۴۳۔ سورۃ الزخرف

تفسیر صغیر, حصہ 6

اور اگر ہم چاہتے[3] تو تم میں سے بھی بعض کو ملائکہ بنا دیتے جو زمین میں تمہاری جگہ آباد ہوتے۔

[3] یعنی مسیحؑ پر فرشتے اُترے کیونکہ وہ روحانی طور پر فرشتہ بن گیا تھا۔ اگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ کے لوگ یا آپ کے بعد کے لوگ بھی مسیحؑ جیسے بن جاتے ہیں تو ان پر بھی فرشتے اترنے لگ جاتے اس میں کوئی تعجب کی بات نہیں۔ موجودہ مسلمان محض ہٹ دھرمی سے اِس اِمکان کے منکر ہیں۔

اور وہ (یعنی قرآن) آخری گھڑی[1] کا علم بخشتا [2]ہے پس تم ساعت کے متعلق شبہ نہ کرو اور (اے لوگو) تم میری اتباع کرو، یہی سیدھا راستہ ہے۔

[1] بعض علماء نے اس کے یہ معنے کیے ہیں کہ اِنَّہٗ کی ضمیر جس کو ہم نے قرآن کی طرف پھیرا ہے مسیحؑ کی طرف جاتی ہے اور آیت کا مطلب یہ ہے کہ مسیحؑ کو قیامت کا علم ہے۔ حالانکہ علم کے معنے مصدر کی حیثیت میں اسم فاعل کے بھی ہوتے ہیں جیسے کہ مفسرین خود بھی تسلیم کرتے ہیں اور اس صورت میں اس کے معنے وہی بن جاتے ہیں جو ہم نے کیے ہیں۔

[2] قیامت کا علم بخشنے کے یہ معنے ہیں کہ دنیا میں جو جو بڑی تباہیاں آنے والی ہیں ان کا ذکر قرآن مجید میں موجود ہے۔ مسلمانوں کی ابتدائی تباہی کا بھی اور ان کی آخری تباہی کا بھی۔ عیسائیوں کی ابتدائی تباہی کا بھی اور ان کی آخری تباہی کا بھی اور اسی طرح دوسری بڑی بڑی قوموں کی تباہی کا بھی۔

حق سے دور ہو جانے والا شخص تم کو سیدھے راستے سے روکے نہیں۔ وہ تمہارا کھلا کھلا دشمن ہے۔

اور جب عیسیٰ[3] (بعثت ثانیہ میں) نشانات کے ساتھ آئے[4] گا، تو وہ کہے گا کہ میں تمہارے پاس حکمت کی باتوں کے ساتھ آیا ہوں اور اس لئے آیا ہوں تا کہ تمہیں بعض وہ باتیں سمجھا دوں جن میں تم اختلاف کرتے ہو۔ پس اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور میری اطاعت کرو۔

[3] اس جگہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی بعثتِ ثانیہ کا ذکر ہے۔ کیونکہ اوپر کی آیت میں بھی اسی کا ذکر تھا۔

[4] کئی جگہ ثابت کیا جا چکا ہے کہ ماضی بمعنے مضارع بھی آتا ہے (دیکھئےفقہ اللغۃ للثعالبی صفحہ۲۱۵)

اللہ ہی میرا بھی اور تمہارا بھی رب ہے۔ پس اس کی عبادت کرو۔ یہی سیدھا راستہ ہے۔

سو یہ سن کر اس کے مخالف گروہ آپس میں مختلف باتیں کرنے لگ گئے پس جن لوگوں نے ظلم کیا ایک تکلیف دہ وقت کے عذاب کے ذریعہ سے ان کے لئے ہلاکت مقرر ہے۔

وہ فقط قیامت کا انتظار کر رہے ہیں جس کے لئے اچانک آنا مقدر ہے۔ مگر وہ اسے سمجھتے نہیں۔

بہت سے دوست اس دن آپس میں ایک دوسرے کے دشمن ہوں گے سوائے متقیوں کے۔

(کہ ان سے خدا کہے گا) اے میرے بندو! آج تمہیں کسی خوف کا سامنا نہیں اور نہ کسی پچھلی غلطی کے غم میں تم مبتلا ہو سکتے ہو۔

(یہ انعام پانے والے وہ لوگ ہوں گے) جو ہماری آیتوں پر ایمان لائے تھے اور جنہوں نے فرمانبرداری کی سی زندگی بسر کی تھی۔

(اللہ ان سے کہے گا) تم بھی اور تمہارے ساتھی بھی خوشیاں مناتے ہوئے جنت میں داخل ہو جاؤ۔

ان کے پاس سونے کے طشت اور کوزے باربار لائے جائیں گے اور اس (جنت) میں جو کچھ دل چاہے گا اور آنکھیں پسند کریں گی موجود ہوگا اور (کہا جائے گا کہ) تم اس میں ہمیشہ رہتے چلے جاؤ گے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی