۴۷۔ سورۃ محمد
تفسیر صغیر, حصہ 3
کیا وہ قرآن پر غور نہیں کرتے، کیا ان کے دلوں پر ایسے قفل ہیں جو ان کے دلوں [2]ہی کی پیداوار ہیں۔
[2] یعنی خدا نے نہیں لگائے بلکہ ان کی بدعملی سے وہ قفل ان کے دل پر لگے ہیں۔
وہ لوگ جو ہدایت ظاہر ہونے پر پھر گئے۔ شیطان نے ان کو ان کا عمل اچھا کرکے دکھایا ہے۔ اور ان کو (جھوٹی) امیدیں دلائی ہیں۔
یہ اس لئے (ہوا) ہے کہ وہ ان لوگوں کو جو خدائی تعلیم کو ناپسندیدگی کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں کہہ رہے ہیں کہ ہم تمہاری بعض[3] باتوں میں اطاعت کریں گے اور اللہ ان کی راز داری کو جانتا ہے۔
[3] مطلب یہ کہ اسلام کے مقابلہ میں ہم ایک حد تک تمہارا ساتھ دیں گے۔ ہاں پھنس ہی گئے تو مجبوری ہے۔
سو اس وقت کیا حال ہوگا۔ جب کہ فرشتے ان کی روح قبض کر رہے ہوں گے (اور) ان کے مونہوں اور ان کی پیٹھوں پر کوڑے لگا رہے ہوں گے۔
یہ اس لئے ہوگا کہ جس بات کو اللہ نے ناپسند کیا وہ اس کے پیچھے چل پڑے اور خدا کی رضا (کی جستجو) کو ناپسند کیا سو خدا نے بھی ان کے اعمال ضائع کر دئیے۔
کیا وہ لوگ جن کے دلوں میں بیماری ہے سمجھتے ہیں کہ اللہ ان کے دلوں کے مخفی کینوں کو کبھی ظاہر نہیں کرے گا۔
اور اگر ہم چاہیں تو ان کا وجود تجھ پر ظاہر کر دیں۔ اور تو ان کو ان کے چہروں سے پہچان لے اور (اب بھی) تو ان کو ان کے کلام کی ادا سے پہچان لیتا ہے، اور اللہ تمہارے اعمال کو جانتا ہے۔
اور ہم تمہاری آزمائش کریں گے، اس وقت تک کہ ہم تم میں سے خدا کی راہ میں جہاد کرنے والوں اور صبر کرنے والوں کو جان[1] لیں۔ اور ہم تمہارے اندرونی حالات کی ضرور آزمائش کریں گے۔
[1] یعنی ظاہر کردیں۔
جن لوگوں نے کفر کیا ہے اور اللہ کے راستہ سے (لوگوں کو) روکتے ہیں اور رسول سے ہدایت کے ظاہر ہو جانے کے بعد اختلاف کرتے ہیں۔ یہ لوگ اللہ کو کچھ بھی نقصان نہیں پہنچائیں گے، بلکہ وہ (اللہ) ان کے اعمال کو ضائع کر دے گا۔
اے ایمان دارو! اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو، اور اپنے اعمال کو ضائع نہ کرو۔
یقیناً جنہوں نے کفر کیا ہے اور اللہ کے رستہ سے لوگوں کو روکا ہے، پھر وہ اسی حالت میں مر بھی گئے کہ وہ کافروں میں سے تھے، تو اللہ ان کو کبھی معاف نہیں کرے گا۔
پس اے مومنو! سست مت ہو جس کے نتیجہ میں صلح کی طرف[1] بلانا شروع کر دو۔ آخر تم ہی غالب رہو گے اور اللہ تمہارے ساتھ ہے اور کبھی تمہارے اعمال میں کمی نہیں آنے دے گا۔
[1] اسلام صلح کی تعلیم تو دیتا ہے مگر اس سے روکتا ہے کہ بُزدل بن کر صلح کی طرف جایا جائے۔ اس آیت میں اسی بات سے روکا ہے۔