۵۳۔ سورۃ النجم
تفسیر صغیر, حصہ 3
کیا انسان جو خواہش کرے اسے مل جاتی ہے؟
سو یاد رہے کہ آخرت اور دنیا کی نعمتیں اللہ ہی کے قبضہ میں ہیں۔
اور آسمان میں بہت سے فرشتے ہیں کہ ان کی شفاعت (کسی کو) کوئی فائدہ نہیں پہنچاتی۔ سوائے اس کے کہ اللہ ایسا کرنے کی اس شخص کے متعلق اجازت دے، جس کو وہ اپنی مرضی کے مطابق پاتا ہو اور پسند کرتا ہو۔
جو لوگ آخرت پر ایمان نہیں لاتے، وہ فرشتوں کے عورتوں جیسے نام رکھتے ہیں۔
اور اُن کو اس بارہ میں کوئی بھی علم نہیں، وہ صرف ایک وہم میں مبتلا ہیں اور وہم حق کے مقابلہ میں کچھ بھی فائدہ نہیں دیتا۔
اور جو شخص ہمارے ذکر [1]سے منہ پھیر لیتا ہے اور سوائے دنیا کی زندگی کے اور کچھ نہیں چاہتا تو بھی اس کی طرف سے منہ پھیر لے اور اس کی پیروی نہ کر۔
[1] قرآن کریم میں ذِکْر کا لفظ رسول کے معنے میں بھی استعمال ہوا ہے اور قرآن مجید کے معنے میں بھی استعمال ہوا ہے۔ پس اس جگہذِکْر سے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی مراد ہو سکتے ہیں اور قرآن کریم بھی۔ نیز دیکھئے سورۃ الصّٰفّٰت آیت۱۶۹ نوٹ۲۔
یہ ان لوگوں کے علم کی انتہا ہے۔ تیرا رب یقیناً اس شخص کو خوب جانتا ہے جو اس کے راستہ سے بھٹک جاتا ہے اور اس کو بھی خوب جانتا ہے۔ جو سیدھے راستے کو اختیار کر لیتا ہے۔
اور آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے سب اللہ کے قبضہ میں ہے اس کا یہ نتیجہ ہوتا ہے کہ جنہوں نے بدی کی وہ اس کے عمل کے مطابق ان کو بدلہ دیتا ہے اور جنہوں نے نیکی کی ان کو نیک بدلے دیتا ہے۔
(یعنی) ایسے لوگ جو بڑے بڑے گناہوں اور کھلی بدکاریوں سے بچتے رہتے ہیں مگر یہ کہ ذرا سا (گناہ کو) چھو جائیں (پھر پچھتانے لگیں) تیرا رب بڑی وسیع مغفرت والا ہے۔ وہ اس وقت سے تم کو خوب جانتا ہے جب اس نے تم کو زمین میں پیدا کیا اور جبکہ تم اپنی ماؤں کے پیٹ میں پوشیدہ تھے۔ پس اپنی جانوں کو پاک مت قرار دو۔ متقیوں کو اللہ ہی خوب جانتا ہے۔
کیا تو اس شخص کو جانتا ہے جس نے (تیری وحی سے) منہ پھیر لیا۔
اور (خدا کے رستہ میں) تھوڑا سا دیا اور پھر بخل سے کام لینے لگ گیا۔
کیا اس کے پاس علم غیب ہے؟ اور وہ (اپنا انجام) دیکھ رہا ہے۔