودوں کو تو جہنم میں پھینکا جاتا ہے اور اسے دنیا کی اصلاح کے لئے واپس لایا جاتا ہے۔ حالانکہ دونوں واقعات میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔ مسیحؑ خود اپنی بندگی کا اقرار کرتا ہے اور وہ مرد صالح تھا اس کا مقابلہ مشرکوں یا مشرکوں کے سرداروں سے نہیں ہو سکتا۔
اور یہ بھی کہنے لگ جاتی ہے کہ کیا ہمارے معبود[2] اچھے ہیں یا وہ (یعنی عیسیٰ) اچھا ہے۔ وہ یہ بات تیرے سامنے صرف جھگڑے کی غرض سے کرتے ہیں حقیقت یہ ہے کہ اس قوم میں حق کے خلاف بحثیں کرنے کی عادت ہے۔
[2] ’’ہمارے معبود‘‘ سے مراد وہ بزرگ ہیں جن کو وہ خداتعالیٰ کے مقابلہ میں عظمت دیتے ہیں خواہ ان کے آگے عملاً سجدہ نہ کرتے ہوں۔ جیسا کہ آج کل کے مشرک یعنی اہل تشیع وغیرہ جو کہتے ہیں کہ مہدی کے آنے پر سب رسول زندہ کیے جائیں گے اور اس کی اطاعت کریں گے۔
وہ (یعنی عیسیٰ) تو صرف ایک بندہ تھا جس پر ہم نے انعام کیا تھا اور اس کو بنی اسرائیل کے لئے بطور عبرت کے بنایا تھا۔