۵۱۔ سورۃ الذاريات

تفسیر صغیر, حصہ 3

کیا تیرے پاس ابراہیم کے معزز مہمانوں کی خبر پہنچی ہے۔

جب وہ اس کے پاس آئے تو انہوں نے کہا (ہم تجھے) سلام (کہتے ہیں) اس نے کہا (میں بھی کہتا ہوں کہ) تمہارے لئے (خدا کی طرف سے) دائمی [1]سلامتی مقدر ہے (اور دل میں کہا کہ) یہ لوگ اجنبی معلوم ہوتے ہیں۔

[1] یہ وہ بات ہے جو صرف خداتعالیٰ کہہ سکتا ہے مگر یہاں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی طرف منسوب ہے اس کے یہ معنے ہیں کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کو پتہ لگ گیا تھا کہ وہ لوگ کس اعلیٰ روحانی مقام پر فائز ہیں اور اللہ تعالیٰ کی رحمت کے سایہ میں آگئے ہیں۔ اس لئے یقین سے کہہ دیا کہ میں بھی کہتا ہوں کہ تمہارے لئے دائمی سلامتی مقدر ہے۔

پھر وہ چپکے سے اپنے گھروں کی طرف چلا گیا اور ایک بھنا ہوا بچھڑا لے آیا۔

اور اسے ان کے سامنے رکھ دیا (پھر) کہا، کیا آپ کچھ نوش نہیں فرمائیں گے؟

اور (دل میں) ان سے کچھ ڈرا (وہ اس حالت کو سمجھ گئے) اور کہنے لگے، ڈر نہیں۔ اور اسے ایک علم والے لڑکے کی بشارت دی۔

اتنے میں اس کی بیوی آگے آئی جس کے چہرہ پر شرم کے آثار [2]تھے۔ پس اس نے زور سے اپنے ہاتھ چہرے پر مارے اور بولی۔ میں تو ایک بانجھ بڑھیا ہوں۔

[2] قرآن مجید کہتا ہے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی بیوی فِیْ صَرَّۃٍ آئی اور لغت میں صَرَّۃٌ کے ایک معنے منہ کی سیاہی کے لکھے ہیں۔ پس مطلب یہ ہے کہ شرم و حیا سے اس کا چہرہ متغیر تھا۔

انہوں نے کہا (یہ سچ ہے کہ) تو ایسی ہی ہے لیکن تیرے رب نے (وہی) کہا ہے (جو ہم نے کہا ہے) وہ یقیناً بڑی حکمت والا (اور) بڑے علم والا ہے۔

(اس پر ابراہیم نے) کہا، اے رسولو! تمہارے ذمہ کیا بڑا کام لگایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا ہم ایک مجرم قوم کی طرف بھیجے گئے ہیں۔

تا کہ ان پر گیلی مٹی سے بنے ہوئے کنکر (پے در پے) برسائیں[3]۔

[3] دیکھئے سورۃ عنکبوت آیت ۳۲ نوٹ نمبر ۴۔

جن پر تیرے رب کی طرف سے حد سے بڑھنے والوں کو سزا دینے کے لئے نشان لگایا گیا ہے۔

اورہم نے اس بستی میں جتنے مومن تھے ان کو نکال لیا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی