۴۴۔ سورۃ الدخان
تفسیر صغیر, حصہ 3
اور سمندر کو ٹیلوں پر سے گذرتے ہوئے پیچھے چھوڑ[1] جا (یعنی ٹیلوں پر سے چلتے چلتے سمندر سے گذر جا) وہ (یعنی فرعون کا) لشکر تو غرق ہی ہو کر رہے گا۔
[1] دیکھئے تفسیر کبیر جلد اول ص۴۱۷ تا ۴۲۲۔
انہوں نے (یعنی فرعون کی قوم نے) اپنے پیچھے بہت سے باغ اور چشمے چھوڑیں (ہیں)
اور کھیتیاں اور بڑے آرام دہ مقام (بھی)
اور ایسی رہائش والی جگہیں جن میں خوب خوش رہا کرتے تھے
اسی طرح ہوا، اور ہم نے ان سب چیزوں کا وارث ایک[1] اور قوم کو کر دیا۔
[1] اس سے مراد استعارۃً بنی اسرائیل بھی ہیں جن کو بعد میں بڑی عزت ملی اور انہوں نے مصر کو ایک دفعہ تہ و بالا کر دیا اور اس سے مراد فرعون اور اس کی قوم کی نسل بھی ہے کہ گو انہوں نے فرعون جیسی شان نہیں پائی مگر پھر بھی ایک حد تک مصر پر حکومت کرتے رہے۔
پس آسمان اور زمین ان پر نہیں روئے[2]۔ اور ان کو ڈھیل نہیں دی گئی۔
[2] یعنی نہ آسمانی لوگوں کو غم ہوا نہ زمینی لوگوں کو۔
اور ہم نے بنی اسرائیل کو فرعون کی طرف سے ملنے والے رُسوا کن عذاب سے نجات دی تھی۔
اور وہ (یعنی فرعون) بڑا متکبر تھا اور حد سے بڑھا ہوا تھا۔
اور ہم نے بنی اسرائیل کو اپنے زمانہ کی تمام قوموں پر ان کے حالات کی بنا پر فضیلت دی تھی۔
اور ہم نے ان کے پاس ایسے نشانوں میں سے ایک نشان بھیجا تھا جس میں ان کی بڑی آزمائش تھی۔
یہ لوگ (یعنی اہل مکہ) کہتے ہیں۔
ہم کو صرف پہلی موت سے واسطہ پڑے گا اور ہم کو پھر زندہ کرکے نہیں کھڑا کیا جائے گا۔